[pullquote]خواتين کا عالمی دن[/pullquote]
آج آٹھ مارچ کو دنيا بھر ميں خواتين کا عالمی دن منايا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے دنيا کے کئی بڑے شہروں ميں ویمن ريلياں نکالی جا رہی ہيں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اس بار يوم خواتين کا موضوع #EachforEqual رکھا گيا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اپنے حقوق اور مردوں کے ساتھ برابری کے حصول کے لیے خواتین کا متحد ہونا ضروری ہے۔ اس سال Generation Equality کے عنوان تلے ايک نئی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عورتوں کے حقوق کے ليے اس نسل کے تمام افراد کو متحد کرنا ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار چھ سو سے زائد[/pullquote]
دنیا بھر کے پچانوے ممالک میں پھیلی ہوئی کورونا وائرس کی نئی قسم سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار چھ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاک شدگان چین میں ہیں اور اُن کی تعداد تقریباً تین ہزار ایک سو ہے۔ اٹلی میں چین کے بعد سب سے زیادہ افراد کووڈ انیس بیماری سے ہلاک ہوئے اور یہ دو سو تینتیس ہیں۔ ایران ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرا ملک ہے اور اس میں زندگی کی بازی ہار جانے والے افراد ایک سو چورانوے ہیں۔ چین، اٹلی اور ایران کے بعد وائرس کی وبا نے جنوبی کوریا میں پچاس انسانوں کی جان لی ہے۔ جرمنی میں ابھی تک کوئی ہلاک نہیں ہوا لیکن مریضوں کی تعداد آٹھ سو تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا کے 95 ممالک میں کووڈ انیس مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد اب ایک لاکھ چھ ہزار کے قریب ہے۔
[pullquote]شمالی اٹلی پوری طرح بقیہ ملک سے الگ کر دیا گیا[/pullquote]
اطالوی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شمالی اٹلی کو عملاً قرنطینہ کر ديا ہے۔ اس طرح پندرہ ملین افراد کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔ اس پابندی کے زمرے میں سیاحت کے ليے مشہور شہر وینس اور اطالوی مالیاتی مرکز میلان بھی شامل ہیں۔ اتوار آٹھ مارچ کو روم حکومت نے وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک چوتھائی ملکی آبادی کو محدود مدت کے لیے سخت پابندیوں میں جکڑ دیا ہے۔ یورپ میں یہی شمالی علاقہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حکم کے بعد لمبارڈی اور قرب و جوار کے چودہ دوسرے صوبوں کی خصوصی نگرانی تین اپریل تک جاری رہے گی۔
[pullquote]شام میں ٹریفک حادثہ، تیس سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]
جنگ زدہ ملک شام میں ایک بڑے ٹریفک حادثے میں کم از کم بتیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر دو بسوں سے ٹکرانے کے بعد کئی دوسری موٹر گاڑیوں کو روندتا چلا گیا۔ حادثے کی وجہ تیل سے بھرے ٹینکر کی بریکوں کا فیل ہونا بتایا گیا ہے۔ جن کاروں کو اس ٹینکر نے روند ڈالا، اُن کی تعداد پندرہ ہے۔ شامی وزارت داخلہ کے مطابق ستتر افراد زخمی ہیں اور ان میں بعض کی حالت تشویناک ہے۔ اس باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عراقی شیعہ زائرین تھے۔ دمشق شہر کے نواح میں حادثہ اُس سڑک پر ہوا جو دارالحکومت کو حمص سے ملاتی ہے۔
[pullquote]یونانی جزیرے پر واقع مہاجرین کے مرکز میں آتش زدگی[/pullquote]
یونانی فائر فائٹر سروس کے مطابق لیسبوس کے جزیرے پر ايک مہاجر کیمپ میں لگی آگ پر قابو لیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ آگ نے اس مرکز کے گودام کو شدید نقصان پہنچایا لیکن کوئی انسان زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ اس مرکز میں رواں ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ آگ لگی ہے۔ گزشتہ پیر کو اسی ریفیوجی مرکز کے استقبالیے کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی تھی۔ لیسبوس کے اس مہاجر کيمپ میں آگ لگنے کے واقعات ایسے وقت پر رونما ہوئے جب یونان اور ترکی کی سرحد پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس کے باعث ریاست نيو يارک ميں ايمرجنسی نافذ[/pullquote]
کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے تناظر میں بڑی امریکی ریاستوں میں شمار کی جانے والی ریاست نيو يارک ميں ايمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نيو يارک کے گورنر اينڈرو کواومو نے ایمرجنسی کا نفاذ سات مارچ کو کیا۔ گورنر نے ریاستی انتظامیہ کو وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی عملے کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس رياست ميں کووڈ انیس نامی بیماری کے مريضوں کی تعداد 89 ہو گئی ہے۔ امريکا ميں اس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں اب انيس ہو گئی ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ایک دوسری ریاست واشنگٹن ہے جہاں اس بیماری سے مزید دو ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد سولہ ہو گئی ہے۔ نيو يارک سے قبل کيليفورنيا، ميری لينڈ، یُوٹا اور واشنگٹن کی رياستوں ميں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]صنفی مساوات کو بہتر کرنا وقت کی ضرورت ہے، گوٹیرش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا ایک مضمون جرمن اخبار فرانکفرٹر الگمائن سائٹنگ میں شائع ہوا۔ یہ مضمون خواتین کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے ہے۔ گوٹیرش نے صنفی مساوات کے لیے اقوام عالم میں پائے جانے والے موجودہ ریاستی و حکومتی انتظام میں مثبت تبدیلیاں متعارف کرانے کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اکیسویں صدی خواتین کے مساویانہ حقوق کے نام وقف ہونی چاہیے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے تناظر میں ناانصافیوں کو ختم کرنے کو بھی حقیقی تبدیلی سے جوڑا ہے۔ گوٹیرش کے مطابق دنیا کی مختلف پارلیمانوں میں ہر تین مردوں کے مقابلے میں ایک خاتون رکن ہے، جو برابری سے بہت دور ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ویمن ورلڈ کپ جیت لیا[/pullquote]
آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم نے بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں پچاسی رنز سے ہرا دیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 184 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ آسٹریلیا کی وکٹ کیپر بلے باز ایلیسا ہیلی پچھتر اور بیتھ مونی اٹھتر رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔ جواباً بھارتی ٹیم صرف ننانوے رنز بنا سکی۔ بھارتی ٹیم کو آؤٹ کرنے میں میگن شوٹ نمایاں رہیں۔ انہوں نے چار بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
[pullquote]چین: قرنطینہ کے لیے استعمال ہونے والا ہوٹل منہدم، نصف درجن ہلاک[/pullquote]
چین کے شہر چوان ژُو میں کورونا وائرس میں مبتلا قرنطینہ کیے گئے مریضوں کو جس ہوٹل میں محدود کیا گیا تھا، اُس کے منہدم ہونے سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ابھی ہوٹل کے ملبے تلے دبے اٹھائیس افراد کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں ہوٹل کے ملبے تلے ستر افراد کے دب جانے کا بتایا گیا تھا۔ چوان ژو میں گرنے والا ہوٹل سات منزلہ ہے اور یہ ہفتہ سات مارچ کی شام گرا تھا۔ امدادی ورکرز اتوار کی صبح تک تینتالیس افراد کو ملبے تلے سے زندہ نکال چکے تھے۔ زندہ بچ جانے والوں میں چھتیس زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ایک ہزار کارکن مصروف ہیں۔ اس ہوٹل میں کوارنٹائن میں رکھے افراد کی تعداد اٹھاون تھی۔
[pullquote]افغانستان: لوگر ميں صوبائی کونسل کا رکن ہلاک[/pullquote]
افغانستان کے وسطی صوبے لوگر کی صوبائی کونسل کا ايک رکن کابل میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہيں۔ کابل پوليس کی ترجمان فردوس فارامارز نے صوبائی کونسل کے رکن محمد ناصر غيرت کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں کی فی الحال شناخت نہیں کی جا سکی ہے اور نہ اس حملے کے محرکات معلوم ہوئے ہیں۔ کابل پولیس نے اس حملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ لوگر صوبے کے گورنر نے بھی غيرت کے قتل کی تصديق کر دی ہے۔ انہوں نے مزيد بتايا کہ فائرنگ کے واقعے ميں غيرت کے تین محافظ بھی مارے گئے۔ فی الحال اس واردات کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔