بدھ : 11 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی کی 70 فیصد تک آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتی ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ جرمنی کی مجموعی آبادی کا 70 فیصد تک اس کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے برلن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چونکہ اس وائرس کی انفیکشن کا ابھی تک کوئی علاج معلوم نہیں اس لیے اس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں مگر ساتھ ہی یہ کوشش بھی ہو گی کہ صحت کے نظام پر ضرورت سے زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ کورونا وائرس اس وقت دنیا کے 107 ممالک تک پہنچ چکا ہے اور اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

[pullquote]ایران میں کورونا وائرس سے 63 نئی اموات[/pullquote]

ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس نے مزید 63 افراد کی جان لے لی ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرین کی کُل تعداد نو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سترہ ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار دو سے بڑھ چکی ہے۔ جرمنی میں بھی یہ وائرس اب تک تین افراد کی جان لے چکا ہے جبکہ یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 سو تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]افغان صدر اشرف غنی نے 1500 طالبان کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے 1500 طالبان کی رہائی کے لیے ایک حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ افغان صدر کے مطابق یہ فیصلہ بین الافغان مذاکرات کے سلسلے میں خیر سگالی کے طور پر کیا گیا ہے۔ طالبان اور امریکا کے درمیان 29 فروری کو طے پانے والے امن معاہدے میں 5000 ہزار طالبان قیدیوں جبکہ طالبان کی قید میں موجود 1500 افغانوں کو رہا کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ صدر اشرف غنی کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق بقیہ طالبان قیدیوں کی رہائی بین الافغان مذاکرات شروع ہونے کے بعد بتدریج عمل میں آئے گی جس کا دارومدار طالبان کی طرف سے تشدد میں کمی پر بھی ہو گا۔ طالبان کے مطابق قیدیوں کی مشروط رہائی کا اعلان امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

[pullquote]امریکا اور طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کی سلامتی کونسل نے حمایت کر دی[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے واشنگٹن انتظامیہ اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو طے پانے والے امن معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔ اس حوالے سے امریکا نے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی تھی، جس کی تمام ارکان نے متفقہ طور پر حمایت کی۔ افغانستان میں طالبان گزشتہ اٹھارہ برسوں سے امریکا اور افغان سکیورٹی فورسز سے لڑ رہے ہیں اور امریکا اس معاہدے سے جنگ کے خاتمے کا متمنی ہے۔ سلامتی کونسل میں پیش کردہ امریکی قرارداد میں جنگ کے خاتمے اور اندرون افغانستان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے جیسے اہم اقدامات کا خیر مقدم کیا گيا ہے۔

[pullquote]اٹلی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 25 بلین یورو مختص کر دیے[/pullquote]

یورپی ملک اٹلی نے کورونا وائرس کی نئی قسم سے نمٹنے کے لیے اضافی 25 بلین یورو مختص کر دیے ہیں۔ اس وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے سبب اٹلی میں اب تک 631 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں جاری طبی بحران سے نمٹنے کے لیے منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس کے بعد اطالوی وزیر اعظم جوزیپے کونٹے نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے ایمرجنسی اقدامات کے تحت 25 بلین یورو کی رقم مختص کر دی ہے۔ اٹلی یورپ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ویسٹ بینک کے فلسطینی علاقے میں ایک نوجوان مارا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 15 سالہ محمد حمائل اسرائیلی فوج کی طرف سے چلائی گئی گولی چہرے پر لگنے کے سبب مارا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اس واقعے کا جائزہ لے رہی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کی طرف کورونا وائرس کے خلاف مربوط کوششوں کا آغاز[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک نے کورونا وائرس کی وبا کے مقابلے کے لیے مربوط کوششیں شروع کر دی ہیں۔ یورپی کونسل کے صدر شارل مشیل کے مطابق ایک کانفرنس کال میں ان ممالک کے سربراہان نے اس حوالے سے ہر ضروری اقدام فی الفور کرنے پر اتفاق کیا۔ ان ممالک کے وزرائے صحت اور داخلہ اب روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں رہیں گے۔ یورپی کمیشن اس وبا کے سبب ہونے والے معاشی نقصانات پر قابو پانے کے لیے 25 بلین یورو کا ایک فنڈ بھی قائم کرنا چاہتا ہے۔

[pullquote]اٹلی میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتیں بڑھتی ہوئی[/pullquote]

یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 631 ہو گئی ہے۔ اٹلی یورپ میں کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ عالمی سطح پر یہ وائرس اب تک ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد انسانوں کو متاثر کر چکا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4,251 ہو گئی ہے۔ یہ وائرس اب تک دنیا کے 107 ممالک تک پہنچ چکا ہے۔ امریکا میں بھی کووِڈ 19 سے ہونے والی ہلاکتیں بڑھ کر کم از کم 28 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

[pullquote]چین نے اہم صنعتی اداروں کو ووہان میں کام دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی[/pullquote]

چینی حکومت نے ملک کے وسطی شہر ووہان میں اہم صنعتیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ صوبہ ہوبے کے حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت ووہان سمیت اس صوبے میں روز مرہ استعمال کی اشیاء اور میڈیکل سپلائی تیار کرنے والے ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ دوبارہ سے کام شروع کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی یا بین الاقوامی سطح پر اہم مصنوعات تیار کرنے والی صنعتیں بھی اجازت نامہ حاصل کر کے کام کا آغاز کر سکتی ہیں۔ ووہان شہر میں ہی پہلی بار کورونا وائرس سامنے آیا تھا۔

[pullquote]ایچ آئی وی سے متاثرہ مریض مکمل طور پر صحت یاب[/pullquote]

لندن میں ایچ آئی وی سے متاثرہ ایک مریض مکمل طور پر اس انفیکشن سے صحتیاب ہو گیا ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے ڈاکٹرز کے مطابق اس مریض میں ایچ آئی وی کے خاتمے کی تھیراپی مکمل ہونے کے ڈھائی برس بعد اس انفیکشن کا کوئی نشان نہیں ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گیا ہے۔ اس علاج میں ایک مخصوص اسٹیم سیل نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق تاہم یہ طریقہ ایچ آئی وی سے متاثر زیادہ تر لوگوں کے لیے قابل عمل نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے