جمعرات : 26 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس بحران، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے متجاوز[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ اس وقت دنیا کی ایک تہائی آبادی لاک ڈاون میں ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں کووڈ انیس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اکیس ہزار جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ بہتر ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ اس وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ممالک میں چین، اٹلی، اسپین، جرمنی، امریکا اور ایران شامل ہیں۔ تمام تر کوششوں کے باوجود اس وبائی مرض کی ابھی تک کوئی دوا تیار نہیں کی جا سکی۔

[pullquote]روس نے بیرون ملک تمام پروازیں منسوخ کر دیں[/pullquote]

روس نے جمعے کے روز سے بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء روس نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر تاریخی آئینی ترامیم کے لیے ملک میں ہونے والا ریفرنڈم بھی ملتوی کر دیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس، ایران میں مزید 157 افراد ہلاک[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم کی وجہ سے ایران میں مزید ایک سو ستاون افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہاں اس مہلک بیماری سے ہلاک ہونے والے افراد کی سرکاری تعداد دو ہزار دو سوچونتیس ہو گئی ہے۔ ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے دو ہزار تین نوے کیس سامنے آئے ہیں۔ ایران کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں کورونا وائرس سب سے پہلے پھیلا تھا اور وہاں متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا تیس ہزار ہو چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق وہاں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]اٹلی میں کورونا کی وبا، نئے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں معمولی کمی[/pullquote]

یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد میں معمولی سی کمی آئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق نئے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں چوتھے روز سات اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا، جو کہ اس وبا کے آغاز سے اب تک کم ترین اضافہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس ملک میں مزید چھ سو چوراسی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی اس نئی قسم سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد سات ہزار پانچ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ وہاں متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا چوہتر ہزار ہو چکی ہے۔

[pullquote]امریکی سینیٹ میں دو ٹریلین ڈالر کا امدادی مالی پیکیج منظور[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر امریکی سینیٹ نے دو ٹریلین ڈالر کی خطیر رقم کے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ اس کا مقصد ملکی معیشت کو سہارا دینا ہے۔ ایوان نمائندگان میں منظوری کے لیے یہ اسی ہفتے پیش کر دیا جائے گا۔ اس امدادی پیکیج سے بے روزگاری انشورنس کے ساتھ ساتھ متاثرہ ریاستوں کے محکمہ صحت کی مدد بھی کی جائے گی۔ نقصان اٹھانے والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے قرضوں کے لیے درخواست دے سکیں گے جبکہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کی براہ راست مدد بھی کی جائے گی۔

[pullquote]یمن: سعودی عرب کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر سعودی عسکری اتحاد نے یمن میں جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ نے سعودی حکومت سے ایسا کرنے کے لیے ایک خصوصی اپیل کی تھی۔ حوثی باغیوں نے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں اور سعودی عسکری اتحاد کے مابین گزشتہ پانچ برس سے جاری جنگ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور یہ ملک بالکل تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس بحران، کوسووو حکومت کا خاتمہ[/pullquote]

کوسووو میں چھ ہفتے بعد ہی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ حکومت کو کووڈ انیس یا کورونا وائرس کے خلاف واضح حکمت عملی نہ اپنانے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔ حکومت کے خلاف پیش کی جانے والے عدم اعتماد کی قرارداد میں ایک سو بیس اراکین پارلیمان میں سے بیاسی نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔ حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر ملک میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

[pullquote]جولیان آسانج ضمانت پر رہائی حاصل کرنے میں ناکام[/pullquote]

امریکی خفیہ دستاویزات منظر عام پر لانے والے وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج ضمانت پر رہائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ لندن میں خاتون جج نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال ایسا ضروری نہیں ہے کہ ان کو رہا کرتے ہوئے گھر پر نظر بند کر دیا جائے۔ خاتون جج کا کہنا تھا کہ آسانج سن دو ہزار بارہ میں بھی ضمانت پر رہائی کی خلاف ورزی کر چکے ہیں۔ اس وقت آسانج نے ایکواڈور کے سفارت خانے میں سیاسی پناہ حاصل کر لی تھی۔ خاتون جج کا کہنا تھا کہ وہ واحد قیدی نہیں ہیں، جو کمزور صحت کے ساتھ جیل میں ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس بحران، جی سیون ممالک متفقہ لائحہ عمل اپنانے میں ناکام[/pullquote]

کورونا وائرس بحران کے خلاف جی سیون ممالک کوئی متفقہ لائحہ عمل اپنانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ ان ترقی یافتہ صنعتی ممالک کا اجلاس ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوا۔ اس ناکامی کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ امریکا نے ابتدائی بات چیت میں ہی مطالبہ کر دیا تھا کہ وہ حتمی اعلامیے میں کورونا وائرس کو چینی وائرس قرار دینا چاہتا ہے۔ دوسری جانب جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر تیار کردہ ایک لائحہ عمل پیش کیا تھا، جس سے امریکا نے اتفاق نہیں کیا۔

[pullquote]خاشقجی قتل، ترکی میں بیس ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد[/pullquote]

ترکی میں سعودی حکومت کے ناقد جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے بیس ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ استنبول کے وکلائے استغاثہ کے مطابق دو مرکزی ملزمان میں ولی عہد محمد بن سلمان کے دو سابق مشیر شامل ہیں۔ خاشقجی کو دو اکتوبر دو ہزار اٹھارہ کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا جبکہ ان کی لاش کے ٹکڑے کر دیے گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان، سکھ گوردوارے پر داعش کے حملے میں 25 ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان میں سکھ گوردوارے پر داعش کے مبینہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پچیس ہو گئی ہے۔ دریں اثناء افغان وزارت داخلہ کے مطابق حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ جس وقت گوردوارے پر حملہ کیا گیا، اس وقت وہاں تقریبا ایک سو پچاس افراد موجود تھے۔ حملہ آوروں کا سکیورٹی فورسز کے ساتھ کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغانستان میں صرف چند ہزار سکھ آباد ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے