ہفتہ : 28 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آج بروز ہفتہ مجموعی طور پر چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستائيس ہزار سے زیادہ ہے۔ کووڈ انيس کے سب سے زيادہ مريض امريکا، اٹلی، اسپين، چين، ايران اور فرانس ميں ہيں۔ مشرق وسطیٰ ميں ايران سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران 139 مزيد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ہلاک شدگان کی کل تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ دريں اثناء جمعے کی شب برطانوی وزير اعظم بورس جانسن ميں نئے کورونا وائرس کی تصديق ہو چکی ہے۔ وہ اس سطح کے پہلے رہنما ہيں، جن ميں اس مرض کی تشخيص ہوئی ہے۔

[pullquote]اسپين: ايک دن ميں کورونا وائرس کے آٹھ سو سے زائد مريض ہلاک[/pullquote]

يورپی ملک اسپين ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کووڈ انيس کے باعث 832 افراد ہلاک ہوئے۔ يہ اسپين ميں ايک ہی دن ميں ہلاک ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ہفتہ اٹھائيس مارچ کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بہتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسپين ميں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5,690 ہو گئی ہے۔ ستائيس مارچ کے روز اٹلی ميں بھی قريب ايک ہزار اموات ريکارڈ کی گئی تھيں۔

[pullquote]’ارتھ آور‘ پر عملدرآمد شروع، مقصد موسمياتی تبديليوں کے بارے ميں آگاہی[/pullquote]

کورونا وائرس کے باعث بندشوں کے باوجود دنيا کے کئی ممالک ميں ’ارتھ آور‘ منايا جا رہا ہے۔ يہ عمل نيوزی لينڈ، فيجی اور آسٹريليا سے شروع ہوا، جہاں مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے سے ايک گھنٹے کے ليے تمام دفاتر و عمارتوں پر روشن بتياں بند کر دی گئيں۔ ’ارتھ آور‘ منائے جانے کا مقصد موسمياتی تبديليوں کے بارے آگاہی پھيلانا ہے۔ اس ضمن ميں پيرس کے آئيفل ٹاور، ابو ظہبی کی شيخ زيد مسجد، برلن ميں برانڈنبرگ گيٹ اور روم کے کولوسيئم سميت ايک سو سے زائد مشہور مقامات پر مصنوعی بتياں بند کر دی جائيں گی۔ ورلڈ وائلڈ لائف فيڈريشن نے يہ مہم سن 2007 ميں شروع کی تھی۔

[pullquote]پانچ منٹ ميں کورونا وائرس کا ٹيسٹ ‌آزمائشی مراحل ميں[/pullquote]

امريکا ميں ايبٹ ليبارٹريز نے ايک ايسا ٹيسٹ متعارف کرايا ہے، جو صرف پانچ منٹ ميں نئے کورونا وائرس کی شناخت کر سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق امريکی فوڈ اينڈ ڈرگ ايڈمنسٹريشن (FDA) نے ہنگامی بنيادوں پر اس ٹيسٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اب وسيع پيمانے پر اس کی تياری کا مرحلہ شروع ہو گا تاکہ آئندہ ہفتے تک يہ متعلقہ محکموں کو پہنچايا جا سکے۔ واضح رہے کہ اس ٹيسٹ کی ايف ڈی اے نے صرف ہنگامی صورتحال ميں اور صرف مخصوص ليبارٹريز اور صحت عامہ سے متعلق محکموں کو استعمال کی اجازت ہے۔ فی الحال عام صارفين کے ليے يہ دستياب نہيں۔

[pullquote]امريکی صدر نے امدادی پيکج پر دستخط کر ديے[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو کھرب ڈالر سے زائد ماليت کے امدادی پيکج پر دستخط کر ديے ہيں۔ کانگريس کی جانب سے منظوری کے بعد جمعے کی رات ايک تقريب ميں اس پيکج پر دستخط کيے گئے۔ ان رقوم سے نئے کورونا وائرس کی عالمگير وباء سے منفی طور پر متاثر ہونے والے کاروباروں کی مدد کی جائے گی۔ ہنگامی صورتحال ميں داخلی سطح پر اداروں اور محکموں کی مالی مدد کے حوالے سے امريکا ميں منظور کردہ يہ تيسرا قانون ہے۔ دريں اثناء امريکا ميں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ايک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ سترہ سو سے زيادہ افراد اب تک اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]جوہری عدم پھیلاؤ کے بارے میں کانفرنس ملتوی[/pullquote]

جوہری ہتھياروں کے پھيلاؤ کو روکنے کے عالمی معاہدے پر نظر ثانی اور اس کے جائزے کے ليے ہونے والی کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس بارے ميں اعلان اقوام متحدہ کی جانب سے ستائيس مارچ کو کيا گيا۔ يہ کانفرنس ستائيس اپريل سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہيڈ کواٹر ميں شروع ہونا تھی۔ عالمی تنظيم کے ترجمان نے بتايا کہ موقع ملتے ہی کانفرنس منعقد ہو گی ليکن قوی امکان ہے کہ ايسا آئندہ برس اپريل تک ہی ممکن ہو گا۔ دنيا بھر ميں 191 ممالک ’جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے‘ کا حصہ ہیں۔

[pullquote]شام اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں کے درميان بات چيت[/pullquote]

ايک غير معمولی پيش رفت ميں شامی صدر بشار الاسد اور ابو ظہبی کے ولی عہد شيخ محمد بن زائد النہيان نے جمعے کی شب ٹيلی فون پر بات چيت کی۔ دونوں رہنماؤں نے نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے ليے اقدامات پر تبادلہ خيال کيا۔ سن 2011 ميں اسد حکومت کے خلاف شروع ہونے والی تحريک اور پھر خانہ جنگی کے بعد يہ پہلا موقع ہے، جب ان دونوں رہنماؤں نے بذريعہ ٹيلی فون رابطہ کيا۔ شام ميں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد عرب ليگ نے اس کی رکنيت معطل کر دی تھی۔ متحدہ عرب امارات ایسی پہلی عرب رياست بھی ہے، جس نے دو برس قبل شام ميں دوبارہ اپنا سفارت خانہ کھولا۔

[pullquote]افغانستان: صوبہ بدخشاں کے ضلعے پر طالبان کا قبضہ[/pullquote]

افغان طالبان نے شمال مشرقی صوبہ بدخشاں کے ضلع يمگان پر قبضہ کر ليا ہے۔ صوبائی حکام نے بتايا کہ سکيورٹی دستوں اور جنگجوؤں کے مابين جمعے اور ہفتے کی درميانی رات شديد جھڑپيں جاری رہيں اور ہفتے کی صبح سرکاری عمارتوں اور اہم دفاتر پر جنگجوؤں نے قبضہ کر لیا۔ فی الحال جانی و مالی نقصان واضح نہيں البتہ چودہ سکيورٹی اہلکار لاپتہ ہيں۔ یمگان کے ساتھ ساتھ طالبان نے قريبی جرم ضلعے کے چار ديہات پر بھی قبضہ جما ليا ہے۔ طالبان کا بدخشاں کے چار اضلاع پر قبضہ تھا، جنہيں افغان سکيورٹی فورسز نے پانچ ماہ قبل ہی آزاد کرايا تھا۔ امن معاہدے اور کابل حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکراتی ٹيم کے اعلان کے باوجود جنگجوؤں نے يہ حملہ کيا۔

[pullquote]مغربی افريقہ ميں انسداد دہشت گردی کے ليے نئی يورپی ٹاسک فورس کا قيام[/pullquote]

فرانس نے اپنے چند يورپی اتحادی ممالک کے اشتراک سے ايک خصوصی ٹاسک فورس تشکيل دی ہے۔ ’ٹبوکا‘ نامی يہ ٹاسک فورس رکن ملکوں کے خصوصی دستوں پر مشتمل ہے اور يہ مغربی افريقہ کے ساحل کہلانے والے خطے ميں انسداد دہشت گردی کے آپريشنز ميں شرکت کرے گی۔ يہ ٹاسک فورس مالی اور نائیجريا کی افواج کی مدد کے ليے تشکيل دی گئی ہے، جو پہلے ہی سے خطے ميں شدت پسند قوتوں کے خلاف برسرپيکار ہيں۔ تيرہ رکن مالکوں کے وزرائے دفاع و ديگر نمائندگان نے گزشتہ روز ٹيلی فون پر کانفرنس کے دوران اس ٹاسک فورس کو حتمی شکل دی۔

[pullquote]غزہ پٹی سے اسرائيل کی جانب راکٹ حملہ[/pullquote]

اسرائيل نے دعویٰ کيا ہے کہ قريب ايک ماہ کے وقفے کے بعد جمعے کے شب غزہ پٹی سے جنوبی اسرائيل کی جانب ايک راکٹ داغا گيا۔ فوجی ترجمان کے مطابق گو کہ يہ راکٹ کھلے ميدان ميں گرا اور فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہيں، تاہم حملے کے بعد علاقے ميں سائرن گونجنے لگے اور شہری پناہ کے ليے خصوصی شيلٹرز ميں چلے گئے۔ فروری کے اواخر ميں اسلامک جہاد نامی تنظيم نے اسرائيل کی جانب مسلسل حملے کيے تھے۔ جواباً اسرائيل نے بھی غزہ پٹی ميں اس تنظيم کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے