امریکا میں ایک ہی روز میں ہزار سے زائد اموات، دنیا میں ہلاکتیں 47 ہزار سے بڑھ گئیں

کورونا وائرس اٹلی، اسپین اور فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جب کہ امریکا میں بھی ایک ہی روز میں ہزار سے زائد اموات کے بعدوہاں مجموعی ہلاکتیں 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار سے زائد جب کہ اموات 47 ہزار251 ہو گئی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ ایک لاکھ 94 ہزار 585 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26 ہزار کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار 300 سے زائد ہو گئی ہے۔

ایک ہی روز میں ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہونے کے بعد امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی 5 ہزار 110 تک پہنچ گئی ہے۔

برطانیہ میں آج 4 پاکستانیوں سمیت مزید 563 موت کی گھاٹی میں اتر گئے جب کہ مریضوں کی تعداد 30 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 352 ہو چکی ہے۔

فرانس میں بھی اب تک 9پاکستانیوں سمیت 4 ہزار 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ روز امریکا میں بھی دو پاکستانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 13ہزار 155ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں یہ تعداد 9 ہزار387 ہے۔

ایران میں کوروناوائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 36 جب کہ چین میں 3 ہزار 312 ہے۔ اس کے علاوہ ہالینڈ میں ایک ہزار 173، جرمنی میں 909 اور بیلجیم میں 828 افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اب تک دنیا کے203 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے پاکستان میں بھی اب تک 30 افراد ہلاک اور 2279 متاثر ہو چکے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے جس تیزی سے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات اور کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں تو خدشہ ہے کہ اس ہفتے اموات 50 ہزار اور مریضوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے