جمعۃ المبارک : 10 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سولہ لاکھ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 لاکھ پانچ ہزار پانچ سو ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اس بیماری کے سبب پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 1100 رہی۔ اس طرح کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 95,808 تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 324,328 ہو گئی ہے۔

[pullquote]اوپیک ممالک کے درمیان تیل کی پیدوار میں کمی کی ڈیل، سعودی ٹی وی[/pullquote]

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل نے اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے درمیان تیل کی پیدوار میں کٹوتی پر اتفاق کا بتایا ہے۔ کہا گیا ہے کہ یکم جولائی تک یہ ممالک یومیہ دس ملین بیرل کم تیل پیدا کریں گے جب کہ اس کے بعد سے رواں سال کے اختتام تک یہ کٹوتی آٹھ ملین بیرل یومیہ ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ اگلے سال کے آغاز سے سولہ ماہ تک یہ ممالک چھ ملین بیرل یومیہ کم تیل پیدا کریں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے روس اور سعودی عرب کے درمیان واضح اختلاف رائے بھی تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ نے کورونا کیخلاف جنگ کو ایک نسل کی لڑائی قرار دیدیا[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سکر یٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا کے خلاف کوششوں کو ایک نسل کی لڑائی قرار دے دیا اور سلامتی کونسل پر زور دیا ہےکہ وہ کوروناسے نمٹنے کےلیے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔کورونا سے متعلق جرمنی کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے اجلاس میں تمام رہنماوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نےکہا کہ اس مشکل وقت میں کونسل کا اتحاد اور عزم بہت معنی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کے مضمرات کو کم کرنے میں سلامتی کونسل کی شمولیت اہم ثابت ہو گی۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ کورونا کے خلاف ایک نسل کی لڑائی کا سامنا ہے، کورونا وائرس پر قابو پانےکے لیے مل کر کام کی ضرورت ہے، وبا پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو پہلےسے زیادہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سلامتی کونسل مشکل گھڑی میں اتحاد کا ثبوت دے، وبا کے دوران امن و سلامتی کے لیےکوششیں نہایت اہم ہوں گی۔

[pullquote]کورونا نے امریکی شہریوں کو بھی راشن کیلئے قطار میں کھڑے ہونے پر مجبور کردیا[/pullquote]

مہلک کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کی طاقت ور ترین معیشت اور سپر پاور ملک امریکا کے شہریوں کو بھی راشن کیلئے قطار میں کھڑے ہونے پر مجبور کردیا۔امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مفت راشن بانٹنے والے اسٹور کے سامنے گاڑیوں اور لوگوں کی لمبی قطار لگ گئی۔لاس اینجلس میں ایک فوڈ اسٹور نے ضرورت مندوں کے لیے اشیائے خور و نوش کے پیکٹ تقسیم کیے۔مفت راشن لینے کے لیے اسٹور کے باہر ڈیڑھ کلومیٹر تک گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی، بارش کے باوجود راشن لینے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد لائن میں لگی رہی۔کورونا کے باعث امریکا میں بے روزگاری کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر دس میں سے ایک امریکی بے روزگار ہوگیا ہے۔

[pullquote]چین میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد افراطِ زر میں اضافے کی شرح سست[/pullquote]

چین میں افراطِ زر میں نمو کی شرح گزشتہ اکتوبر کے بعد سے اپنی کم تر سطح پر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کی وجہ اشیائے خوراک کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے۔ چین میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوئیں ہیں۔ چین کے قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق چین میں افراط زر کی شرح فروری میں پانچ اعشاریہ دو فیصد تھی جو مارچ میں چار اعشاریہ تین فیصد دیکھی گئی۔ واضح رہے کہ چین نے حالیہ کچھ دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں لگی سفری پابندیوں میں کچھ نرمی کی ہے۔

[pullquote]شامی حکومت نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات رد کر دیے[/pullquote]

شامی حکومت نے ان الزامات کو رد کر دیا ہے جن کے مطابق شامی لڑاکا طیاروں نے باغیوں کے زیرقبضہ ایک علاقے میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے۔ عالمی ادارہ برائے تخفیف کیمیائی ہتھیار ’او پی سی ڈبلیو‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ مارچ 2017 میں شامی فضائیہ کے سخوئی ایس یو بائیس اور ایک ہیلی کاپٹر نے باغیوں کے زیرقبضہ ایک علاقے میں کلورین اور سارین گیس کے حامل بم گرائے۔ شامی وزارت خارجہ نے اس رپورٹ کے جواب میں کہا کہ یہ رپورٹ من گھڑت نتائج پر مبنی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس بحران سے عالمی ٹیکس اصلاحات متاثر نہیں ہونا چاہییں، جرمن وزیرخزانہ[/pullquote]

جرمن وزیرخزانہ اولاف شُلز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بین الاقوامی ٹیکس اصلاحات متاثر نہیں ہونا چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ گوگل، ایمازون اور فیس بک جیسی انٹرنیٹ کمپنیوں کے حوالے سے ٹیکس کے نئے ضوابط متعارف کروائے جانا چاہییں۔ بین الاقوامی تنظیم او ای س ڈبلیو اس سلسلے میں نئے ضوابط تیار کر رہی ہیں۔ اس تنظیم نے پیش گوئی کی تھی کہ نئے ضوابط سے ایک سو ارب ڈالر سالانہ تک کا ٹیکس وصول ہو سکے گا، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف صنعتی ممالک شدید کساد بازاری سے گزر رہے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہدف شاید پورا نہیں ہو سکے گا۔

[pullquote]زیمبیا میں کورونا وائرس کا اشتہار نہ چلانے پر ٹی وی لائنسنس منسوخ[/pullquote]

زیمبیا میں جمعرات کو کورونا وائرس سے متعلق پبلک سروس پیغامات نشر نہ کرنے پر ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کا لائنسس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس ٹی وی چینل نے یہ کہہ کر کورونا وائرس سے متعلق پیغامات نشر کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ ماضی میں بھی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے ایسے پیغامات کی مالی ادائیگی نہیں کی گئی۔ پرائم ٹی وی زیمبیا میں اپوزیشن کی حمایت کے حوالے سے معروف ہے۔ اس ٹی وی چینل کی جانب سے گزشتہ ماہ کہا گیا تھا کہ جب تک حکومت سن 2015 اور 2016 میں انتخابات کے وقت چلائے جانے والے اشتیہارات کے پیسے ادا نہیں کرتی، کووِڈ انیس سے متعلق اشتہارات نہیں چلائے جائیں گے۔

[pullquote]وائرس پھیلانے کی دھمکی، امریکا میں دو افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ[/pullquote]

امریکا میں دو افراد کو کورونا وائرس پھیلانے کی دھمکی دینے پر دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق ان افراد پر مقدمات ٹیکساس اور فلوریڈا میں چلائے جائیں گے۔ دو ہفتے قبل امریکی نائب اٹارنی جنرل جیفری روزن نے وفاقی حکام کو کہا تھا کہ وہ ایسے افراد کے خلا ف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ چلائیں، جو کورونا وائرس کو پھیلانے کی دھمکی دیں۔ واضح رہے کہ امریکا میں چار لاکھ سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

[pullquote]سعودی شاہی خاندان کے درجنوں افراد کورونا وائرس میں مبتلا: رپورٹ[/pullquote]

ریاض: سعودی شاہی خاندان کے 150 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے اراکین سمیت 150 افراد حالیہ ہفتے میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ریاض کے 70 سالہ گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز وائرس کے باعث انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہیں۔رپورٹ کے مطابق 84 سالہ کنگ شاہ سلمان نے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے جدہ کے قریب ایک جزیرے پر تنہائی اختیار کی ہے جب کہ ان کے بیٹے اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی اپنی کئی وزرا کے ہمراہ اسی جزیرے پر محدود ہوگئے ہیں تاہم دونوں شخصیات وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ شاہی اراکین کا علاج کرنے والے اعلیٰ اسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا کہ متوقع کیسز کی بناء پر اسپتال میں مزید 500 بستر لگائے جارہے ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم طبیعت میں بہتری کے بعد آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل[/pullquote]

کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن طبیعت بہتر ہونے کے بعد انتہائی نگہداشت کے کمرے (آئی سی یو) سے باہر آ گئے۔ ترجمان ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق بورس جانسن تین روز تک انتہائی نگہداشت میں رہے اور اب طبیعت بہتر ہونے کے بعد انھیں واپس وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی بھر پور دیکھ بھال کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن صحت یابی کے ابتدائی مرحلے میں ہیں اور مکمل صحتیاب ہونے تک وہ اسپتال میں ہی رہیں گے۔برطانوی وزاعظم بورس جانسن کا دو ہفتے قبل کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور پھر طبیعت بگڑنے پر انہیں سینٹ تھامس اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے