پاکستان میں ہولناک دن: 22 افراد جاں بحق،مریضوں کی تعداد 8212، ہلاکتیں 167

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8212 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مہلک وائرس سے ہلاکتیں خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب میں ہوئی ہیں۔

[pullquote]خیبرپختونخوا ہلاکتوں میں سب سے آگے[/pullquote]

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 10 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور سوات میں 4، 4 جبکہ مردان اور ایبٹ آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں مہلک وائرس سے اموات 60 تک جاپہنچی ہے جو اب تک ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

[pullquote]سندھ[/pullquote]

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد کا انتقال ہوا ہے جس کے بعد صوبے جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

صوبہ سندھ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]پنجاب[/pullquote]

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 41 ہوگئی ہے۔

ملک میں مزید 22 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 167 تک جاپہنچی ہے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 56، پنجاب میں 41، بلوچستان میں 5 ، گلگت میں 3 اور اسلام آباد میں 2 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

[pullquote]آج کے کیسز کی صورتحال[/pullquote]

ملک میں اب تک کورونا کے مزید 471 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8212 ہوگئی ہے۔

[pullquote]پنجاب[/pullquote]

پنجاب میں اتوار کو مزید 4 افراد کورونا کا شکار ہوئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 41 تک جاپہنچی ہے۔

دوسری جانب صوبے میں مزید 221 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے متاثرہ افراد کی تعداد 3686 ہوگئی۔

ترجمان پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 702 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]سندھ[/pullquote]

سندھ میں مزید 8 افراد مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہارگئے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

مزید ہلاکتوں کے بعد صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 2537 ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 33 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جس کے بعد صحت یاب افراد کی تعداد 625 ہوگئی ہے۔

[pullquote]خیبرپختونخوا[/pullquote]

خیبر پختونخوا میں کورونا کے 60 نئے کیسز اور 10 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 1137 اور اموات کی مجموعی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ روز بھی کے پی میں 84 کیسز اور 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ 216 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بلوچستان[/pullquote]

صوبے میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 25 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی تھی۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 376 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک مقامی طور پر 229 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جب کہ 145 ایران سے آئے۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 142 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اسلام آباد[/pullquote]

وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 171 ہو گئی ہے جب کہ شہر اقتدار میں کورونا سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک 72 سالہ ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا ہے جو اسلام آباد میں دوسری ہلاکت ہے۔

[pullquote]گلگت بلتستان[/pullquote]

گلگت بلتستان میں بھی ہفتے کو کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ افراد مجموعی تعداد 257 ہو گئی جب کہ اب تک 193 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

[pullquote]آزاد کشمیر[/pullquote]

آزاد کشمیر میں ہفتے کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ جمعے کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی تھی تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے