اتوار : 26 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے زائد[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی تعداد 29 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ تین ہزار کے قریب ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اس انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد نو لاکھ 40 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہ وائرس اب تک وہاں 54 ہزار کے قریب انسانی جانیں لے چکا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب بھر میں کرفیو میں نرمی مگر مکہ میں نہیں[/pullquote]

سعودی عرب میں آج اتوار کے روز سے کئی مقامات پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس نرمی کا اطلاق مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر مکہ پر فی الحال نہیں ہو گا۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے شدید متاثرہ علاقوں میں 24 گھنٹوں کے لیے کرفیو نافذ تھا۔ تاہم اب حکومت نے 13 مئی تک اس میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اس حکومتی اعلان کے مطابق اس عرصے میں عام اشیائے ضرورت کی دکانیں اور شاپنگ مالز کھلے رہیں گے۔

[pullquote]فرانس وزیراعظم لاک ڈاؤن سے نکلنے کا منصوبہ پارلیمان میں پیش کریں گے[/pullquote]

فرانسیسی وزیراعظم ایڈوا فیلیپ ملک بھر میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے نافذ لاک ڈاؤن سے اخراج کا منصوبہ منگل کے روز قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ فرانس میں سترہ مارچ سے سخت لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم صدر امانویل ماکروں نے کہا تھا کہ ملک میں گیارہ مئی سے رفتہ رفتہ اس لاک ڈاؤن کا سلسلہ نرم کرنےکا عمل شروع کیا جائے گا۔ اپنے ایک ٹوٹیئر پیغام میں وزیراعظم فیلیپ نے لکھا کہ لاک ڈاؤن سے مرحلہ وار نکلا جائے گا، جس میں مختلف مقامات پر ماسکس کے استعمال سمیت احتیاطی تدابیر کے ضوابط لاگو رہیں گے۔

[pullquote]افغان دیگر جھگڑے چھوڑ کر وائرس پر توجہ دیں، امریکی مندوب[/pullquote]

امریکی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان دھڑوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام تر اختلافات ایک طرف رکھ کر فی الحال ملک میں کورونا وائرس کی وبا پر توجہ دیں۔ زلمے خلیل زاد نے اتوار کے روز اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ افغان فریقین فی الحال کورونا وائرس کا مل کر مقابلہ کریں، جو سب کا دشمن ہے۔ انہوں نے صدر اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ سے کہا کہ اپنے مفاد پر ملک کا مفاد مقدم رکھیں۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان امریکا کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے کی پاس داری کر رہے ہیں اور انٹرا افغان مذاکرات کے لیے ملک بھر میں سیز فائر کے لیے بات چیت پر آمادہ ہیں۔

[pullquote]فلسطینیوں کو اسرائیلی جیلوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خوف[/pullquote]

فلسطینیوں کو خوف ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید افراد میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور رہائی کے بعد ایسے مریض مزید افراد میں اس وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔ فلسطینیوں کے حقوق کےلیے کام کرنے والی ایک تنظیم فلسطینی پرزنرز کلب کے مطابق اسرائیل میں کورونا وائرس پہنچنے کے بعد درجنوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے، تاہم رہائی پانے والے قیدیوں کی صحت سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قریب پانچ ہزار فلسطینی قیدی موجود ہیں۔ اسرائیل میں اب تک 15 ہزار افراد جب کہ فلسطینی علاقوں میں 350 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

[pullquote]افغان سرحد کے قریب دو پاکستانی فوجی، نو عسکریت پسند ہلاک[/pullquote]

پاکستانی فوج کے مطابق افغان سرحد کے قریب ایک جھڑت میں دو پاکستانی فوجی اور نو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ اس جھڑپ میں پانچ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے ایک اڈے پر کی جانے والی کارروائی کے اس واقعے میں ایک ’دہشت گرد‘ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ بڑے پیمانے پر گولہ باردو اور ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔

[pullquote]وائرس سے بچ جانا اس کے خلاف مدافعت پیدا ہوجانا نہ سمجھا جائے، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچ جانے والے افراد یہ نہ سمجھیں کہ اب وہ دوبارہ اس وائرس سے متاثر نہیں ہو سکتے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک ایسے شواہد سامنے نہیں آئے، جو ان دعووں کی تصدیق کرتے ہوں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ سمجھ لینا کہ وائرس کے حملے سے بچ جانے کے بعد دوبارہ یہ وائرس ایسے شخص پر حملہ نہیں کر سکتا، ایک قبل از وقت اور خطرناک خیال ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ بیان مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلانات کے بعد سامنے آیا ہے۔ اب تک واضح نہیں ہے کہ آیا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد دوبارہ اس وائرس میں مبتلا ہو سکتے ہیں یا نہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں کورونا وائرس سے متعلق قرارداد منظوری کے قریب[/pullquote]

ایک ماہ سے زائد عرصے تک اختلاف کے بعد اب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلق ایک قرارداد کی منظوری کے قریب ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ رواں ہفتے کورونا وائرس کی وبا اور بین الاقوامی اشتراک عمل سے متعلق ایک قرارداد منظور کی جا سکتی ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق قرارداد کے مسودے پر امریکا، روس اور چین کے درمیان شدید اختلافات تھے۔ یہ بات اہم ہے کہ عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد سے اب تک سلامتی کونسل کا فقط ایک سیشن منعقد ہو پایا ہے۔ نو اپریل کو جرمنی اور ایسٹونیا کی کاوشوں کے نتیجے میں ویڈیولنک کے ذریعے سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔

[pullquote]یمنی علیحدگی پسندوں نے ملک کے جنوب حصے کی خودمختاری کا اعلان کر دیا[/pullquote]

یمن کے جنوبی حصوں میں متحرک علیحدگی پسندوں نے اتوار کو جنوبی یمن کی خودمختاری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان مشکلات کی شکار منصور ہادی حکومت کے ساتھ جنوبی ٹرانزیشنل کونسل کے امن معاہدے کے حوالے سے مسائل کے بعد سامنے آیا ہے۔ جنوبی عبوری کونسل نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امن معاہدے کی روح کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے اور ملک کے جنوبی حصے کے خلاف ’سازش‘ میں مصروف ہے۔ یہ بات اہم ہےکہ یمن کے شمالی حصے پر ایران نواز شیعہ حوثی باغی قابض ہیں۔ گزشتہ پانچ برس سے جاری اس تنازعے کی وجہ سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارے یمنی تنازعے کو ایک بڑے انسانی المیے سے تعبیر کرتے ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے 275 نئے کیسز[/pullquote]

انڈونیشیا میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے مزید 275 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح انڈونیشیا میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار آٹھ سو باسٹھ ہو گئی ہے۔ انڈونیشی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے ساتھ اس وبا کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 743 ہو گئی ہے۔

[pullquote]جنوبی افریقہ کی مدد کے لیے کیوبا سے ڈاکٹرز روانہ[/pullquote]

جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی طبی مدد کے لیے کیوبا نے 216 ہیلتھ ورکرز روانہ کیے ہیں۔ اب تک کیوبا 1200 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک اور خطوں کے لیے روانہ کر چکا ہے، جس میں افریقہ اور کیریبین ممالک کے علاوہ یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔ کیوبا میں اب تک کورونا وائرس کے 1337 کیسز سامنے آئے ہیں اور وہاں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 51 ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل اپیل کی تھی کہ کیوبا کے طبی عملے کو کوئی ملک قبول نہ کرے، تاہم مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے نظام صحت پر شدید دباؤ کی وجہ سے ٹرمپ کا یہ مطالبہ کوئی پذیرائی حاصل نہ کر سکا۔

[pullquote]ارجنٹائن میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع[/pullquote]

ارجنٹائن کی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن میں دس مئی تک توسیع کر دی ہے، تاہم بعض شعبوں میں مشروط نرمی کا اعلان بھی کیا ہے۔ ارجنٹائن کے صدر البیرٹو فرنانڈس نے ہفتے کے روز نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص روزانہ کی بنیاد پر ایک گھنٹہ گھر سے باہر رہ سکتا ہے، تاہم اس کے گھر سے اس کا فاصلہ پانچ سو میٹر سے زائد نہ ہو۔ یہ نئے اقدامات ایسے شہروں کے لیے ہیں جہاں کی مجموعی آبادی نصف ملین سے زائد ہے۔ چھوٹے قصبوں کو ایسی پابندیوں سے آزاد رکھا گیا ہے۔ ارجنٹائن میں اب تک 3780 افراد میں کورونا وائرس کی تشخص ہوئی ہے، جب کہ وہاں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 185 ہیں۔

[pullquote]پیرو میں کورونا وائرس کی وجہ سے 17 پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک پیرو میں 17 پولیس اہلکار کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پولیس اہلکار ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے نفاذ کے عمل میں شریک تھے۔ گزشتہ ہفتے پیرو حکام نے اعتراف کیا تھا کہ 1300 پولیس اہلکاروں میں کووِڈ انیس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ وہ پولیس اہلکار تھے جو کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تعینات تھے۔ پولیس انتظامیہ نے اہلکاروں کے لیے 15 ملین ڈالر کے سرمایے سے ماسک اور دستانوں سمیت دیگر حفاظتی ساز و سامان خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]مغربی آسٹریلیا کے ایک پارک سے مگرمچھ کے نو بچے فرار[/pullquote]

مغربی آسٹریلیا میں واقع جنگلی حیات کے ایک پارک سے مگر مچھ کے نو بچے فرار ہو گئے ہیں۔ یہ مگرمچھ اس پارک سے حفاظتی باڑ میں سوراخ کے نتیجے میں فرار ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے شمال مغرب میں میلکم ڈگلس کروکوڈائل پارک سے فرار ہونے والے ان مگرمچھوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 11 مگر مچھ اس پارک سے فرار ہوئے تھے، جن میں سے دو کو پکڑا جا چکا ہے۔ پارک انتظامیہ کے مطابق ان بچوں کی عمریں دو سے تین ماہ کے لگ بھگ ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے