خیبرپختونخواہ: وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن، من پسندشخصیات کونوازنے کی کوشش

خیبرپختونخواحکومت نے خواتین کی قانون سازی اوران کے مسائل کے حل کےلئے قائم وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کےلئے قواعدوضوابط کے بجائے من پسندشخصیات کونوازنے کی کوشش کی تاہم ممکنہ چیئرپرسن کاکہناہے کہ قواعدوضوابط اورقانون کے روسے ان کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔

خیبرپختونخواحکومت نے وزیراعلیٰ اور کابینہ سے منظوری کے بعد مردان سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی امیرفرزندخان کی اہلیہ رفعت سردارکی وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کی حیثیت سے منظوری دی ہے تاہم سرکاری دستاویزات کی عدم تکمیل کے باعث ابھی تک ان کی تعیناتی کے احکامات جاری نہیں ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ رفعت سردار کی بحیثیت چیئرپرسن وقارنسواں کمیشن خیبرپختونخواتعیناتی عید سے قبل عمل میں لائی جائے گی۔ رفعت سردارکی تعیناتی میں کونسے قواعدفالونہیں کئے گئے؟؟۔۔

مردان کے پی کے51سے منتخب تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی امیرفرزندکی اہلیہ رفعت سردار کی وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کے طو رپرتعیناتی سے متعلق محکمے کے اعلیٰ افسران کاکہناہے کہ حکومت نے تعیناتی کے متعلق قواعدوضوابط بالائے طاق رکھے 2016ءکے وقارنسواں کمیشن کے قانون کے آرٹیکل4کے سب سیکشن5کے تحت واضح کیاگیاہے کہ وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن اور غیرسرکاری ممبران کاانتخاب سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی کرے گی لیکن رفعت سردار کی تعیناتی کمیٹی کی بجائے بذریعہ سمری کی جارہی ہے یہ سمری محکمہ سماجی بہبود کی ذیلی ادارے وقارنسواں کمیشن کی جانب سے بھیجی گئی تھی جس میں رفعت سردار کے نام کی منظوری کی درخواست کی گئی تھی قواعدکے مطابق وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کےلئے لازم ہے کہ سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی اس کی منظوری دے اس کے بعد سمری وزیراعلیٰ کوبھیجی جائے اوروہاں سے منظوری کے بعد اس کی کابینہ سے منظوری لی جائے لیکن رفعت سردارکی ممکنہ تعیناتی کےلئے سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی قائم نہیں کی گئی ۔

[pullquote]رفعت سردارکون ہے ؟؟۔۔[/pullquote]

مردان سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی امیرفرزندکی اہلیہ رفعت سردار گزشتہ کئی سالوں سے خواتین اور سماجی بہبود کےلئے کام کررہی ہے 2016میں تعینات ہونےوالی اس وقت کی وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن نیلم طورو نے ذاتی وجوہات کی بناءپر دسمبر2018ءمیں استعفیٰ دیا وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کی اسامی تقریباًچھ ماہ تک خالی رہی جولائی2019ءمیں خیبرپختونخواحکومت نے درمیانی مدت کی تکمیل کےلئے بذریعہ سمری رفعت سردار کی بحیثیت وقارنسواں کمیشن چیئرپرسن منظوری دیدی ۔

محکمہ سماجی بہبود کے ایک اعلیٰ افسرکے مطابق عارضی یادرمیانی مدت کےلئے چیئرپرسن کی تعیناتی کےلئے کسی قسم کے رولز نہیں اس لئے قواعدکے نہ ہونے کے باعث بذریعہ سمری صرف چھ ماہ کےلئے رفعت سردارکے نام کی منظوری دی گئی کیونکہ نیلم طوروکی چیئرپرسن کی مدت16جنوری2020ءکو ختم ہونےوالی تھی جنوری میں رفعت سردارکی بحیثیت عارضی چیئرپرسن مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد یہ اسامی خالی ہوگئی افسرکے مطابق نئی تعیناتی کےلئے سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی کاقیام لازمی تھا لیکن صوبائی حکومت نے ایسانہیں کیا اور بذریعہ سمری رفعت سردارکی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔

رابطہ کرنے پررفعت سردار نے بتایاکہ میری تعیناتی سے متعلق وزیراعلیٰ اورکابینہ دونوں نے منظوری دی ہے اورکچھ دنوں میں میری تعیناتی کے احکامات بھی جاری کردئیے جائینگے تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ میری نئی تعیناتی نہیں ہورہی بلکہ میری تعیناتی میں قواعدوضوابط کے مطابق تین سال کی توسیع دی جارہی ہے اس لئے میری مدت ملازمت میں توسیع کے لئے سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی کاقیام لازمی نہیں ہے انکاکہناتھاکہ عارضی مدت کےلئے اس کی تعیناتی کے وقت سرچ اینڈسکروٹنی کمیٹی قائم کی گئی تھی تاہم محکمہ سماجی بہبودکاکہناہے کہ اس متعلق کوئی کمیٹی قائم نہیں ہوئی تھی۔

[pullquote]محکمہ سماجی بہبود کی نئی تعیناتی سے متعلق کیاکہناہے ؟؟۔۔[/pullquote]

وقارنسواں کمیشن کے سیکرٹری فرزانہ افضل نے تصدیق کی کہ رفعت سردارکے نام کی منظوری دی گئی ہے اوربہت جلداس کی تعیناتی ہوگی لیکن جب ان سے رفعت سردار کی تعیناتی کے قواعد کے بارے میں پوچھاگیاتوانہوں نے رابطہ منقطع کردیا۔تعیناتی سے متعلق مزید جاننے کےلئے سماجی بہبودکے وزیرہشام انعام اللہ سے بھی رابطہ کیاگیا لیکن ان کانمبربھی بندتھا۔

نوتعینات ہونےوالی رفعت سردارکامزیدکہناتھاکہ جولائی2019ءمیں ان کی تعیناتی اس وقت کے سینئرصوبائی وزیر عاطف خان کے ذریعے عمل میں لائی گئی تھی اورمیرے نام کو وزیراعلی کے سامنے سینئروزیرہی نے پیش کیاتھا انہوں نے بتایاکہ وہ امیرفرزندکی بیوی ضرورہے لیکن سماجی شعبے بالخصوص خواتین سے متعلق ایشوپرانہوں نے کئی عشروں سے کام کیاہے اوران کی تعیناتی مکمل طور پر قانونی ہے۔

[pullquote]وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کی تنخواہ اور مراعات کتنی ہیں؟؟۔۔[/pullquote]

وقارنسواں سے متعلق2016کے قانون کے آرٹیکل5کے مطابق چیئرپرسن کاخاتون ہونالازمی ہے اورانکی تعیناتی تین سال کےلئے کی جائے گی اس کے علاوہ اس کی تعیناتی گریڈ21کے افسرکے برابر ہوگی محکمہ سماجی بہبودکے مطابق وقارنسواں کمیشن کی چیئرپرسن کی تنخواہ دو لاکھ ہوتی ہے ،200لیٹر تک پٹرول استعمال کرسکتی ہے اس کے علاوہ انہیں1800ccگاڑی اور ڈرائیوربھی دیاجاتاہے تاہم ٹی اے /ڈی اے کے باعث چیئرپرسن کی ماہانہ تنخواہ دولاکھ سے بڑھ کر ساڑھے تین لاکھ تک پہنچ جاتی ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے