صفدر کیخلاف گرفتاری کی درخواست دینے والا خود دہشتگردی کی عدالت کا مفرور ہے : مریم

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف درخواست دینے والا شخص خود دہشت گردی کی عدالت کا مفرور ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں ہمارے کمرے کے دروازے کو کسی نے زور سے پیٹنا شروع کر دیا تھا، شوہر کو کہا کہ ہمارا دروازہ کوئی کھٹکھا رہا ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کمرے کا دروازہ کھولا تو پولیس نے ان کو کہا کہ آپ کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صفدر نے پولیس کو کہا کہ کمرے میں میری اہلیہ ہیں، آپ اندر نہ آئیں لیکن اس کے باوجود پولیس والوں نے دروازے کا لاک توڑا، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کمرے سے ادویات اٹھانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مجھے فون کر کے کہا آپ ہماری مہمان ہیں اور میں اس واقعے پر شرمندہ ہیں، بلاول بھٹو پولیس ایکشن پر غصے میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی ہے لیکن میں سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کے خلاف درخواست دینے والا وقاص احمد خان خود دہشت گردی کی عدالت کا مفرور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے کس کو ڈر لگتا ہے، اچھی طرح جانتی ہوں، مادر ملت کو عزت دو کے نعرے سے کس کو ڈر لگتا ہے، یہ بھی اچھی طرح جانتی ہوں، سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے جو سوال اٹھائے ہیں تو کیا اس کا جواب یہی ہے کہ غداری کے پرچے کاٹ دو، ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو۔

[pullquote]کیپٹن صفدر کی گرفتاری ہماری حرمت پر حملہ ہے: سربراہ پی ڈی ایم[/pullquote]

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی گئی، ان لوگوں نے تو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تقدس کو بھی پامال کیا جہاں اونچی الفاظ میں بات کرنے کی بھی ممانعت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کراچی میں حکومت سندھ کی مہمان تھیں، اور وزیراعلیٰ سندھ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے متعلق اپنی وضاحت دے چکے ہیں کہ انہوں نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر پی ڈی ایم کی لیڈر نہیں ہماری بیٹی اور بہن بھی ہے اور کیپٹن صفدر کو گرفتار کر کے ہماری حرمت پر حملہ کیا گیا لیکن ہم اپنی حرمت کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی ہے، اور انہوں نے بھی معاملے پر شرمندگی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے