صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
آج صبح پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم7 افراد شہید جب کہ 112 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مدرسے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبرجمیل اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بچوں پر حملہ بزدلانہ عمل ہے، ہم اپنے بچوں کی قربانی کے مقروض ہیں، دھماکے میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
[pullquote]دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ درندے ہیں: بلاول بھٹو[/pullquote]
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ درندے ہیں، دہشت گرد پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے لیے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔
[pullquote]واقعے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے: وزیر اعلیٰ کے پی[/pullquote]
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا واقعے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ محموخان نے پولیس کو واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور ظالمانہ قدم ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اورپنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے۔