موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کو متاثرہ خاتون نے شناخت کرلیا

موٹروے زیادتی کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عابد ملہی کو متاثرہ خاتون نے شناخت کرلیا۔

جیل ذرائع کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابدکی شناخت پریڈ مکمل ہوگئی ہے اور متاثرہ خاتون نے اسے شناخت کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون کو سخت سیکیورٹی میں کیمپ جیل لایا گیا جہاں اس نے ملزم عابد کو شناخت کیا۔

عابد ملہی14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر ہے اور اسے لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 2 نومبر کو ہونے والی سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ملزم کا دوسرا ساتھی شفقت بھی 28 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہے، متاثرہ خاتون شفقت کو پہلے ہی جیل میں شناخت کر چکی ہے اور اسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واقعے کا پسِ منظر
ایف آئی آر کےمطابق 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں گوجرانوالا سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالا واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پیٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا،جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کیا۔

ملزم شفقت کو پولیس نے واقعے کے 4 روز بعد 13 ستمبر کو دیپالپور سے گرفتار کیا جب کہ مرکزی ملزم عابد ایک ماہ تک فرار رہنے کے بعد 12 اکتوبر کو لاہور کے مضافاتی علاقے مانگا منڈی سے گرفتار ہوا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے