آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر پر دشمن نے مدرسے کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا، دشمن نے اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لیے بچوں کو خون میں نہلایا، ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
آرمی چیف نے کہا کہ کل بھی قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا، آج بھی ہم اُس بے مثال یکجہتی کے جذبے کے تحت ایک ہیں، ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا اورآج بھی، دشمن کل بھی وہی تھا، دشمن آج بھی وہی ہے۔
[pullquote]’ہم دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے'[/pullquote]
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مزید کہا کہ کل بھی قوم نے دُشمن کو مسترد کیا، دہشت گرد نظریے کو شکست دی، میں یکجہتی اور مدرسے کے ان بچوں، اساتذہ اور خاندانوں کا دُکھ بانٹنے آیا ہوں، ہم دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کا نظریہ دہشت پھیلانا اور معاشرے میں خوف کی فضاپیدا کرنا ہے، مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دُشمنی ہے، مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا گھر، مندر ان کا نشانہ ہیں، تعلیمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں۔
[pullquote]’پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کو بھی ایسی دُشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہو گا'[/pullquote]
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان میں امن کیلئے بھرپور تعاون کرتا رہے گا، پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کو بھی ایسی دُشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہو گا، افغان مہاجریں کو چوکنا رہنا ہوگا تاکہ دانستگی اور نادانستگی میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہ ہو سکیں۔