وزارت خارجہ کے ذریعے نواز شریف کو وطن واپس لانے پر کام ہو رہا ہے : شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کے ذریعے سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس لانے پر کام ہو رہا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز اک کہناتھا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر اپنا آخری پتا کھیلا لیکن اس میں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں ہونے والی باتوں کو عوام میں پذیرائی نہیں ملی، ہمیں ان کے جلسوں سے نہیں بلکہ جلسوں میں ہونے والی ان باتوں سے اختلاف ہے، اپوزیشن بے یقینی کی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم سے متعلق شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے نواز شریف کو واپس لانے پر کام ہو رہا ہے، کیا 3 دفعہ منتخب وزیراعظم کا فرض نہیں بنتا کہ وہ قانون کا احترام کریں؟ نواز شریف کی واپسی کیلئے ان کی پارٹی کو بھی دباؤ ڈالنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سندھ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہیں کی، یہ ذخیرہ اندوزی نہیں تو کیا ہے؟ سندھ حکومت کی وجہ گندم کی سپلائی چین متاثر ہوئی، سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہ کرکے سندھ کی عوام کو مہنگی گندم خریدنے پر مجبور کیا۔

دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شبلی فراز اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سندھ حکومت پرتنقید کر رہے ہیں، آٹے کی قیمت صرف سندھ میں زیادہ ہوتی تو حکومت سندھ ذمے دار تھی۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتیں زیادہ ہونے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سےعوام کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے لندن میں مقیم ہیں جہاں سے انہوں نے سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں پر سیخ پا ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار مختلف تقریبات اور انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے