سروسز اسپتال میں زیر علاج چوہدری شجاعت کی طبیعت بہتر ہونے لگی

سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی منفی آگیا ہے۔

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا اور آج دوسرے روز اسپتال میں 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے چوہدری شجاعت کا طبی معائنہ کیا۔

سربراہ ق لیگ کے معالج اور سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹرمحمد امجدکاکہنا ہےکہ سینے کے انفیکشن کا شکار چوہدری شجاعت کی طبیعت بہترہو رہی ہے، ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔

ڈاکٹر محمد امجدکاکہنا ہےکہ چوہدری شجاعت کی صحت کل کی نسبت کافی بہتر ہے،کل انہوں نے امریکی انتخاب کے حوالے سے بھی بات کی تھی، ان کے لیے وینٹی لیٹرکی کوئی ضرورت نہیں ہے البتہ کل ایسا مرحلہ آیا تھا جب ان کے لیے وینٹی لیٹر کا سوچا تھا۔

انہوں نے بتایاکہ چوہدری شجاعت کا بلڈ پریشر، آکسیجن اور شوگر لیول بہتر ہے تاہم اسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، ہمیں خوشی ہے کہ چوہدری شجاعت کے اہلخانہ نے سرکاری اسپتال پر یقین کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت کے بیٹے شافع حسین کو ٹیلی فون کیا اور ان کے والد کی خیریت دریافت کی، ان کے علاوہ گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، اعظم سواتی اور ذلفی بخاری، مولانا فضل الرحمان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، راجا پرویز اشرف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی فون پر چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔

اس کے علاوہ چوہدری شجاعت کی تیمارداری کے لیے دن بھر سیاسی ،دینی اور سماجی رہنماؤں کی آمد جاری رہی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے