جمعہ : 20 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: ’لو جہاد‘ کے خلاف قانون سازی کی تیاری[/pullquote]

بھارت میں بی جے پی کی قیادت والی کم از کم پانچ ریاستی حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ مبینہ ’لو جہاد‘ کے خلاف جلد از جلد سخت قانون لانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ ان ریاستوں میں مدھیا پردیش، ہریانہ، کرناٹک، اتر پردیش اور آسام شام ہیں۔ مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کے مطابق اس مجوزہ قانون کے تحت قصور وار پائے جانے والے کو پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ انتہائی دائيں بازو کے ہندو گروپوں کا الزام ہے کہ مسلمان مرد اپنی محبت کے دام میں غیر مسلم خواتین کو پھنسا کر ان کا مذہب تبدیل کراتے ہیں جو دراصل ‘لو جہاد‘ ہے۔

[pullquote]یوگينڈا: صدارتی امیدوار کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرے، درجنوں ہلاک[/pullquote]

یوگينڈا میں صدارتی امیدوار کی گرفتاری کے نتیجے میں شروع ہونے والے مظاہروں میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق صدارتی امیدوار اور پاپ اسٹار باب وائن کی گرفتاری کے بعد دارالحکومت کمپالا میں ہنگامہ آرائی شروع ہوئی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے تيز دھار پانی، آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ اب تک پانچ سو سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں آ چکی ہیں۔ حکام نے مشتعل افراد اور افراتفری پر قابو پانے کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے۔

[pullquote]ایتھوپیا: تیگرائی یونیورسٹی پر فضائی حملہ[/pullquote]

تیگرائی یونیوریسٹی کے حکام نے دعوی کیا ہے کہ ایتھوپیا کی فوج کی تازہ ترین فضائی کارروائی میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق تیگرائی کے دارالحکومت میں ایک اسکول پر حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے اس پر فوری رد عمل سامنے نہیں آیا۔ ایتھوپیا کے شمالی تیگرائی علاقے میں فوجی مہم کے بعد سے وسطی ایتھوپیائی حکومت اور تیگرائی فورسز کے درمیان مسلح تنازعے نے شدت اختیار کر لی ہے۔

[pullquote]بریگزٹ ڈیل: تین اہم امور تنازعے کا شکار[/pullquote]

یورپی یونین کے ایک مذاکرات کار نے برسلز میں غیر ملکی سفیروں کو بتایا ہے کہ بلاک اور برطانیہ زیادہ تر معاملات کے بہت قریب ہیں تاہم تین اہم معاملات پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔ یورپی یونین کے سفارت کار کے مطابق تجارتی معاہدے کے لیے وقت ختم ہوتا جا رہا ہے تاہم ماہی گیری کے حقوق، منصفانہ مسابقت کی ضمانت اور مستقبل کے تنازعات کو حل کرنے کا لائحہ عمل اب بھی زیر بحث ہیں۔ بریگزٹ کے اہم مذاکرات کاروں نے جمعرات کے روز براہ راست بات چیت معطل کر دی کیونکہ یورپی یونین کی ٹیم کا ایک رکن کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔

[pullquote]رياست جارجیا میں دوبارہ گنتی کے بعد بھی جو بائیڈن فاتح[/pullquote]

امریکی صدارتی انتخابات میں رياست جارجیا کے ايک مقامی پولنگ افسر نے تصدیق کر دی ہے کہ اس رياست میں ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس مرتبہ ووٹوں کی گنتی مشین کے بجائے انتخابی اہلکاروں نے خود کی۔ اس سے قبل مشین سے کی گئی گنتی کے نتائج میں صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کے ووٹوں کی حتمی تعداد بہت قریب تھی۔ اس وجہ سے دوبارہ گنتی کی گئی۔ انتخابی افسر بریڈ رافنسپرجر نے دونوں نتائج کو درست قرار دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر نئی گنتی کی درخواست کر سکتے ہیں کیونکہ جو بائیڈن کی برتری ابھی بھی بہت معمولی ہے۔

[pullquote]کورونا کی دو ویکسین کی اس سال منظوری دی جا سکتی ہے، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین کی جانب سے رواں برس کے آخر تک کورونا وائرس کے انسداد کی دو ویکسین کی منظوری دی جا سکتی ہے۔ ای یو کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن نے جمعرات کو بتايا کہ دوا ساز کمپنی فائزر، بیون ٹیک اور ماڈرننا کی جانب سے ٹیسٹ کی گئی کورونا ویکسین آئندہ ماہ دسمبر کے اختتام سے قبل منظور کی جا سکتی ہیں۔ برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں کی ایک ویڈیو سمٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی رکاوٹ پیش نہ آنے کی صورت میں یورپی میڈیسن ایجنسی دسمبر میں ’مشروط مارکیٹنگ کی اجازت دے سکتی ہے‘۔ اطلاعات کے مطابق یورپی یونین اس ممکنہ ویکسین کے لیے فی ڈوز 15.5 یورو ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور فائزر بيون ٹیک کمپنی سے اس دوا کی 300 ملین خوراکیں خریدنے کے لیے 4.65 ارب یورو ادا کیے جائیں گے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا انفیکشن کی مجموعی تعداد 9 ملین سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

عالمی سطح پر نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ کروڑ 69 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 13 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر اب یورپ سمیت کئی خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا سرفہرست ہے، جہاں اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 15 ہزار افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور اس کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ اس فہرست میں بھارت 90 لاکھ کورونا کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اس جنوبی ایشیائی ملک میں اب تک ایک لاکھ 32 ہزار سے افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]دنیا کا ہر پانچواں بچہ مسلح تنازعے میں بڑا ہو رہا ہے، رپورٹ[/pullquote]

امدادی تنظیم سیوو دا چلڈرن کے مطابق دنیا کا تقریباً ہر پانچواں بچہ مسلح تنازعے کے سائے میں پرورش حاصل کر رہا ہے۔ تنظیم کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس 426 ملین لڑکیاں اور لڑکے اپنے علاقوں کے مسلح تنازعات سے متاثر ہوئے۔ بچوں کے لیے سب سے خطرناک ممالک افغانستان، کانگو، عراق، یمن، مالی، نائیجیریا، صومالیہ، سوڈان، جنوبی سوڈان اور شام بتائے گئے ہیں۔ سیوو دا چلڈرن تنظیم عالمی برادری سے دھماکہ خیز اسلحے کی تجارت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔

[pullquote]Booker-Preis vergeben. بُکر پرائز اسکاٹش مصنف ڈگلس اسٹورٹ کے نام[/pullquote]

اسکاٹش مصنف ڈگلس اسٹورٹ اپنے ناول ’شوگی بَین‘ کے لیے اس سال بُکر پرائز کے حقدار ٹھرے ہیں۔ امریکی شہر نیو یارک میں مقیم ڈگلس اسٹورٹ کا یہ ناول ایک لڑکے کے بارے میں ہے جو سن 1980 کی دہائی میں اپنی غریب اور شرابی والدہ کے ساتھ گلاسگو میں رہتا تھا۔ جیوری کے مطابق یہ ناول ’ہمت دلانے اور زندگی بدل دینے والا‘ ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے سبب اسٹورٹ کو لندن سے آن لائن اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بکر پرائز کے انعام کی رقم تقریباﹰ 56000 یورو ہے۔

[pullquote]ڈبلیو ایچ او کے سربراہ پر تیگرائی باغیوں کی حمایت کا الزام[/pullquote]

ایتھوپیا کی فوج کے سربراہ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس پر باغی علاقے تیگرائی کے رہنماوں کی حمایت کرنے اور ہتھیاروں کی خریداری میں مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ فوجی سربراہ جنرل بیرہانو جولا کے مطابق شمالی علاقے تیگرائی سے تعلق رکھنے والے گیبریاسس نے ٹیگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کی حمایت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور انہوں نے تیگرائی خطے کو ہتھیاروں کے حصول میں بھر پور مدد کی۔ فوجی سربراہ کی جانب سے تاہم ان الزامات کے سلسلے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ ادھر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس نے فی الحال ان الزامات پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

[pullquote]جرمنی میں چاقو سے حملہ، پانچ افراد زخمی[/pullquote]

مغربی جرمن شہر اوبرہاؤزن میں چاقو کے حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہيں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات انیس نومبر کی شب ایک خاندانی تنازعے کے نتیجے میں پیش آیا۔ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے پانچوں افراد بشمول حملہ آور، ہسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم ایک شخص کی حالت تشویش ناک بتای جا رہی ہے۔

[pullquote]ملکہ برطانیہ اور پرنس فلپ کی 73ویں شادی کی سالگرہ[/pullquote]

برطانیہ کی ملکہ الزبیتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ آج اپنی شادی کی 73ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی وجہ سے شاہی خاندان کے ديگر ارکان بکنگھم پیلیس کی تقريب میں شریک نہ ہو سکے۔ 94 سالہ ملکہ الزبیتھ اور 99 سالہ پرنس فلپ کی شادی دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے صرف دو برس بعد 20 نومبر سن 1947 کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے