پیر : 30 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مقتول ایرانی جوہری سائنسدان فخری زادہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی[/pullquote]

ایران کے مقتول جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کی نماز جنازہ آج پیر کے روز ادا کر دی گئی۔ انہوں نے دو عشرے قبل ایران کے فوجی نوعیت کے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی تھی۔ فخری زادہ کو گزشتہ جمعے کے روز عسکری نوعیت کے ایک ایسے حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا، جس کے لیے ایرانی حکام نے اسرائیل کو ذمے دار ٹھہرایا تھا۔ محسن فخری زادہ کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ملکی وزارت دفاع کے عمارت کے ایک کمپاؤنڈ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ فخری زادہ کا کام ’اور زیادہ توانائی اور تیز رفتاری سے‘ جاری رکھا جائے گا۔

[pullquote]سمندری حدود سے متعلق اسرائیلی لبنانی تنازعہ: مذاکرات ملتوی[/pullquote]

اسرائیل اور لبنان کے مابین سمندری حدود سے متعلق تنازعے میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یہ مذاکرات پرسوں بدھ دو دسمبر کو ہونا تھے۔ اس التوا کی آج پیر کے روز ایک لبنانی سکیورٹی اہلکار اور ایک اسرائیلی نمائندے نے بھی تصدیق کر دی۔ اسرائیل اور لبنان ایک دوسرے کے دیرینہ حریف ہیں اور ان کے مابین اقوام متحدہ کی ایک بیس پر یہ مذاکرات اکتوبر میں شروع ہوئے تھے۔

[pullquote]شمالی عراق میں راکٹ حملے کے بعد آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی[/pullquote]

شمالی عراق میں تیل صاف کرنے والی ایک آئل ریفائنری پر راکٹ سے کیے گئے ایک حملے کے بعد آگ لگ گئی۔ بغداد میں ملکی وزارت تیل نے بتایا کہ یہ حملہ اتوار کی شام کیا گیا، جس کے بعد چند گھنٹوں کے لیے اس ریفائنری میں ہر قسم کا کام بند رہا۔ عراقی صوبے صلاح الدین میں اس ریفائنری پر راکٹ حملہ وہاں تیل ذخیرہ کرنے کے ایک بہت بڑے ٹینک پر کیا گیا تھا۔ آگ پر چند گھنٹوں میں قابو پا لیا گیا۔ سرکاری ملکیت میں کام کرنے والی اس ریفائنری پر حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

[pullquote]فرانس میں سیاہ فام شہری پر پولیس کا تشدد، چار اہلکاروں پر فرد جرم عائد[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ایک سیاہ فام میوزک پروڈیوسر کے خلاف پولیس کی بےجا پرتشدد کارروائی کے باعث چار اہلکاروں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان میں سے تین پولیس اہلکاروں کو اپنے خلاف ان الزامات کا سامنا کرنا ہو گا کہ وہ اپنے سرکاری فرائض کی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے پرتشدد رویے کے مرتکب ہوئے۔ ملکی عدلیہ کے ذرائع نے بتایا کہ چار میں سے دو ملزمان تفتیشی حراست میں ہیں جبکہ باقی دو پولیس اہلکاروں کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ چاروں سکیورٹی اہلکاروں نے ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے ایک واقعے میں پیرس میں ایک افریقی نژاد میوزک پروڈیوسر کو مکے اور ٹھڈے مارے تھے اور اسے نسل پرستانہ گالیاں بھی دی تھیں۔ ویڈیو فوٹیج کی وجہ سے منظر عام پر آنے والے اس پرتشدد واقعے کی پورے فرانس میں شدید مذمت کی گئی تھی۔

[pullquote]منسک میں مظاہروں کے دوران سینکڑوں اپوزیشن کارکن گرفتار[/pullquote]

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں خود پسند صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف ہونے والے نئے عوامی مظاہروں کے دوران پولیس کے مطابق تقریباﹰ ڈھائی سو اپوزیشن کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کل اتوار کے روز احتجاجی مظاہروں کی ایک نئی لہر کے دوران ہزارہا شہری دوبارہ منسک شہر کی سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے چند ہفتے پہلے کے مقابلے میں نیا طریقہ یہ اپنایا کہ کسی ایک جگہ مرکزی اجتماع کے لیے جمع ہونے کے بجائے وہ بڑے بڑے گروپوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کرنے لگے تھے۔ اسی دوران سابق سوویت یونین کی اس جمہوریہ کے کئی دیگر شہروں میں بھی مظاہرین نے احتجاج کیا اور صدر لوکاشینکو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

[pullquote]کورونا کی عالمی وبا کے ب‍اعث ملیریا کی وجہ سے ایک لاکھ اضافی ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے اس سال ملیریا کے باعث تقریباﹰ ایک لاکھ تک اضافی انسانی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جنیوا میں بتائی گئی۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر بہت سے ممالک نے اپنی سرحدیں اور کئی صنعتیں بھی بند کر دیں، جس کے نتیجے میں ملیریا کی روک تھام کے لیے ادویات اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والی مچھر دانیوں کی ترسیل میں واضح خلل پڑا۔ اس کے علاوہ کئی ممالک میں وہ مالی وسائل بھی کورونا کے خلاف اقدامات کے لیے استعمال کیے گئے، جو ملیریا کی روک تھام کے لیے مختص تھے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ برس ملیریا کے باعث پوری دنیا میں چار لاکھ نو ہزار انسان ہلاک ہوئے تھے، جن کی اکثریت کا تعلق براعظم افریقہ سے تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے ہزاروں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے لَیمباٹا پر ایک بڑے آتش فشاں کے پھٹنے کی وجہ سے تقریباﹰ تین ہزار مقامی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑ گیا۔ حکام نے بتایا کہ لیواتولو نامی آتش فشاں پہاڑ گزشتہ تین روز کے دوران کل اتوار کو دوسری مرتبہ پھٹ پڑا تھا۔ اس کے دہانے سے نکلنے والی انتہائی گرم راکھ فضا میں چار ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ گئی تھی۔ حکام نے آج پیر کے روز بتایا کہ اس پہاڑ کے بہت قریب رہنے والے تقریباﹰ تین ہزار مقامی باشندوں کو وہاں سے نکال کر حکومت کی طرف سے قائم کردہ عارضی رہائش گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کی طرف سے ایک بار پھر وسیع تر مبینہ انتخابی دھاندلی کی شکایت[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ماہ کے اوائل میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے بعد سے اپنے اب تک کے پہلے ٹیلی وژن انٹرویو میں ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ اس الیکشن میں مبینہ طور پر وسیع تر دھاندلی ہوئی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ تین نومبر کو ہونے والی رائے دہی ایک ’مکمل دھوکا‘ تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ اپنی انتخابی ناکامی مستقبل میں بھی تسلیم نہیں کریں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت تو پیش نہ کیے تاہم یقین دلایا کہ ان کے پاس ’بہت سے‘ ثبوت موجود ہیں۔

[pullquote]ڈیگو میراڈونا کا آپریشن کرنے والے سرجن کے خلاف تفتیش[/pullquote]

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بال لیجنڈ ڈیگو میراڈونا کی موت کے بعد ملکی دفتر استغاثہ نے ان کے معالج کے خلاف چھان بین شروع کر دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ لیئوپولڈو لُوک نامی اس ڈاکٹر کے خلاف ’غفلت کے نتیجے میں ہلاکت‘ کے شبے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ اسٹیٹ پراسیکیوشن کے مطابق اس ڈاکٹر کی رہائش گاہ اور اس کے کلینک کی تلاشی بھی لی گئی ہے۔ ڈاکٹر لُوک نے رواں ماہ کے شروع میں میراڈونا کا ان کے دماغ کی ایک شریان میں خون جم جانے کی وجہ سے آپریشن کیا تھا۔ اس آپریشن کے دو ہفتے بعد ساٹھ سالہ میراڈونا کا انتقال ہو گیا تھا۔ مگر تب ان کی موت کی وجہ سرکاری طور پر دل کا دورہ بتائی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے