وفات کے بعد سرکاری مراعات لینے کیلیے اپنے قتل کا ڈرامہ کرنیوالا ملازم پکڑا گیا

فیصل آباد: سرکاری ادارے کے ملازم کا وفات کے بعد ملنے والے واجبات اور مراعات حاصل کرنے کے لیے اپنے قتل کا رچایا گیا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق چک جھمرہ کے علاقے میں 2 دسمبر کو قتل کے بعد سرکاری ادارے کے ملازم منصب کی لاش کو جلا کر ناقابل شناخت بنانے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد تفتیش کے لیے مقتول کے موبائل فون کا ریکارڈ نکلوایا تو واقعے کے 3 روز بعد مقتول کے نام پر نئی سم ایکٹو ہونے کا انکشاف ہوا، جب موبائل فون سم کی لوکیشن کو ٹریس کرکے پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا تو منصب زندہ مل گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم منصب نے پہلی بیوی کو طلاق دے کر کچھ عرصہ قبل دوسری شادی کی تھی اور اس نے وفات کے بعد ملنے والے سرکاری واجبات اور مراعات حاصل کر نے کے لیے بیوی کے ساتھ مل کر اپنے قتل کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ملزم منصب چند روز قبل چھٹی لے کر گھر آیا اور جنرل بس اسٹینڈ سے نشے کے عادی نا معلوم شخص کو ویران جگہ ساتھ لے جا کر چھری کے وار کر کے قتل کیا جب کہ لاش کو نا قابل شناخت بنانے کے لیے پیٹرول چھڑک کر جلا دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ واقعے کو اپنے قتل کا رنگ دینے کے لیے اپنی وردی، شناختی کارڈ کی کاپی اور جوتے لاش کے پاس چھوڑ دیے تھے۔

پولیس نے تھانہ فیڈمک میں ملزم منصب کے قتل کا مقدمہ بھی نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے ہاتھوں قتل ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی جس کے ورثاء کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے