اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا ہندوتوا کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ دنیا کو ہماری کہانی بتانا لازمی ہے، ہمارا قصہ سچ پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہونے کی حیثیت سے جانتا ہوں کہ بھارت نے کبھی پاکستان کو قبول نہیں کیا، مودی نے اپنا اصل چہرہ دنیا کو دکھایا ہے، مودی نے دنیا کو بتایا کہ ہندوستان جمہوری نہیں فاشسٹ ملک ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ دنیا کو ہندوستان کا اصل چہرہ دکھانا لازمی ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے، بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے بھارت جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہا پسند حکومت کے عزائم سے خطےکے امن کو خطرات لاحق ہیں۔