کراچی: نمائش چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جب کہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق منگل کی صبح 5 مسلح ملزمان لوٹ مار کی نیت سے پاسٹر جارج ہاؤس میں داخل ہوئے اور ملزمان نے گھر کے رہائشیوں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا، اسی دوران پاسٹر جارج کے بیٹے نے پولیس کو 15 پر ڈاکوؤں کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے بنگلے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کے لیے فائرنگ کی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 ڈاکو زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کو سول اور 2 کو جناح اسپتال منتقل کیا گیاجہاں پر سول اسپتال میں زیر علاج اسد نامی ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی ڈاکو افغانی ہیں، زخمیوں میں صادق، عبداللہ اور طور جان شامل ہیں جب کہ ایک ڈاکو فرار ہوگیا جس کی تلاش کی جارہی ہے۔