ہفتہ : 16 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران میں فوجی مشقیں، بحر ہند میں بیلسٹک میزائل فائر[/pullquote]

ایران نے فوجی مشقوں کے دوران ہفتے کے دن بحر ہند میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔ ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے مطابق ان مشقوں کے پہلے دن بروز جمعہ مقامی سطح پر تیار کردہ ڈرون طیاروں اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات بھی کیے گئے۔ یہ فوجی مشقیں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار کے آخری دنوں میں ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔

[pullquote]امریکی فوجیوں کا انخلا، افغان طالبان کی طرف سے ستائش[/pullquote]

افغان طالبان نے ملک میں تعینات امریکی افواج کے تازہ ترین انخلا کو سراہتے ہوئے اسے ایک ’اچھی پیش رفت‘ قرار دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے امریکی فورسز کا بتدریج انخلا قیام امن کے لیے اچھی پیش رفت ہے۔ قبل ازیں امریکی محکمہ دفاع نے کہا تھا کہ افغانستان متعین امریکی فوجیوں کی تعداد مزید کم کر کے ڈھائی ہزار کر دی گئی ہے۔ تقریبا دو دہائیوں سے جاری افغان جنگ کے دوران اس شورش زدہ ملک میں امریکی افواج کی یہ کم ترین تعداد ہے۔ دوحہ امن ڈیل کے نتیجے میں امریکا نے اپنے فوجی واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]قطر میں سعودی سفارت خانہ جلد کھول دیا جائے گا، سعودی وزیر خارجہ[/pullquote]

سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں قطر میں سعودی سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ فیصل بن فرہان نے کہا کہ انتظامی معاملات کو حتمی شکل دیتے ہوئے جلد ہی سفارتی تعلقات باقاعدہ طور پر بحال کر دیے جائیں گے۔ امریکی ثالثی میں ہونے والی ایک ڈیل کے نتیجے میں ان خلیجی ممالک کے اختلافات کو دور کیا گیا ہے۔ سن دو ہزار سترہ کے وسط میں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے بھی قطر کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ الزام عائد کیا گیا تھا کہ دوحہ حکومت دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ناقدین کے مطابق خلیجی ممالک میں دوبارہ اتحاد پیدا کرنے کی کوشش دراصل ایران کے خلاف اتحاد کو مضبوط بنانا ہے۔

[pullquote]جرمنی، آرمین لاشیٹ برسر اقتدار سیاسی پارٹی کے نئے سربراہ[/pullquote]

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ آرمین لاشیٹ کو جرمنی کی برسر اقتدار سیاسی پارٹی کرسچین ڈیموکریٹک یونین کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ چانسلر انگیلا میرکل کی سبکدوشی کے بعد اس عہدے پر براجمان ہوں گے۔ یوں لاشیٹ کے آئندہ وفاقی چانسلر بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ہفتے کے دن منعقد ہونے والی پارٹی کی آن لائن کانفرنس میں ممبران نے لاشیٹ کا انتخاب کیا۔ انسٹھ سالہ لاشیٹ نے کہا ہے کہ وہ چانسلر انگیلا میرکل کی پالیسیوں پر عمل پیرا رہیں گے۔

[pullquote]یوگنڈا کے صدارتی الیکشن، موسیونی پھر ’کامیاب‘[/pullquote]

یوگنڈا میں جمعرات کو ہوئے الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق طویل عرصے سے برسر اقتدار یووری موسیونی ایک مرتبہ پھر کامیاب ہو گئے ہیں۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق اکانوے فیصد ووٹوں کی گنتی ہو چکی ہیں، جن کے مطابق موسیونی تقریبا انسٹھ فیصد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم مرکزی اپوزیشن رہنما بوبی وائن نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس انتخابی عمل کو مسترد کر دیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دارالحکومت کمپالہ میں فوج تعینات کر دی گئی ہے اور انہیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

[pullquote]کورونا سے عالمی ہلاکتیں دو ملین سے متجاوز[/pullquote]

کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی ہلاکتوں کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وائرس کی نئی قسم انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور عالمی سطح پر یومیہ سات لاکھ سے زائد افراد اس نئی قسم سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کے طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کووڈ کی نئی قسم مزید تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ اس صورتحال میں عالمی ادارہ صحت نے اپیل کی ہے کہ کووڈ ویکسین لگانے کے عمل میں تیزی لائی جائے تاہم ویکیسن بنانے والی امریکی کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ جنوری میں ویکسین کی سپلائی میں سستی پیدا ہو گی۔

[pullquote]بھارت میں دنیا کی سے سے بڑی کووڈ مہم کا آغاز[/pullquote]

بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ہفتے کے دن نئی دہلی کے ایک سرکاری ہسپتال میں سب سے پہلے ایک ہیلتھ ورکر کو ویکیسن لگائی گئی۔ اس مہم کے تحت بھارت کی ایک اعشاریہ تین بلین آبادی میں سے تین سو ملین افراد کو وسط جولائی تک یہ ویکیسن لگائی جائے گی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے نشریاتی خطاب میں اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک نے ابھی تک اتنی بڑی مہم شروع نہیں کی ہے۔ بھارت اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]نئی امریکی پابندیوں پر ہانگ کانگ کا سخت ردعمل[/pullquote]

ہانگ کانگ نے امریکا کی طرف سے چھ چین نواز عہدیداروں پر عائد کردہ نئی پابندیوں کو ’پاگل پن، باعث شرم اور قابل نفرت‘ قرار دے دیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے جمعے کے دن درجن بھر افراد پر پابندیاں عائد کی تھیں، جن میں ہانگ کانگ کی ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہانگ کانگ کے اقتصادی مرکز میں جمہوریت نواز پچاس کارکنان کی گرفتاری کی وجہ سے یہ امریکی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ہانگ کانگ میں چین نواز حکومت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پابندیوں کو چین کے داخلی معاملات کے مترادف قرار دیا ہے۔

[pullquote]یورپی ممالک میں کووڈ ویکسین کی ڈیلیوری میں تاخیر[/pullquote]

آئندہ کچھ ماہ کے دوران یورپی یونین رکن ممالک کو بائیو ٹیک فائزر کی کووڈ ویکسین کے کم یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کمپنی کے مطابق وہ اپنی پروڈکشن میں تیزی لانے کی کوشش میں ہے تاکہ ویکسین کی عالمی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ طے شدہ ویکیسن یونٹس کی تعداد میں کمی پر متعدد یورپی ممالک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس ’ناقابل قبول‘ قرار دے دیا ہے۔ اس ویکسین کی ڈیلیوری میں جرمنی میں بھی ایک ماہ کے لیے تاخیر ہو جائے گی۔ برلن حکومت نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ویکسین ڈیلیوری کے حوالے سے ضابطے طے کیے جائیں۔

[pullquote]اسکینڈل کی زد میں آئی ہوئی ڈچ حکومت مستعفی[/pullquote]

ہالینڈ میں بچوں کو دی جانے والی مراعات کے ایک اسکینڈل کی زد میں آئی ہوئی ڈچ حکومت نے استعفی دے دیا ہے۔ وزیر اعظم مارک رُٹے نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس باعث ہزاروں والدین کو ’بڑی ناانصافی‘ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس اسکینڈل میں حکومت نے خصوصی مراعات حاصل کرنے والے بیس ہزار والدین کو فراڈ کرنے والوں کی فہرست میں ڈال تھا، جس کی وجہ سے ان والدین کو سخت مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مارک رُٹے کی حکومت ایک ایسے وقت پر مستعفی ہوئی ہے، جب کچھ ہفتوں بعد ہالینڈ میں الیکشن کا انعقاد ہونا طے ہے۔

[pullquote]کووڈ کی نئی قسم، برطانیہ نے سخت سفری پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]

برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ کووڈ کی نئی قسم کا مقابلہ کرنے کی خاطر پیر سے سخت سفری پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے پر شخص کو منفی کووڈ ٹیسٹ دکھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے ضابطے پندرہ فروری تک لاگو رہیں گے۔ جانسن کے مطابق کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کی خاطر عوام کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ کورونا کی نئی قسم سب سے پہلے برطانیہ میں ہی تشخیص کی گئی تھی۔

[pullquote]طالبان کا حملہ، ہرات میں بارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے صوبہ ہرات میں بارہ مقامی سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام نے ہفتے کو بتایا کہ یہ سپاہی جمعے کی شب کھانا کھا رہے تھے کہ تین طالبان نے ان پر اچانک حملہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور بعد ازاں سکیورٹی اہلکاروں کے ہتھیار لے کر فرار ہو گئے۔ جمعے کے دن ہی قندوز صوبے میں بھی طالبان کے حملوں میں دس سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے تھے۔ گزشتہ برس ستمبر میں طالبان اور امریکا کے مابین امن ڈیل کے بعد بھی افغانستان میں تشدد پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر میرکل کا سیاسی جانشین آج منتخب کیا جا رہا ہے[/pullquote]

جرمن سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین آج ہفتے کے دن پارٹی کا نیا سربراہ چنے گی۔ ابھی تک واضح نہیں کہ چانسلر انگیلا میرکل کا جانشین کون ہو گا۔ میرکل کی قدامت پسند پارٹی کے ایک ہزار ایک ممبران آن لائن سیشن میں حصہ لیں گے، جس دوران پارٹی کے نئے سربراہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس دور روزہ ورچوئل کانفرنس کے پہلے دن بروز جمعہ انگیلا میرکل نے پارٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا پارٹی لیڈر روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تمام ممبران کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے