[pullquote]غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری، سلامتی کونسل کا اجلاس[/pullquote]
آج منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں اور فلسطینی عسکری گروہوں کی جانب سے راکٹ حملوں پر بات کی جائے گی۔ گزشتہ ہفتے سے جاری اس مسلح تنازعے میں اب تک دو سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سفارتی سطح پر اسرائیل پر لڑائی روکنے کے لیے بے حد دباؤ ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے پیر کی شب واضح الفاظ میں کہا ہے کہ غزہ میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے دس مئی کو غزہ میں حماس کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا۔ ان حملوں میں اب تک 212 افراد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 61 بچے بھی شامل ہیں۔ راکٹ حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں ایک بچے سمیت دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
[pullquote]کورونا سے متاثرہ بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، 24 ہلاکتیں[/pullquote]
کورونا سے شدید متاثرہ بھارت میں منگل کو بڑے سمندری طوفان نے مزید تباہی مچا دی ہے۔ بتایاگیا ہے کہ اس سمندری طوفان کے نتیجے میں کم ازکم 24 افراد ہلاک جب کہ قریب ایک سو لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ سمندری طوفان ایک ایسے وقت میں مغربی بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرایا ہے، جب بھارت میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کا ایک نیا ریکارڈ دیکھا گیا ہے۔ پیر کی شب یہ طوفان گجرات کے ساحلوں سے ٹکرایا تو اس کے ساتھ چلنے والے تیز رفتار ہواؤں کی وجہ سے درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور ایک بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا۔
[pullquote]لبنانی وزیر کی خلیجی ممالک پر تنقید، وزیراعظم ناخوش[/pullquote]
لبنانی عبوری وزیرخارجہ شربل وھبہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ خلیجی ممالک خطے میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے پھیلاؤ میں ملوث رہے ہیں۔ سن 2014 میں داعش نے شام اور عراق کے ایک وسیع علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس تناظر میں بات کرتے ہوئے وہبہ نے کہا کہ داعش کو نینوا سے انبار اور پالمیرا تک پھیلانے والے ممالک وہی ہیں جو محبت اور دوستی کے دعوے دار بھی ہیں۔ گو انہوں نے خلیجی ممالک کا براہ راست نام نہیں لیا، تاہم ان کے اس سخت بیان کو وزیراعظم سعد الحریری نے نامنظور کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو پہلے ہی تناؤ اور مسائل کا شکار ہیں۔
[pullquote]ترک سکیورٹی فورسز نے شامی ساحل کے قریب ڈیڑھ ٹن بھنگ قبضے میں لے لی[/pullquote]
ترک سکیورٹی فورسز نے ڈرونز اور اسپیڈ بوٹس کے ذریعے شامی ساحل کے قریب سے ڈیڑھ ٹن کینابس یا بھنگ برآمد کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں کیے گئے اس آپریشن میں 135 سکیورٹی اہلکاروں نے شرکت کی۔ نائب وزیرداخلہ محمد ارسوئی نے بتایا کہ یہ بھنگ ایک ماہی گیر کشتی پر لدی ہوئی تھی۔ حکومتی بیان کے مطابق تلاشی کے لیے اس کشتی کی جانب بڑھا گیا تو اسمگلروں نے منشیات سمندر برد کرنا شروع کر دیں، تاہم ان تیرتے ہوئے پیکٹوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔
[pullquote]بائیڈن کی نیتن یاہو سے دوبارہ گفتگو، سیز فائر کی حمایت[/pullquote]
امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے بات چیت میں سیزفائر کے حمایت کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے فوری سیزفائر کا مطالبہ نہیں کیا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے انتہائی محتاط الفاظ میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے اسرائیل کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ جوبائیڈن کو امریکی قانون سازوں کی جانب سے فوری فائربندی کے مطالبات کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے اس گفتگو میں فوری فائربندی کا نہیں کہا۔ اسرائیلی فوج کا موقف ہے کہ وہ غزہ میں حماس کے ڈھانچے کو کم زور بنانے تک فضائی حملے جاری رکھے گی۔
[pullquote]ایل سیلواڈور کے صدر کے قریبی رفقا کرپشن میں ملوث ہیں، امریکی رپورٹ[/pullquote]
ایل سیلواڈور کے صدر نائِب بوکیلے کے قریبی رفقا کے نام امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اس فہرست میں شامل کر دیے گئے ہیں جو امریکا کی نظر میں بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ان میں ایل سیلواڈور کی کابینہ کے سربراہ کا نام بھی شامل ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس فہرست میں ایل سیلواڈور کے پانچ اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی امریکا اور سیلواڈور میں کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی موقف ہے کہ وسطیٰ امریکی خطے میں بدعنوانی غیرقانونی مہاجرت کی بنیادی وجہ ہے۔
[pullquote]لبنان سے راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی توپ خانے کی جوابی کارروائی[/pullquote]
اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز کہا کہ لبنان کی جانب سے راکٹ داغے جانے کی کوشش کے بعد اسرائیلی توپ خانے نے لبنان کی جانب گولے داغے۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان سے راکٹ فائر کرنے کی چھ ناکام کوششوں کی نشاندہی ہوئی تاہم داغے جانے والے راکٹ اسرائیلی حدود میں داخل نہیں ہو سکے، جس کے بعد اسرائیلی آرٹلری نے ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے یہ راکٹ فائر کیے گئے۔ لبنانی فوجی ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان سے اسرائیل کی جانب تین راکٹ فائر کیے گئے۔
[pullquote]گوانتانامو بے کے سب سے پرانے قیدی کی رہائی کی منظوری[/pullquote]
امریکا نے کیوبا میں قائم امریکی حراستی مرکز گوانتانامو بے میں قید سب سے پرانے قیدی کی رہائی کی منظوری دے دی ہے۔ 73 سالہ پاکستانی قیدی پچھلے 16 برس سے اس حراستی مرکز میں بند ہے۔ سیف اللہ پراچہ نامی اس قیدی کو دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اس قیدی پر کبھی باقاعدہ طور پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ ان کے وکیل نے نومبر میں ان کی نمائندگی کی تھی اور یوں نظرثانی بورڈ نے پراچہ کو دیگر دو افراد سمیت الزامات سے بری قرار دیا تھا۔ اس بارے میں تفصیلی فیصلہ تو جاری نہیں کیا گیا، تاہم کہا گیا کہ ’پراچہ اب خطرہ نہیں رہے‘۔
[pullquote]امریکی اداروں اور نجی کمپنیوں پر ہوئے سائبر حملے میں ملوث نہیں، روسی خفیہ ادارہ[/pullquote]
روسی خفیہ سروس SVR کے سربراہ نے امریکا کے نو وفاقی اداروں اور پرائیویٹ سیکٹر کی سینکڑوں کمپنیوں پر ہوئے دی سولر ونڈز نامی سائبر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو رد کیا ہے۔ سولر ونڈز نامی اس سائبر حملے کی ذمہ داری امریکا اور برطانیہ نے روسی خفیہ ادارے ایس وی آر پر عائد کی تھی۔ ایس وی آر کے سربراہ سیرگئی ناریشکن نے ایک برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں کہا کہ یہ دعوے ایک بُرے جاسوسی ناول طرز کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا ادارہ یہ حملہ کرتا تو وہ اس پر خوش ہوتے، تاہم وہ دوسروں کی تخلیقی کامیابیوں کو اپنے نام سے موسوم کرنے کے حق میں نہیں۔
[pullquote]اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے 38 ہزار فلسطینی بے گھر[/pullquote]
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے سبب 38 ہزار سے زائد فلسطینی گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ڈھائی ہزار ایسے افراد ہیں، جن کے مکانات ان فضائی کارروائیوں میں تباہ ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کے مطابق یہ افراد 48 اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ غزہ پٹی میں بجلی کی ترسیل کو چھ سے آٹھ گھنٹے روزانہ تک محدود کیا جا چکا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں غزہ میں 41 تعلیمی مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
[pullquote]عراق میں ایک عسکری آپریشن میں ایک سینیئر کرد عسکریت پسند ہلاک کر دیا، ایردوآن[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترک فوج نے شمالی عراق میں ایک آپریشن میں کردستان ورکرز پارٹی کا ایک اعلیٰ عسکری کمانڈر ہلاک کر دیا ہے۔ ایردوآن نے کابینہ کے اجلاس کے بعد بتایا کہ پی کے کے کا یہ عسکری لیڈر صوفی نوردین کے کوڈ نام سے مشہور تھا اور یہ شامی تھا۔ واضح رہے کہ کردستان ورکرز پارٹی طویل عرصے سے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے برسرپیکار ہے، جب کہ ترکی اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔