جمعرات : 20 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]غزہ کوکھنڈر بنانےکے بعد بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری[/pullquote]

غزہ کوکھنڈر بنانےکے بعد بھی اسرائیل پر جنگی جنون سوار ہے اور محصور فلسطینیوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیل نے مزید 30 فضائی حملوں میں غزہ سٹی، خان یونس کی سڑکوں اور گھروں کو نشانہ بنایا جس میں ایک فلسطینی شہید اور تیرہ سے زائد زخمی ہوئے۔11 روز سے جاری حملوں میں غزہ کا انفراسٹرکچر تباہ ہوکر رہ گیا ہے، اسپتال ، تعلیمی ادارے اور رہائشی عمارتیں تباہی کا شکار ہیں۔دوسری جانب امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہاسرائیل اور حماس کے درمیان جمعے کی صبح تک فائر بندی ہونے کا امکان ہے۔

[pullquote]امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ پر حملوں میں فوری کمی کا مطالبہ کردیا[/pullquote]

امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ پر حملوں میں فوری کمی اورکشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کردیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اوراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ پر حملوں میں فوری کمی اورکشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی میڈیا کادعویٰ ہےکہ نیتن یاہو نے جوبائیڈن کوبتادیا کہ اہداف کے حصول تک غزہ میں جنگی کارروائی جاری رہےگی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ویڈیو بیان میں بھی حماس کے خلاف حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

[pullquote]امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے فلسطینیوں کی حمایت میں قرارداد پیش کردی[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے امریکی سینیٹ میں فلسطینیوں کی حمایت میں قراردار پیش کردی۔برنی سینڈرز نے کہا کہ یہ قرارداد امریکا اور دنیا بھر کے اکثریتی عوام کے جذبات کی عکاس ہے، ہر فلسطینی کی زندگی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے ہم فوری فائربندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کے لیے ہمیں پاپائے روم، یورپی یونین، سیکرٹری جنرل اور دیگرکی حمایت حاصل ہے، تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں تاکہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ 64 بچے اور 38 خواتین سمیت فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو اہمیت کیوں نہیں دی جا رہی، بعض امریکی سینیٹرزکا صرف اسرائیلی ہلاکتوں کی مذمت کرنا افسوسناک ہے۔

[pullquote]موسمیاتی تبدیلی اورمسلح تصادم نے گزشتہ سال 40 ملین افراد کو بے گھر کیا[/pullquote]

اوسلو: دنیا بھر میں گھروں سے بےدخل افراد کی تعداد 55 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔شدید طوفان، مسلح تصادم اور پُر تشدد واقعات نے گزشتہ سال 40 اعشاریہ 5 ملین افراد کو بے گھر افراد کی فہرست میں شا مل کردیا ہے۔ اس بات کا انکشاف انٹرنل ڈسپلیسمینٹ مانیٹرنگ سینٹر( آئی ایم ڈی سی) اور نارویجئین ریفیوجی کاؤنسل( این آر سی) کی جانب سے شائع ہونے والی مشترکہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم اور قدرتی آفات نے گزشتہ سال ہر سیکنڈ میں ایک فرد کو اپناملک چھوڑنے مجبور کیا، جس کی وجہ سے انٹرنل ڈسپلیسڈ افراد( آئی ڈی پیز کی اصطلاح ایسے لوگوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جنہیں جبرا ان کے گھروں سے بے دخل کردیا جاتاہے لیکن وہ اپنے ملک کی سرحدوں پر ہی رہتے ہیں، عموما انہیں پناہ گزین بھی کہا جاتا ہے، تاہم یہ پناہ گزینوں کی قانونی تشریح پر پورا نہیں اترتے) کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ جب کہ کووڈ-19 کی وجہ سے دنیا بھر میں نقل و حرکت پر پابندی عائد تھی، اور مبصرین کو بے گھروں کی تعداد میں کمی کی توقع تھی۔ لیکن 2020 میں آئی ڈی پیز کی تعداد، گزشتہ ایک دہائی میں رپورٹ ہونے والے اعداد و شمار میں سب سے زیادہ ہے۔این آر سی کے چیف جین ایگلینڈ نے اپنے بیان میں اس رپورٹ کے نتائج کو بہت ’دہشت ناک ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ ہم دنیا کے سب سے زیادہ غیر محفوظ افراد کو تصادم اور آفات سے تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں‘۔

[pullquote]اسرائیل فلسطین تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ[/pullquote]

ریاض: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے جس کی وجہ سے پائیدار امن کا راستہ مشکل ہورہا ہے۔ایک انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کا تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے جس کے باعث امن کا راستہ مزید مشکل ہوتاجارہا ہے لہذا عالمی برادری کشیدگی ختم کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کرے، اس تنازع کی وجہ سے خطہ میں دیگر طاقتیں مضبوط ہورہی ہیں۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے تشدد کو ختم کرنا ہوگا اور انتہائی سنجیدگی سے امن کی بات کرتے ہوئے مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا، ہمارا پہلا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کو شروع کروانا ہے کیوں کہ پائیدار امن کا یہی واحد راستہ ہے۔

[pullquote]ہلمند میں سڑک کنارے بم دھماکے میں 9 افراد ہلاک[/pullquote]

کابل: افغان صوبے ہلمند میں سڑک کنارے بم پھٹنے سے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہلمند میں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 2 بچے زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ ابھی تک کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے