جمعہ : 21 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی پر اتفاق[/pullquote]

مشرق وسطیٰ کے بحران زدہ خطے میں گیارہ روز تک شدید لڑائی اور خونریزی کے بعد اسرائیل اور حماس نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا۔ مقامی وقت کے مطابق 2 بجے صبح سے اس جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا اور تاحال اطلاعات کے مطابق اب تک نہ تو نیا راکٹ حملہ اور نہ ہی گولہ باری ہوئی ہے۔ تاہم حماس اور اسرائیل دونوں کی طرف سے متنبہ کر دیا گیا ہے کہ مصر کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی کسی بھی فریق کی طرف سے خلاف ورزی اس معاہدے کو فوری طور سے ختم کر دے گی۔ اس حالیہ جنگ کے دوران دو سو بتیس فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں 65 بچے اور 39 خواتین شامل ہیں جبکہ انیس سو کے قریب زخمی ہوئے۔ جبکہ حماس کی طرف سے اسرائیل پر ہونے والے حملوں میں 12 اسرائیلی بھی مارے گئے ہیں۔

[pullquote]سیز فائر ڈیل امن کا سنہری موقع ہے، جو بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے مابین سیز فائر کی ڈیل امن کی طرف بڑھنے کا ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں عبوری امن کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ فریقین کو پائیدار امن کو یقینی بنانے کی کوشش کرنا چاہیے۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن حکومت اسرائیل کو انٹرسپٹر میزائلز فراہم کرے گی جبکہ فلسطینی علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے کاموں کے لیے امداد بھی یقینی بنائے گی۔

[pullquote]مینمار: سوچی کی پارٹی کی تحلیل کی خبریں[/pullquote]

میڈیا رپورٹ کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد ، نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی کی این ایل ڈی پارٹی کو تحلیل کیے جانے کے آثار ہیں۔ نیوز پورٹل "میانمار ناؤ” کی خبر کے مطابق ، فوج کے ذریعہ قائم کردہ الیکشن کمیشن نے اس عمل کا جواز انتخابی دھاندلی بتایا ہے تاہم اب تک اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس وقت کی ڈی فیکٹو ہیڈ آف گورنمنٹ سو چی نے سن 2020 میں پارلیمانی انتخابات میں واضح طور پر کامیابی حاصل کی تھی۔ فروری میں فوج نے بغاوت کی اور اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی سول قیادت کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے جاری عوامی احتجاج میں کئی سو مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں۔

ڈریسڈن میں سیاحوں پر چاقو حملہ کرنے والے کو عمر قید

جرمن صوبے سکسنی کے دارالحکومت ڈریسڈن میں دو سیاحوں پر چاقو کا مہلک حملہ کرنے والے 21 سالہ نوجوان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ ڈریسڈن ہائیر ریجنل کورٹ نے اس شامی باشندے کو قتل ، اقدام قتل اور خطرناک جسمانی نقصان پہنچانے جیسے جرائم کا مرتکب قرار دیا۔ مزید برآں ، ججوں نے مجرم کی احتیاطی نظربندی کو محفوظ رکھنے کا حکم دیا۔ شامی نوجوان مجرم کو انتہا پسند مسلم اور ہم جنس پرستوں سے نفرت کرنے والا بھی قرار دیا گیا۔ اکتوبر سن 2020 میں ، اس نے ڈریسڈن میں دو سیاحوں پر پیچھے سے وار کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک 55 سالہ سیاح ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اس کی زندگی کا ساتھی بمشکل ہی زندہ بچ گیا۔

[pullquote]لبنانی حزب اللہ کا فلسطینیوں کی ’تاریخی فتح‘ کا خیر مقدم[/pullquote]

ایران کی حمایت یافتہ لبنانی حزب اللہ نے اسرائیل اور عسکریت پسند حماس کے مابین 11 روزہ خونریزی کے بعد جمعہ سے جنگ بندی کے اطلاق کو فلسطینیوں کے لیے ایک ’تاریخی فتح‘ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی تعریف کی ہے۔ لبنانی شیعہ عسکریت پسند گروپ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ’حزب اللہ فلسطینیوں کو صیہونی دشمن کے خلاف بہادری کے ساتھ مزاحمت جاری رکھنے اور تاریخی فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے‘۔ حزب اللہ نے 2006 ء میں اسرائیل کے خلاف ایک تباہ کُن جنگ لڑی تھی اور تب سے یہ لبنانی سیاست میں ایک طاقتور قوت بنی ہوئی ہے۔ غزہ کے اسلام پسند حماس کے لیڈران کے لبنانی سیاستدانوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

[pullquote]لیڈی ڈیانا کے بیٹوں کو بی بی سی کا معذرتی خط جاری[/pullquote]

1995ء میں شہزادی ڈیانا کے ساتھ بی بی سی کی طرف سے دھوکے سے کیے گئے ایک انٹرویو کی تحقیقاتی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کے دونوں بیٹوں کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔ یہ انٹرویو مارٹن بشیر نے کیا تھا۔ دریں اثناء بی بی سی اور مارٹن بشیر دونوں کی طرف سے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کو معذرتی خط روانہ کر دیا گیا۔ دونوں شہزادوں نے بی بی سی کی غیر معیاری رپورٹنگ اور جعلی طریقے سے انٹرویو لینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان اقدامات کا ان کے والدین کی شادی خراب ہونے میں بڑا کردار تھا۔ پرنس ہیری نے میڈیا کو اپنی ماں کی موت کا بھی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ مارٹن بشیر نے ڈیانا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کا استعمال کیا۔ بی بی سی نے بعد ازاں اس دھوکا دہی پر مبینہ طور پر پردہ ڈال دیا۔

[pullquote]بھارت کے دیہی علاقوں میں کورونا سے نمٹنے کی کوشش[/pullquote]

بھارتی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطر دیہی علاقوں میں بھی ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کا کام شروع کر دیا ہے۔ بھارت میں اس عالمی وبا کی دوسری لہر کی وجہ بحرانی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اب تک اس جنوب ایشائی ملک میں پچیس ملین افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ اسی ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرین کی حقیقی تعداد ان حکومتی اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

[pullquote]برلن کے برانڈنبرگ گیٹ پر اسراسیل کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ[/pullquote]

جرمن دارالحکومت کے تاریخی مقام برانڈنبر گیٹ پر جرمنی کے چوٹی کے سیاستدانوں نے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ریلی میں شرکت کی۔ جرمنی کے وائس چانسلر اولاف شُلس نے اس موقع پر کہا کہ یہودی ریاست کی سلامتی جرمنی کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ شُلس کے بقول یہ محض لفظی بات نہیں بلکہ اس کا تعلق سکیورٹی پالیسی معاملات میں ٹھوس اقدامات اور باہمی تعاون سے ہے۔ اس موقع پر جرمنی کی وزیر انصاف کرسٹینے لامبرشٹ نے اپنی تقریر میں کہا کہ جرمنی میں سامیت مخالف جذبات کے حامل افراد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا اشارہ گزشتہ چند روز کے دوران اسرائیل فلسطین جنگ کے ضمن میں جرمنی میں ہونے والے متعدد اسرائیل مخالف مظاہروں کی طرف تھا۔

[pullquote]ارجنٹائن میں دوبارہ سخت تر لاک ڈاؤن[/pullquote]

جنوبی امریکی ریاست ارجنٹائن میں کورونا وبائی امراض کی ایک نئی لہر کے سبب حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کی زد میں اور زیادہ متاثرہ علاقوں میں شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کا اعلان ملکی صدر البرٹو فرنانڈس نے کیا۔ کرفیو کے اوقات کے علاوہ دن کے وقت بھی شہریوں کو اپنے رہائشی علاقوں کے حدود کے اندر ہی رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ضرورت کی اشیا کے اسٹورز کھلے رہیں گے جبکہ ڈے کیئر اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ ارجنٹائن کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک کورونا کی وبا کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین: 1.8 بلین اضافی کورونا ویکسین کی فراہمی کی یقین دہانی[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے یورپی چیپٹر کے ڈائریکٹر ہانس کلوگے نے کہا ہے پہلے سے منظور شدہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسینSARS-CoV-2 کی موجودہ تمام مختلف پیتھوجینز کے خلاف موثر ہے۔ ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ہانس کلوگے نے تاہم اب بھی وبائی امراض کے سلسلے میں بہت زیادہ احتیاط برتنے پر زور دیا۔ دریں اثناء یورپی یونین نے1.8 بلین تک ویکسین کی اضافی خوراکوں کی فراہمی کے لیے بائیون ٹیک فائزر کے ساتھ ایک معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بین الاقوامی برادری کے لیے سال 2021ء تا 2023 ء کے دوران ویکسین کی خوراکوں فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔

[pullquote]فجی میں ماہی گیری کشتی میں تشدد کے واقعے کے سبب پانچ افراد کی ہلاکت[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے حکام نے کہا ہے کہ فجی کے نزدیک ایک فشنگ بوٹ پر رواں ہفتے مبینہ تشدد کے واقعات کے سبب اس پر سوار 6 میں سے پانچ افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ان پانچوں نے ٹونا بوٹ پر سے چھلانگ لگا دی تھی۔ اس بوٹ کے عملے کا چھٹا رکن جمعرات کو زندہ پایا گیا جبکہ مزید دو افراد جو اس کشتی میں سوار تھے، کو فوجی گشتی کشتی کے ذریعے نکالنے کی کوشش جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کی فوج نے تلاش کے کام میں مدد کی اور اس کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے پانچوں کشتی سواروں نے لائف جیکٹس نہیں پہنے تھے۔

[pullquote]یونان میں جنگلاتی آگ سے تباہی[/pullquote]

یونان میں جنگلاتی آگ کی وجہ سے درجنوں مکانات خاکستر ہو گئے۔ دارالحکومت ایتھنز سے ستر کلو میٹر دور واقع متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ممکنہ تباہی کے پیش نظر مجموعی طور پر اٹھارہ آبادیوں اور دو خانقاہوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی ہلاکت کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے