منگل : یکم جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ڈنمارک کی سیکرٹ سروس وضاحت کرے، جرمنی اور فرانس کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے ڈنمارک سے اس کی انٹیلیجنس سروس کی طرف سے امریکا کے بیرون ملک جاسوسی کرنے والے ادارے این ایس اے کی چوٹی کے یورپی سیاست دانوں کی جاسوسی میں مدد کے بارے میں وضاحت طلب کر لی ہے۔ ڈنمارک کے نشریاتی ادارے نے ملکی خفیہ سروسز کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس جاسوسی کے دوران جرمن چانسلر انگیلا میرکل، وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے چانسلر کے عہدے کے سابق امیدوار پیئر اشٹائن بروک کی بات چیت خفیہ طور پر سنی گئی تھی۔ یہ جاسوسی سن 2012 اور سن 2014 کے درمیان کی گئی۔ فرانسیسی صدر ماکروں نے اس اقدام کو اتحادیوں اور یورپی پارٹنرز کے حوالے سے ناقابلِ قبول قرار دیا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں باہمی اعتماد کی بحالی اشد ضروری ہے۔

[pullquote]لندن حکومت کا مزید افغان ملازمین کو برطانیہ منتقل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نیٹو اور امریکی افواج کے انخلا سے قبل وہ اپنے افغان عملے کی منتقلی کا عمل تیز تر کر رہی ہے۔ اب تک تقریباً 1300 سابق اور حاضر سروس مقامی افغان ملازمین کو منتقلی کے اس منصوبے کے تحت برطانیہ پہنچایا جا چکا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع کے مطابق اس اسکیم کے تحت مزید تقریباً تین ہزار افغان باشندوں کو برطانیہ منتقل کیا جائے گا۔ جن افراد کو برطانیہ منتقل کیا جانا ہے، ان میں سے اکثر افغانستان میں برطانوی فورسز کے لیے ترجمان کا کام کرتے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جو نئے قواعد متعارف کرائے گئے ہیں، ان کے تحت ایسے افغان شہریوں کی اب ان کے اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ میں آبادی کاری مزید آسان ہو جائے گی۔

[pullquote]یوکرائن کے صدر اپنے ملک کے لیے جرمن ہتھیاروں کی ترسیل کے خواہش مند[/pullquote]

یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خواہش ظاہر کی ہے کہ جرمنی اسلحے کی فراہمی کی صورت میں ان کے ملک کی مدد کرے۔ انہوں نے جرمن اخبار ’فرانکفرٹر الگمائنے‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمنی نے اب تک یوکرائن کی کوئی فوجی مدد نہیں کی حالانکہ وہ ایسا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن کو راکٹوں سے مسلح اسپیڈ بوٹس، اسالٹ رائفلز، ملٹری کمیونیکیشن آلات اور بکتر بند گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ یوکرائنی صدر نے کہا کہ جرمنی نے اب تک ان کے ملک کی جتنی بھی مدد کی ہے، وہ اس کے لیے برلن کے شکر گزار ہیں مگر انہیں جرمنی سے زیادہ امداد کی توقع تھی۔ یوکرائن کو اپنے مشرقی علاقے میں روس نواز باغیوں کی مسلح علیحدگی پسندی کا سامنا ہے۔

[pullquote]بھارت میں ڈاکٹروں کا یوم سیاہ[/pullquote]

مشہور یوگا گورو بابا رام دیو کی طرف سے کووڈ انیس کے حوالے سے ایلوپیتھک طریقہ علاج کو ’احمقانہ اور دیوالیہ پن کی سائنس‘ قرار دیے جانے کو انتہائی ’توہین آمیز‘ قرار دیتے ہوئے بھارتی ڈاکٹر آج منگل کے روز ملک گیر یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ اس متنازعہ بیان پر بھارتی ڈاکٹروں کی ملکی تنظیم نے نے بابا رام دیو کو ہتک عزت کا نوٹس بھی بھیجا ہے۔ ایک ایسے وقت پر جب بھارت میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ بتیس ہزار اور متاثرین کی تعداد دو کروڑ بیاسی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، کورونا انفیکشن کے علاج کے حوالے سے روایتی آیورویدک اور جدید ایلوپیتھی طریقہ علاج کے ماہرین اور حامیوں کے درمیان یہ نیا تنازعہ اب شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین میں پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کا افتتاح[/pullquote]

کئی برسوں کی تیاری کے بعد یورپی یونین کا پبلک پراسیکیوٹر کا دفتر آج منگل سے کام کرنا شروع کر رہا ہے۔ لکسمبرگ میں یہ دفتر یورپی یونین کے بجٹ کے استعمال سے متعلقہ ممکنہ جرائم کی چھان بین اور ذمے داران کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ ان جرائم میں بدعنوانی، سبسڈی کے لیے دھوکا دہی اور یورپی رقوم کے غلط استعمال جیسے جرائم شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ یہ یورپی دفتر قومی سرحدوں کے پار سیلز ٹیکس کے فراڈ کا سد باب بھی کرے گا۔ یہ اتھارٹی اپنے طور پر تحقیقات کر سکتی ہے اور اُس کے بعد ملکی سطح پر اپنی چھان بین کے مطابق فرد جرم عائد کرنے کی مجاز ہو گی۔ یورپی پبلک پراسیکیوٹر کا دفتر میں یونین کے 27 رکن ممالک میں سے 22 کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس یورپی ایجنسی کی سربراہ رومانیہ میں انسداد بدعنوانی کے محکمے کی سابقہ سربراہ لارا کَودرُوتا کوئویسی کو بنایا گیا ہے۔

[pullquote]ایران نے انتہائی افزودہ یورینیم تیار کیا، آئی اے ای اے[/pullquote]

جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے اندازوں کے مطابق ایران کے پاس 2,4 کلو گرام ایسا یورینیم موجود ہے، جو تقریباً جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آئی اے ای اے کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے اپریل سے اب تک 60 فیصد تک افزودہ یورینیم تیار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتنا زیادہ افزودہ یورینیم محض ایٹمی ہتھیاروں کی حامل ریاستوں میں ہی تیار کیا جا سکتا ہے۔ تہران حکومت نے تاہم کہا ہے کہ اس نے اس یورینیم کی افزودگی طبی مقاصد کے لیے کی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایران اسے جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

[pullquote]تیس جون سے کورونا کے خلاف خصوصی ضوابط غالباﹰ ختم ہو جائیں گے، جرمن حکومت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث وفاقی حکومت کی طرف سے نافذ کردہ خصوصی ضوابط کی مدت میں غالباً تیس جون کے بعد تک کے لیے توسیع نہیں کی جائے گی۔ انگیلا میرکل نے برلن میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی انفیکشنز کے پھیلاؤ کی کم رفتار کے باعث ایمرجنسی ضابطوں کی مدت جون کے آخر میں ختم ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ضرورت پڑی، تو یہی ضابطے کسی بھی وقت دوبارہ نافذ کیے جا سکیں گے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے اگلے الیکشن میں چانسلر کے عہدے کے لیے امیدوار اولاف شولس نے بھی میرکل کی رائے کی تائید کی ہے۔ جرمنی میں کورونا کے خلاف ’ایمرجنسی بریک‘ کے نام سے یہ ضوابط 23 اپریل سے نافذ ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کی مختلف تبدیل شدہ شکلوں کے نام آئندہ یونانی حروف تہجی کی نسبت سے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں کورونا وائرس کی مختلف تبدیل شدہ شکلوں کے نام یونانی حروف تہجی کی نسبت سے رکھے جائیں گے۔ اس کا مقصد ان ممالک کی ساکھ کو نقصان سے بچانا ہے، جہاں یہ وائرل میوٹیشنز پہلی بار دریافت ہوئی تھیں۔ تاہم یونانی حروف تہجی کی وجہ سے کورونا وائرس کی ذیلی قسموں کے سائنسی نام متاثر نہیں ہوں گے۔ یوں برطانیہ میں اس وائرس کی تبدیل شدہ شکل کو آئندہ B.1.1.7 ایلفا اور جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی ذیلی قسم کو B.1.351 بِیٹا کہا جائے گا۔ برازیل سے ملنے والی اس وائرس کی میوٹیشن کو P.1 گَیما کا نام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]’نارتھ اسٹریم ٹو‘ سے متعلق مذاکرات کے لیے جرمن وفد کی امریکا روانگی[/pullquote]

امریکا اور جرمنی کے مابین تنازعے کا باعث بنے ہوئے ’نارتھ اسٹریم ٹو‘ گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق بات چیت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جرمن وفد امریکا روانہ ہو گیا ہے۔ جرمنی کے فُنکے میڈیا گروپ کے مطابق اس وفد کی سربراہی وفاقی چانسلر انگیلا میرکل کے خصوصی مشیر برائے خارجہ پالیسی ژان ہَیکر کر رہے ہیں۔ یہ وفد امریکا کے سلامتی امور کے مشیر جیک سلیوان اور تجارتی امور کی نگران عہدیدار کیتھرین تائی سے مذاکرات کرے گا۔ امریکا روس سے جرمنی کو گیس کی ترسیل کے منصوبے ’نارتھ اسٹریم ٹو‘ کے خلاف ہے کیونکہ واشنگٹن انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اس طرح جرمنی روس پر انحصار کرنے لگے گا۔

[pullquote]بنگلہ دیشی جزیرے پر ناگفتہ بہ حالات، ہزاروں روہنگیا مہاجرین کا احتجاج[/pullquote]

خلیج بنگال میں بنگلہ دیشی جزیرے بھاشن چار میں قریب چار ہزار روہنگیا پناہ گزینوں نے نا گفتہ بہ حالات کے خلاف احتجاج کیا۔ انہیں وہاں آباد ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔ مظاہرین اپنے لیے مالی امداد اور روزگار کے مواقع کے مطالبے کر رہے تھے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے نمائندوں نے اس جزیرے پر قائم مہاجر کیمپوں کا دورہ کیا۔ دسمبر کے بعد سے بنگلہ دیشی حکام نے مون سون کی بارشوں اور طوفان اور سیلاب کے خطرات سے دو چار پناہ گزینوں میں سے 18 ہزار روہنگیا مہاجرین کو کھچا کھچ بھرے ہوئے کیمپوں سے نکال کر اس جزیرے پر منتقل کرنا شروع کر دیا تھا۔ ڈھاکا حکومت ایک لاکھ روہنگیا مہاجرین کو اس جزیرے پر منتقل کرنا چاہتی ہے۔

[pullquote]کانگو میں گاؤں پر متعدد حملوں میں کم از کم پچاس افراد ہلاک[/pullquote]

عوامی جمہوریہ کانگو کے مشرقی علاقے میں گزشتہ رات کیے گئے مختلف حملوں میں مجموعی طور پر کم از کم پچاس افراد ہلاک ہو گئے۔ ان حملوں کو حالیہ برسوں میں اس ملک میں انتہائی ہلاکت خیز حملے قرار دیا جا رہا ہے۔ ان حملوں کا الزام داعش سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند گروپ پر عائد کیا جا رہا ہے۔ صورت حا ل پر نگاہ رکھنے والی تنظیم کے ایس ٹی نے بتایا کہ بوگا میں 28 افراد اور شابی میں 22 افراد مارے گئے۔ یہ دونوں گاؤں ایک دوسرے سے تقریباً دس کلومیٹر کے فاصلے پر اور شمالی شہر گوما سے لگ بھگ 310 کلومیٹر کی دوری پر ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے