ہفتہ : 12 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانيہ میں جی سيون ممالک مستقبل کی کسی نئی عالمی وبا سے بچنے کے ليے کوشاں[/pullquote]

ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی سيون کے اجلاس ميں آج ہفتہ کے روز شرکاء کے مابین مستقبل ميں کسی نئی عالمی وبا سے بچنے کے ليے ایک متفقہ حکمت عملی پر اتفاق رائے ہو گیا۔ ’کاربِس بے ڈیکليريشن‘ کی تفصيلات کل اتوار کو جاری کی جائيں گی۔ آج کے ديگر اہم موضوعات ميں چين اور روس کی وجہ سے لاحق چيلنجز بھی شامل ہيں۔ اس تين روزہ اجلاس ميں خصوصی دعوت پر شرکت کرنے والے ممالک آسٹريليا، جنوبی افريقہ، جنوبی کوريا اور بھارت کے نمائندوں سے بھی آج ہفتے کے روز تبادلہ خيال کیا جا رہا ہے۔ برطانيہ کے علاقے کاربِس بے ميں تين روزہ جی سيون سمٹ کل جمعے کو شروع ہوئی تھی۔ پہلے دن رکن ممالک نے غريب ملکوں کے ليے کورونا ويکسين عطيہ کرنے کا اعلان کيا۔ کل اس اجلاس کا آخری دن ہے، جس ميں ماحولیاتی تبديليوں سے جڑے خطرات اور مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔

[pullquote]اس سال صرف ساٹھ ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ملے گی، سعودی حکومت[/pullquote]

سعودی وزارت حج نے اعلان کيا ہے کہ اس سال صرف ساٹھ ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ حاجیوں کی تعداد بہت محدود رکھنے کا فيصلہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں کيا گيا ہے۔ گزشتہ برس بھی انتہائی کم تعداد میں مسلمانوں کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی حج صرف مقامی شہری اور قانونی طور پر سعودی عرب ميں مقم غیر ملکی ہی کر سکیں گے۔ يہ بھی طے کیا گيا ہے کہ صرف اٹھارہ سے پينسٹھ برس تک کی عمر کے ایسے مسلمان حج کر سکیں گے، جن کو کورونا سے بچاؤ کے ٹيکے لگ چکے ہوں گے۔

[pullquote]امريکا ميں شوٹنگ کا ايک اور واقعہ، متعدد افراد زخمی[/pullquote][pullquote]

امريکی رياست ٹيکساس کے شہر آسٹن ميں شوٹنگ کے ايک تازہ واقعے ميں کم از کم تيرہ افراد زخمی ہو گئے۔ پوليس کے مطابق حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ زخميوں ميں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ يہ واقعہ جمعے اور ہفتے کی درميانی شب مقامی وقت کے مطابق ڈيڑھ بجے پيش آيا۔ حکام نے احتياط برتنے کی ہدايات جاری کرتے ہوئی وفاقی تفتيشی بيورو ايف بی آئی سے مدد کے ليے رابطہ کر ليا ہے۔ فوری طور پر اس حملے کے محرکات غیر واضح ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں جمہوريت نواز کارکن کی رہائی[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں جمہوريت نواز کارکن ايگنس چاؤ کو آج ہفتے کے روز رہا کر ديا گيا۔ انہيں دو سال قبل ہونے والے احتجاجی مظاہروں ميں ان کے کردار کی وجہ سے گرفتار کيا گيا تھا۔ چوبيس سالہ چاؤ کو دس ماہ قيد کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہيں سات ماہ بعد ہی رہا کر ديا گيا۔ حکام نے فی الحال ان کی قبل از وقت رہائی کی کوئی وجہ نہيں بتائی۔ چاؤ نے سن 2014 ميں جوشوا وونگ اور نيتھن لا کے ساتھ مل کر ہانگ کانگ میں جمہوريت کے ليے احتجاجی تحريک شروع کی تھی۔

[pullquote]سينیئر امريکی اور چينی اہلکاروں کے مابین تکرار، اہم ترين اختلافات زير بحث[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ انٹونی بلنکن اور چين کی خارجہ پاليسی کے سينیئر مشير يانگ جی ایچی نے جمعے کی شب ٹيلی فون پر گفتگو کی۔ اس بات چيت ميں ان تمام معاملات پر بحث ہوئی، جن پر ان دونوں بڑی عالمی طاقتوں کے مابين اختلافات پائے جاتے ہيں۔ بلنکن نے ہانگ کانگ ميں جمہوری اقتدار کو درپيش چيلنجز، سنکيانگ ميں ايغور مسلم اقلیت پر مبينہ مظالم، تائيوان، تجارت اور کئی ديگر مسائل پر اپنا موقف پيش کيا۔ چينی اہلکار نے امريکا کو تنبيہ کی کہ وہ چین کے اندرونی معاملات ميں دخل اندازی سے پرہيز کرے۔ اس گفتگو ميں کورونا وائرس کی وبا کا آغاز بھی زیر بحث آيا، جس پر چينی موقف يہ ہے کہ امريکا اس بارے میں چھان بین کو سياسی رنگ دينے کی کوششوں ميں ہے۔

[pullquote]روس اور امريکا کے تعلقات گزشتہ کئی برسوں میں اپنی نچلی ترين سطح پر، پوٹن[/pullquote][/pullquote]

روسی صدر ولاديمير پوٹن نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور امريکا کے باہمی تعلقات اس وقت گزشتہ کئی برسوں کے دوران اپنی نچلی ترين سطح پر ہيں۔ صدر پوٹن نے یہ بات اين بی سی نيوز کے ساتھ ایک انٹرويو ميں کہی۔ امريکی صدر جو بائيڈن اور ان کے روسی ہم منصب کی آئندہ ہفتے بدھ کو جنيوا ميں ملاقات ہو گی۔ دونوں روايتی حريف ممالک کے مابین کئی امور پر شديد اختلافات پائے جاتے ہيں اور کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات ميں ان پر کھل کر بات ہو گی۔ نشریاتی ادارے اين بی سی کے ساتھ اپنے انٹرويو ميں صدر پوٹن نے سابق امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ايک بہت ہی قابل اور خاص شخص قرار ديتے ہوئے کہا کہ بائيڈن بطور سياستدان ان سے بالکل مختلف ہيں۔

[pullquote]نائجیرین دیہات پر مسلح افراد کے حملے، نوے سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

نائجیریا کے میڈيا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلح حملہ آوروں نے 90 سے زیادہ افراد کو رات کے وقت کیے گئے حملوں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ان حملوں کے تناظر میں ریاستی گورنر نے مقامی باشندوں سے کہا ہے کہ وہ حملہ آوروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انہیں منہ توڑ جواب دیں۔ حالیہ مہینوں میں مسلح حملہ آور شمال مغربی نائجیریا کے متعدد علاقوں میں اپنے خونریز حملے تیز کر چکے ہیں۔ اس وجہ سے ہزاروں مقامی باشندے اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور ان میں سے بہت سے ہمسایہ ریاست نائجر منتقل ہو چکے ہیں۔ شمال مغربی اور وسطی نائجیریا میں سکیورٹی کی صورت حال اس وقت بہت خراب ہے۔

[pullquote]موساد کے سربراہ کا ايرانی جوہری اثاثوں پر اسرائیلی حملوں کا اشارہ[/pullquote]

اسرائيلی خفيہ ايجنسی موساد کے انٹيليجنس چيف نے ڈھکے چھپے الفاظ ميں اشارہ ديا ہے کہ ايرانی جوہری تنصيبات اور ایک ایرانی سائنسدان پر حاليہ حملوں ميں ان کا ملک ملوث ہو سکتا ہے۔ عنقريب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے يوسی کوہن نے ايک مقامی نشرياتی ادارے سے بات چيت ميں نطنز کے جوہری پلانٹ پر گزشتہ برس جولائی اور پھر رواں برس اپريل ميں ہونے والے حملوں اور پچھلے سال نومبر ميں ایرانی سائنس دان محسن فخری زادے کے قتل کا ذکر بھی کيا۔ ايران ان کارروائيوں کا الزام اسرائيل پر عائد کرتا آيا ہے۔ اسرائيل ايران کو اپنی سلامتی کے ليے خطرہ قرار ديتا ہے۔

[pullquote]کينيڈا ميں مارے جانے والے مسلم شہریوں کی آخری رسومات[/pullquote]

کينيڈا کے صوبے اونٹاريو کے شہر لندن ميں حال ہی ميں قتل کر ديے جانے والے چار مسلم شہریوں کی ياد ميں گزشتہ روز ايک مارچ منعقد ہوا، جس ميں مختلف مذاہب کے افراد نے شرکت کی۔ يہ مارچ اسلاموفوبيا اور نسل پرستی کی مخالفت ميں کیا گیا۔ شرکاء کی تعداد ہزاروں ميں تھی اور وہ جان لينن کا معروف گیت ’امن کو ایک موقع دو‘ گا رہے تھے۔ ہلاک کر دیے گئے ايک ہی خاندان کے چار پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی آخری رسومات آج ہفتے کی سہ پہر ادا کی جا رہی ہيں۔ ايک انيس سالہ حملہ آور نے اپنا پک اپ ٹرک دانستہ ان پر چڑھا دیا تھا۔ پولیس نے اسے مسلمانوں سے نفرت پر مبنی کارروائی اور دہشت گردی قرار ديا تھا۔

[pullquote]يورو 2020 کا اولين ميچ اٹلی نے جیت لیا[/pullquote]

يورو 2020 ميں آج تين ميچ کھيلے جا رہے ہيں۔ باکو ميں گروپ اے کی ٹيموں ويلز اور سوئٹزرلينڈ کا آمنا سامنا ہو گا۔ گروپ بی کی ٹيموں ڈنمارک اور فن لينڈ کا مقابلہ کوپن ہيگن ميں ہو گا جبکہ گروپ بی ہی کی دو دوسری ٹيموں بيلجيم اور روس کے مابین ایک ميچ سينٹ پيٹرزبرگ ميں کھيلا جائے گا۔ گزشتہ روز اس ٹورنامنٹ کے آغاز پر پہلا ميچ اٹلی اور ترکی کے مابين کھيلا گيا تھا، جو اٹلی نے تين صفر سے جيت ليا تھا۔ کل اتوار کو گروپ ڈی کی ٹيموں انگلينڈ اور کروشيا کا ميچ ہو گا۔ گروپ سی میں آسٹريا اور شمالی مقدونيہ جبکہ ہالينڈ اور يوکرائن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے