ہفتہ : 18 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جلال آباد ميں طالبان پر حملہ، تين افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی افغان شہر جلال آباد ميں آج دو مختلف بم دھماکوں ميں کم از کم تين افراد ہلاک اور انيس ديگر زخمی ہو گئے۔ ان دھماکوں ميں طالبان کی گاڑيوں کو نشانہ بنايا گيا تھا۔ افغانستان کے مشرقی حصوں ميں ’اسلامک اسٹيٹ‘ بھی سرگرم ہے اور اس نيٹ ورک کے جنگجو طالبان کو دشمن قرار ديتے ہيں۔ قبل ازيں آج ہی کابل کے مغربی حصے ميں بھی بم دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ يہ دھماکہ ہزارا برادری کی اکثريت والے علاقے ڈسٹرکٹ تيرہ ميں ہوا تھا۔ ابتدائی تفتيش کے مطابق اس حملے ميں ممکنہ طور پر ديسی ساختہ بم استعمال ہوا ہے۔ فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ دھماکے ميں کتنا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ابھی تک گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہيں کی ہے۔

[pullquote]حاليہ ڈرون حملہ ايک غلطی تھی، امريکا نے اعتراف کر ليا[/pullquote]

امريکا نے اعتراف کر ليا ہے کہ ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف کيا جانے والا ايک حاليہ ڈرون حملہ در اصل ايک غلطی ثابت ہوا اور اس کے نتيجے ميں دس افغان شہری بشمول بچے ہلاک ہوئے۔ امريکی مرکزی کمان کے کمانڈر جنرل کينتھ مک کينزی نے اس واقعے کی تحقيقات ختم ہونے کے بعد ايک پريس کانفرنس ميں تسليم کيا کہ يہ ايک غلطی تھی۔ بعدازاں امريکی وزير خارجہ لائڈ آسٹن نے متاثرين کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کيا اور معافی طلب کی۔ متاثرہ خاندانوں کو رقوم ادا کی جائيں گی مگر فی الحال يہ واضح نہيں کہ کتنی اور کب۔ يہ واقعہ انتيس اگست کو کابل ميں پيش آيا تھا، جب امريکی افواج نے ايک انٹيليجنس رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ايک گاڑی کو نشانہ بنايا تھا۔

[pullquote]سرحد پر داعش کو منظم ہونے کا موقع نہيں ديا جائے گا، ايرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر ابراہيم رئيسی نے خبردار کيا ہے کہ ايران کی سرحد پر داعش کو منظم ہونے کا موقع نہيں ديا جائے گا۔ تاجکستان کے دورے کے اختتام پر انہوں نے ايران کے سرکاری ٹيلی وژن پر قوم سے خطاب کيا اور کہا کہ داعش اور ديگر دہشت گرد تنظيموں کو سرحد پر منظم ہو کر خطے کے ديگر ملکوں پر حملے کرنے کا موقع نہيں ديا جائے گا۔ رئيسی کے بقول افغانستان ميں داعش کی موجودگی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے ليے باعث فکر ہے۔ ايران اور افغانستان کے درميان قريب نو سو کلوميٹر طويل سرحد ہے۔ طالبان کی سابقہ حکومت کو تہران نے تسليم نہيں کيا تھا البتہ اس بار اس کا رويہ نرم دکھائی دے رہا ہے۔

[pullquote]شمالی کوريا کے مرکزی جوہری پلانٹ ميں توسيع[/pullquote]

شمالی کوريا اپنے مرکزی جوہری پلانٹ ميں يورينيم افزودہ کرنے کی صلاحيت مبينہ طور پر بڑھا رہا ہے۔ يہ انکشاف سيٹلائٹ سے حاصل کردہ تازہ تصاوير کی بنياد پر کيا گيا ہے۔ ماکسار سيٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاوير ميں ديکھا جا سکتا ہے کہ يونگ بيون نامی پلانٹ ميں يورينيم افزودہ کرنے والے حصے ميں تعميراتی کام جاری ہے۔ ماہرين کے مطابق اس تنصيب ميں پچيس فيصد تک کا اضافہ کيا جا رہا ہے۔ يہ پيش رفت مغربی ممالک کے ايسے خدشات کو تقويت ديتی ہے کہ شمالی کوريا جوہری ہتھيار بنانے ميں مصروف ہے اور اس ضمن ميں اپنی صلاحيت مزيد بڑھا رہا ہے۔

[pullquote]مودی کی سالگرہ پر کورونا ویکسین کے پچيس ملين ٹيکے لگائے گئے[/pullquote]

بھارت ميں جمعے کے روز وزير اعظم نريندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کی ويکسينيشن مہم ميں پچيس ملين خوارکيں دی گئيں۔ مودی سترہ ستمبر کو اکہتر برس کے ہوئے۔ اس مناسبت سے ٹيکوں کی خصوصی مہم کا انعقاد کيا گيا اور ايک ہی دن ميں پچيس ملين ٹيکے لگائے گئے۔ ملکی وزير صحت نے اسے ايک تاريخی پيش رفت قرار ديا ہے۔ بھارت کورونا کی وبا سے شديد متاثرہ ممالک ميں شامل ہے۔ وہاں اب تک تينتيس ملين سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہيں جبکہ 444,529 افراد اس مہلک مرض کا شکار بن کر اپنی جان کی بازی ہار بھی چکے ہيں۔ بھارت ميں اب تک 2.16 بلين ٹيکے لگائے جا چکے ہيں۔

[pullquote]فرانس نے امريکا اور آسٹريليا سے اپنے سفير واپس بلا ليے[/pullquote]

فرانس نے احتجاجاً امريکا اور آسٹريليا سے اپنے سفير واپس بلا ليے ہيں۔ اس بارے ميں فيصلہ جمعے کو رات گئے ملکی صدر ايمانوئل ماکروں نے وزير خارجہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کيا۔ آسٹريليا اور امريکا کے مابين ايک دفاعی ڈيل کے تحت آسٹريليا کو جوہری ہتھياروں سے ليس ہونے کی صلاحيت رکھنے والی آبدوزيں مل سکتی ہيں۔ اس ڈيل کے نتيجے ميں آسٹريليا کی فرانس کی ساتھ چھپن بلين يورو کی آبدوزوں کی ڈيل منسوخ ہو جائے گی اور يہی پيرس حکومت کی ناراضگی کی وجہ بنی۔ حال ہی ميں ’آکوس‘ کے نام تلے برطانيہ، امريکا اور آسٹريليا کے دفاعی اتحاد کا اعلان کيا گيا ہے، جس کے تحت يہ ممالک آسٹريليا کو آئندہ اٹھارہ ماہ ميں کئی آبدروزيں فراہم کريں گے۔

[pullquote]ليبيا ميں لاپتہ مہاجرين پر گہری تشويش ہے، آئی او ايم[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ايک ذيلی ايجنسی نے ليبيا ميں پناہ گرينوں اور مہاجرين کی گمشدگی پر تشويش ظاہر کی ہے۔ انٹرنيشنل آرگنائزيشن فار مائیگريشن کے مطابق يورپ پہنچنے کے کوششوں کے دوران بحرہ روم ميں اس سال اب تک چوبيس ہزار سے زائد مہاجرين کو روکا اور ليبيا بھيجا جا چکا ہے۔ البتہ ليبيا ميں موجود حراستی مراکز ميں صرف چھ ہزار کا باقاعدہ اندراج ہوا ہے۔ ادارے کے مطابق بقيہ ہزاروں مہاجرين کے بارے ميں کوئی مصدقہ اطلاع نہيں ہے۔ آئی او ايم نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ بقيہ مہاجرين جرائم پيشہ گروہوں کے چنگل میں پھنس گئے ہوں گے۔ ليبيا کی وزارت داخلہ نے اس بارے ميں اپنا رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔

[pullquote]يونان ميں پہلے ’بند‘ مہاجر کيمپ کا افتتاح[/pullquote]

يونان ميں آج بروز ہفتہ پہلے ’بند‘ مہاجر کيمپ کا افتتاح کر ديا گيا ہے۔ ساموس جزيرے پر واقع اس کيمپ کے ہر طرف باڑيں نصب ہيں جبکہ کيمپ کے اندر جديد ترين ٹيکنالوجی کی مدد سے ہر وقت سخت نگرانی کی جاتی ہے۔ کيمپ ميں داخلہ اور اخراج صرف اليکٹرانک چپس کی بدولت ممکن ہے۔ يورپی يونين کی 276 ملين يورو کی امداد سے يونان ايسے کُل پانچ مہاجر کيمپ بنا رہا ہے، جس ميں ترکی سے غير قانونی انداز ميں يونان پہنچنے والے تارکين وطن کو رکھا جائے گا۔ انسانی حقوق کے ليے سرگرم گروپوں نے اس کيمپ کو ايک حراستی مرکز سے تعبير کرتے ہوئے اس کی شديد مخالفت کی ہے۔ يونانی حکومت کا موقف ہے کہ اس ميں کھلے کيمپوں کی نسبت کہيں بہتر سہوليات ہيں۔

[pullquote]صوماليہ ميں سياسی بحران پر سکيورٹی کونسل کا اجلاس[/pullquote]

صوماليہ کے دن بدن بگڑتے ہوئے سياسی بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ايک ہنگامی اجلاس طلب کيا، جس ميں صورتحال پر گہری تشويش ظاہر کی گئی۔ امکان ظاہر کيا جا رہا ہے کہ موجودہ سياسی بحران کے نتيجے ميں وہاں کئی سال بعد ہونے والے انتخابات ملتوی ہو سکتے ہيں۔ صومالی صدر اور وزير اعظم ميں شديد اختلافات پائے جاتے ہيں۔ کونسل کے ارکان نے صوماليہ پر زور ديا کہ سياسی اختلافات کو دور کيا جائے اور وسيع تر قومی مفاد کو ترجيح دی جائے۔ عالمی قوتوں کی کوششوں کے بعد مئی ميں طے پانے والے سمجھوتے کے تحت صوماليہ ميں آئندہ برس فروری ميں انتخابات ہونے ہيں۔

[pullquote]فٹ بال کے ليجنڈ کھلاڑی پيلے کی حالت خطرے سے باہر[/pullquote]

فٹ بال کے ليجنڈ کھلاڑی پيلے کو کچھ مدت کے ليے انتہائی نگہداشت کے وارڈ ميں رکھا گيا مگر اب ان کی حالت بہتر ہے۔ برازيل کے مایہ ناز کھلاڑی پيلے کو سانس لينے ميں دشواری کے سبب جمعے کی رات آئی سی يو منتقل کر ديا گيا تھا تاہم ساو پاولو کے ہسپتال کے مطابق اب ان کی طبيعت مستحکم ہے۔ پيلے کی اس ہسپتال ميں چند ہفتوں قبل سرجری بھی ہوئی تھی۔ ان کی علالت کی خبر نے پوری دنيا ميں فٹ بال کے مداحوں کو سکتے ميں ڈال ديا تھا۔ پيلے دنيا کے ايسے واحد فٹ بال کھلاڑی ہيں، جو تين مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح ٹيم کا حصہ رہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے