اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن،مستحکم اورخودمختار افغانستان چاہتا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر خزانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان کی صورت حال سے متعلق مربوط پالیسی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور افغانستان میں حکومت کی مختلف کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سیل افغانستان کیلئے انسانی امداد کے بین الاقوامی روابط میں کردار ادا کرے گا، خصوصی سیل مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور کسی بھی منفی پھیلاؤکو روکنے کیلئے کام کرے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور خودمختار افغانستان چاہتا ہے۔