بدھ : یکم دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نائجیریا میں کشتی اُلٹ جانے کا حادثہ، 29 لاشیں برآمد[/pullquote]

نائجیریا کی شمال مغربی ریاست کانو میں منگل کو ایک کشتی اُلٹ جانے کے حادثے میں تا حال 29 ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ گنجائش سے زیادہ مسافروں سے بھری اس کشتی میں 42 افراد سوار تھے۔ ان میں سے زیادہ تر 8 سے 15 سال کی درمیانی عمر کے بچے تھے۔ کانو ریاست کی فائرسروسز نے ایجنسی کے ترجمان سامینو عبداللہ نے بُدھ کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کشتی اوور لوڈ ہونے کے سبب اُلٹ گئی۔۔ ریسکیو ورکرز سات مسافروں کو بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بقیہ 13 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]جرمنی بھر میں سات روز کے اندر کورونا کے نئے کیسز میں قدرے کمی[/pullquote]

جرمنی میں نئے کورونا انفیکشنز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برلن میں قائم متعدی امراض پر تحقیق کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق فی ایک لاکھ آبادی میں کورونا کے نئے کیسز کی ہفتہ وار اوسط گر کر اب قریب چار سو تینتالیس ہو گئی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر سرسٹھ ہزار ایک سو چھیاسی نئے انفکیشنز ریکارڈ کیے گئے جبکہ کورونا کے سبب ہونے والی چار سو چھیالیس اموات کے اضافے سے اب جرمنی میں اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ ایک ہزار سات سو نوے ہو گئی ہے۔

[pullquote]ترک صدر کا کم شرح سود کی اپنی پالیسی کا دفاع[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنی اقتصادی پالیسی کو ’’ خطرناک مگر درست ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے بُدھ کے روز انقرہ میں پارلیمان سے خطاب میں حکمران جماعت کے قانون سازوں سے کہا کہ جو کچھ وہ کر رہے ہیں وہ درست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی طور پر ایک خطرناک لیکن درست منصوبہ ہے۔ ترکی کے مرکزی بینک نے ترک کرنسی لیرا کی قدر میں غیر معمولی گراوٹ کے پیش نظر مارکٹوں میں مداخلت کرتے ہوئے دوہرے ہندسے کی افراط زر کے باوجود ستمبر سے شرح سود میں کمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر ایردوآن کے دباؤ میں آ کر مرکزی بینک نے یہ اقدام کیا۔ ترک صدر روایتی معاشی سوچ کے برخلاف بلند شرح سود کو مہنگائی کا سبب سمجھتے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں اومیکرون ویرینیٹ کا پہلا کیس[/pullquote]

تیزی سے پھیلنے والے کووڈ انیس کے اومیکرون ویرینیٹ سے متاثرہ ایک مریض کی سعودی عرب میں بھی تشخیص ہو گئی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بدھ یکم دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص میں نئے ویرینٹ کی شناخت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ متاثرہ شخص ایک سعودی شہری ہے جو ایک شِمالی افریقی ملک سے سعودی عرب پہنچا تھا۔ یاد رہے کہ سخت سفری پابندیوں کے بعد سعودی عرب نے حال ہی میں چھ مختلف ممالک سے مسافروں کے براہ راست سعودی عرب آنے پر لگی پابندی کا خاتمہ کیا تھا۔ پاکستان کے علاوہ ان میں بھارت، مصر، انڈونیشیا، برازیل اور ویتنام شامل ہیں۔

[pullquote]نیٹو روس پر اقتصادی پابندیاں لگانے کی تیاری کرے: یوکرائن کا مطالبہ[/pullquote]

یوکرائن نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر زور دیا ہے کہ وہ روس پر اقتصادی پابندیوں کی تیاری کرے اور کییف کے ساتھ اُس کی فوج کو مضبوط تر بنانے میں تعاون کرے۔ کییف حکومت نے نیٹو سے یہ مطالبات یہ کہہ کر کیا کہ مغربی اتحاد کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا مقصد یہی تھا کہ نیٹو اور کییف حکومت مل کر روس کی جارحانہ سرگرمیوں اور اس کے نئے حملے کو روکنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی طے کر سکیں۔ یوکرائن ایک سابق سویت جمہوریہ ہے جو اب یورپی یونین اور نیٹو میں شامل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ روس اور مغربی طاقتوں کے مابین بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں یوکرائن ایک اہم اسٹریٹیجک ریاست بن گیا ہے۔

[pullquote]معمر اور پہلے سے بیمار افراد سفر سے گریز کریں: ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے تمام ہائی رسک مریضوں اور عمر رسیدہ افراد سے کہا ہے کہ وہ اس وقت سفر کرنے سے گریز کریں۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد اور کیسنر، ذیابیطس یا دیگر طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنے والے ایسے افراد جنہیں نہ تو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے اور نہ ہی وہ کووڈ انیس سے صحت یاب ہو چکے ہیں، انہیں اس وقت سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ متعدد ممالک اپنے ہاں سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر چُکے ہیں۔

[pullquote]مشی گن اسکول میں فائرنگ کا واقعہ تین طلبا ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست مشی گن کے ایک اسکول میں فائرنگ کے ایک تازہ واقعے کے نتیجے میں تین طلبا ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ شہر لانسنگ کے آکسفورڈ ہائی اسکول میں پیش آیا، جہاں ایک 15 سالہ نوجوان نے نیم خودکار ہتھیار سے فائرنگ کر کے اپنے تین ہم جماعتوں کو ہلاک جبکہ آٹھ دیگر افراد کو زخمی کر دیا۔ زخمی ہونے والے ایک 16 سالہ نوجوان کی ہلاکت پولیس کی گاڑی میں اُس وقت ہوئی جب اُسے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ہلاک ہونے والے دو دیگر طالب علموں کی عمریں 14 اور 17 سال تھی۔ فائرنگ کے بعد ملزم کو بغیر مزاحمت کے گرفتار کر لیا گیا۔

[pullquote]برازیل کے رہنما بولسونارو کی دوبارہ ایک سیاسی پارٹی میں شمولیت[/pullquote]

برازیل کے دائیں بازو کے سیاستدان جیئر بولسونارو نے آئندہ سال کے صدارتی الیکشن سے پہلے مرکز سے دائیں بازو کی طرف جھکاؤ والی لبرل پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ 1988 ء کے بعد سے اب تک بولسونارو نے اپنے سیاسی کیرئیر میں نویں بار پارٹی بدلی ہے۔ لاطینی امریکا کے اس سب سے بڑے ملک میں صدارتی امیدوار کا کسی سایسی پارٹی کا رکن ہونا لازمی ہے۔ بولسونارو 2018 ء میں دائیں بازو کی سوشل لبرل پارٹی کے رُکن کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ 2019 ء میں اس پارٹی کو چھوڑنے کے بعد وہ اپنی سیاسی پارٹی بنانے میں ناکام رہے۔

[pullquote]پولینڈ نے بیلاروس کے ساتھ سرحد پر نقل و حرکت پر پابندی لگا دی[/pullquote]

پولینڈ کی پارلیمان نے بیلاروس کے ساتھ یورپی یونین کی بیرونی سرحد پر نقل و حرکت اور پریس کی آزادی کو عارضی طور پر محدود کرنے والے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ سابق سوویت جمہوریہ بیلاروس سے متصل پولینڈ کی سرحد پر کچھ عرصے سے ہزاروں تارکین وطن جمع ہیں۔ اس صورتحال سے پیدا ہونے والے بحران کے پس منظر میں پولش پارلیمان کی طرف سے مذکورہ قانون کی منظوری دی گئی ہے۔ وارسا میں ارکان پارلیمان کی اکثریت نے قومی قدامت پسند حکمران جماعت پی آئی ایس کی طرف سے کی گئی تبدیلیوں کے حق میں ووٹ دیا۔

[pullquote]کورونا ویرینٹ کی روک تھام کے لیے ویکسینیشن مہم کی تیز رفتاری لازمی، جرمن وزیر[/pullquote]

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر، جرمن وزیر برائے ترقیاتی امور گیئرڈ مئیولر افریقہ میں ویکسینیشن کے عمل کو تیز رفتار بنانے پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس خطرناک ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ افریقہ کی کُل آبادی کے محض 7 فیصد کی اب تک مکمل ویکسینیشن ہوئی ہے۔ جرمن وزیر نے اخبار ’ فُنکے میڈین گروپے‘ کو ایک بیان دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ رواں برس کے اختتام تک دنیا کی کُل آبادی کے کم از کم 40 فیصد کو کووڈ ویکسین کی مکمل خوراک دے دی جائے۔

[pullquote]ٹوئٹر نے رضامندی کے بغیر تصویر شیئر کرنے پر پابندی لگا دی[/pullquote]

مائیکرو بلاگنگ آن لائن پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اپنے صارفین کے لیے نئے ضابطوں کا اعلان کیا۔ اس کے تحت عوامی شخصیات کو چھوڑ کر صارفین کو کسی کی تصویریا ویڈیو اس کی رضامندی کے بغیر شیئر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ٹوئٹر نے یہ قدم بھارتی نژاد نئے سی ای او کی تقرری کے ایک روز بعد اٹھایا ہے۔ نئے ضابطوں کے مطابق کوئی شخص ٹوئٹر کو ایسی تصاویر یا ویڈیوز ہٹانے کے لیے کہہ سکتا ہے جو اس کی مرضی کے بغیر پوسٹ کی گئی ہوں۔ ایک روز قبل ہی ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے کمپنی چھوڑنے اور سی ای او کی ذمہ داریاں بھارتی نژاد پراگ اگروال کے سپرد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے