منگل : 11 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقوام متحدہ کی افغانستان کے لیے پانچ ارب ڈالر امداد کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ نے افغانستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کی امداد کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں لاکھوں بچے اسکول جانے سے محروم ہیں اور کسان خشک سالی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں تئیس ملین افراد کو امداد کی فوری ضرورت ہے۔ امدادی ایجنسیوں کے مطابق اگر افغانستان کو فوری امداد مہیا نہیں کی جاتی تو پانچ سال سے کم عمر دس لاکھ بچے شدید بھوک کا شکار ہو جائیں گے۔ دوسری جانب افغانسستان بھر میں طبی سہولیات پہنچانے کی بھی فوری ضرورت ہے۔

[pullquote]یورپ کی نصف سے زائد آبادی کا اومیکرون سے متاثر ہونے کا خطرہ[/pullquote]

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اگر یورپ میں کووڈ وباء موجودہ شرح سے جاری رہتی ہے تو اس براعظم کی نصف سے زیادہ آبادی اگلے دو مہینوں میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے یورپین آفس کے ڈائریکٹر ہانس کلوگے کے مطابق سن 2022 کے پہلے ہفتے میں ہی یورپ میں کووڈ انیس کے سات ملین کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا ایک ہفتے کے اندر بظاہر بیلیسٹک میزائل کا دوسرا تجربہ[/pullquote]

جاپان اور جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے 11 جنوری کی صبح مشرقی بحیرہ چین میں ایک میزائل فائر کیا ہے۔ یہ کس قسم کا میزائل تھا اور اس نے کتنی دور تک پرواز کی یہ ابھی تک واضح نہیں ہے تاہم یہ بظاہر بیلیسٹک میزائل کا تجربہ ہو سکتا ہے۔ چند روز قبل ہی پیونگ یانگ نے ایک ہائپرسونک ہتھیار کا تجربہ کرنے کے دعویٰ کیا تھا۔ تازہ ترین میزائل ایک ایسے وقت لانچ کیا گیا ہے، جب امریکا اور جاپان سمیت دنیا کے چھ ممالک نے جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے گریز کرے۔

[pullquote]وائٹ ہاؤس کا افغانستان کے لیے 308 ملین ڈالر امداد کا اعلان[/pullquote]

امریکا نے افغانستان کے لیے اضافی 308 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان ایمیلی ہورن کے مطابق یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی یہ نئی امداد خودمختار فلاحی تنظیموں کے ذریعے افغان عوام تک پہنچائی جائے گی۔ اس امداد کے ذریعے رہائش، صحت، سردی سے بچاؤ، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق ساز وسامان مہیا کیا جائے گا۔ گزشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ملک کی بائیس فیصد آبادی قحط کا اور چھتیس فیصد آبادی شدید بھوک کا شکار ہے۔

[pullquote]یورپی یونین پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی انتقال کر گئے[/pullquote]

یورپی یونین پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی پینسٹھ سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ چھبیس دسمبر سے امیون سسٹم میں خرابی کے باعث ہسپتال میں داخل تھے۔ ساسولی 2019 سے یورپی یونین پارلیمنٹ کی صدارت کر رہے تھے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ اُرزولا فان ڈیئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ ڈیوڈ ساسولی بہترین صحافی اور یورپی یونین کے انتہائی قابل صدر تھے۔ یورپی پارلیمان یورپی یونین کے ساڑھے چار سو ملین شہریوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسے یورپی جمہوریت کا دل بھی کہا جاتا ہے۔

[pullquote]قزاقستان: علیخان سمیلوف نئے ملکی وزیر اعظم منتخب[/pullquote]

قزاقستان میں اراکین پارلیمان نے ملک کے نئے وزیر اعظم کو منتخب کر لیا ہے۔ ملک کے سرکاری نیوز چینل کے مطابق اس وسطی ایشائی ملک کی پارلیمان نے منگل کو علیخان سمیلوف کو ووٹ دے کر ملکی وزیر اعظم منتخب کیا۔ ملکی صدر قاسم جومارت توکائیف پہلے ہی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے علیخان سمیلوف کا نام تجویز کر چکے تھے۔ توکائیف کے مطابق کئی روز سے جاری احتجاجی مظاہروں پر قابو پا لیا گیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سٹرکوں پر نکلنے والے مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں میں قریب ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہوئے۔ حکومت نے ان مظاہروں کو منظم طریقے سے حکومت گرانے کی کوشش قرار دیا تھا۔

[pullquote]امریکا: پہلی بار انسانی جسم میں خنزیر کے دل کی کامیاب پیوندکاری[/pullquote]

امریکا میں ڈاکٹروں نے پہلی بار خنزیر کے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ دل کی ایک شخص کے جسم میں کامیاب پیوند کاری کی ہے۔ یہ مریض آپریشن کے بعد کامیابی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ ریاست میری لینڈ کے علاقے بالٹی مور میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں تقریبا ًسات گھنٹے کا وقت لگا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس نئے دل کی وجہ سے یہ مریض مزید کتنے وقت تک زندہ رہ سکتا ہے، تاہم یہ پیوندکاری ہی متاثرہ شخص کو زندہ بچانے کی آخری امید سمجھی جا رہی تھی۔

[pullquote]روس اور امریکا میں بات چیت بے نتیجہ رہی[/pullquote]

جنیوا میں امریکی نائب سیکرٹری خارجہ وینڈی شیرمن اور روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کی آٹھ گھنٹے طویل ملاقات بے نتیجہ رہی۔ شیرمن کے مطابق ان کی روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی تاہم واشنگٹن کو روس کی سکیورٹی تجاویز پر تحفظات ہیں۔ صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بات چیت مشکل مگر پیشہ وارانہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امریکی پوزیشن پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔ شیرمن کے مطابق پیر کو ہونے والی بات چیت سے یہ صاف ظاہر نہیں کہ روس اپنے عسکری عزائم سے پیچھے ہٹے گا یا نہیں۔

[pullquote]امریکی صدر کی ایتھوپیا کے وزیراعظم سے خطے کی صورتحال پر گفتگو[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن اور ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبی احمد علی نے فون پر گفتگو کے دوران ایتھوپیا میں جاری بحران اور اس کے خطے پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے شہریوں کی ہلاکتوں اور پڑوسی ملک اریٹیریا کے ساتھ بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر خدشات کا اظہار کیا گیا۔ نومبر 2020 میں شروع ہونے والے تنازعے میں ایک مرتبہ پھر تیزی آئی ہے۔ ایتھوپیا کی حکومت کے تیگرائی پیپلز لیبریشن فرنٹ کے ساتھ جاری تنازعے میں ہزاروں افراد ہلاک اور کئی لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔ آبی احمد کے اقتدار میں آنے سے قبل ایتھوپیا تیس سالوں تک تیگرائی پیپلز لیبریشن فرنٹ کے کنٹرول میں تھا۔

[pullquote]گزشتہ سات برس اب تک کے گرم ترین سال تھے، یورپی سائنسدان[/pullquote]

یورپی یونین کی انفارمینشن ایجنسی کوپرنیکس کلائمینٹ چینج سروس کا کہنا ہے کہ سن 2021 بھی اب تک ریکارڈ کیے گئے گرم ترین برسوں میں سے ایک تھا۔ اس ادارے کے مطابق 2021 میں یورپ، شمالی امریکا اور بحیرہ روم میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ انفارمیشن ایجنسی کے مطابق درجہ حرارت میں یہ حیران کن اضافہ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ لوگوں کو زندگی گزارنے کے طریقوں کو تبدیل کرنا ہو گا، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنا ہوگا اور دیر پا ترقی کے اصولوں کو اپنانا ہو گا۔ اس ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے علاوہ میتھین گیس میں بھی خاطر خواہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، جو ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

[pullquote]ایکوواس کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، مالی کے فوجی رہنما[/pullquote]

مالی کے فوجی رہنما اسمی گوئٹا نے کہا ہے کہ وہ علاقائی اقتصادی بلاک ایکوواس کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ اس بلاک نے اتوار کو انتخابات میں تاخیر پر مالی پر پابندیاں عائد کر دی تھیں، جسے گوئٹا نے غیرقانونی اور غیرانسانی قرار دیا تھا۔ تاہم مالی کے فوجی رہنما مغربی افریقی ریاستوں کے ساتھ اتفاق رائے قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس بلاک نے مالی پر تجارتی پابندیاں عائد کرتے ہوئے سرحدی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ مالی میں فوجی اکثریتی حکومت نے اگلے پانچ سال اقتدار میں رہنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ عالمی برادری کا کہنا ہے کہ مالی کی حکومت کو اس سال فروری میں انتخابات کرانے چاہئیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے