جمعہ : 14 جنوری2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی پارلیمان کے متوفی صدر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ[/pullquote]

یورپی پارلیمان کے سابق صدر ڈیوڈ ساسولی کی آخری رسومات آج اٹلی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی تدفین آج دوپہر باسالیکا آف سانتا ماریہ میں کی جائے گی۔ یورپی کونسل کے صدر شارل مِشل اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزلا فان ڈیر لائن متوقع طور پر ان تقریبات میں شریک ہوں گے۔ پینسٹھ سالہ ساسولی منگل کی صبح شمالی اطالوی قصبے اویانو میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ دسمبر سے مدافعتی نظام میں خرابی کی وجہ سے ہسپتال میں داخل تھے۔ اطالوی وزیراعظم ماریو داراگی سمیت متعدد رہنماؤں نے ساسولی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں سابق شامی کرنل کو انسانیت کے خلاف جرائم پر سزا[/pullquote]

جرمنی کی ایک عدالت نے ایک سابق شامی کرنل کو انسانیت کے خلاف جرائم پر عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ یہ فیصلہ اس لیے اپنی نوعیت کا ایک تاریخی فیصلہ ہے کیوں کہ اٹھاون سالہ انور ۔آر پر شامی حکومت کے الخطیب حراستی مرکز میں ستائیس افراد کے قتل اور دیگر چار ہزار پر تشدد کا جرم جرمنی میں ثابت ہوا۔ اس فیصلے کو متاثرہ افراد نے انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔ سن دو ہزار بارہ میں اس کرنل نے جرمنی آ کر سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ کوبلنز شہر کی عدالت میں سماعت کے دوران درجنوں شامی افراد نے اس حراستی مرکز میں غیرانسانی سلوک کی تفصیلات عدالت کو بتائیں۔

[pullquote]انڈونیشیا کے جاوا جزیرے پر زلزلے کی شدید جھٹکے[/pullquote]

انڈونیشیا میں جمعے کے روز زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چھ تھی، جس سے دارالحکومت جکارتہ میں بھی عمارتیں لرز اٹھیں۔ یہ زلزلہ جاوا جزیرے کے جنوب مغرب میں 37 کلومیٹر گہرائی میں عالمی وقت کے مطابق نو بج کر پانچ منٹ پر آیا۔ اس زلزلے کی وجہ سے سونامی وارننگ تو جاری نہیں کی گئی ہے، تاہم جکارتہ میں کئی عمارتوں سے ہزاروں افراد کو باہر نکال لیا گیا۔ فی الحال زلزلے سے ہونے والی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

[pullquote]قرنطینہ کے دورانیے میں کمی سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے، جرمن ڈاکٹر[/pullquote]

جرمن ڈاکٹروں کی تنظیم نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ قرنطینہ کے دورانیے میں کمی سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔ جرمنی میں حال ہی میں پارلیمان نے ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے، جس کے تحت ایسے افراد جنہیں ویکسین کی بوسٹر خوراک دی جا چکی ہے، اگر کورونا وائرس سے متاثرہ کسی شخص سے ملیں، تو انہیں قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسی طرح کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر اسے شکست دینے والوں اور ویکسین کی دوسری خوراک کے حامل افراد سے متعلق بھی یہی قواعد کارفرما رہیں گے، جب کہ دیگر افراد کے لیے قرنطینہ کا دورانیہ ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کی شرط پر چودہ دن سے کم کر کے سات دن کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں ٹرانزٹ مسافروں کے داخلے پر پابندی[/pullquote]

ہانگ کانگ ایئرپورٹ نے دنیا کے زیادہ تر ممالک کے لیے ٹرانزٹ روک دیا ہے۔ سرمائی اولمپکس سے قبل یہ قدم بہ ظاہر چین کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی کوششوں کا حصہ ہے۔ چین کی طرح ہانگ کانگ نے بھی کورونا وائرس سے متعلق سخت ترین اقدامات برقرارکھے ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کے لیے ٹارگیڈٹ لاک ڈاؤن اور قرنطینہ سے متعلق کڑے ضوابط شامل ہیں۔ ہانگ کانگ میں 153 ممالک کے شہریوں کو داخلے پر اکیس روز کے لیے قرنطینہ پر رہنا ہو گا، جب کہ آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، بھارت، پاکستان، برطانیہ، امریکا اور فلپائن سے ہانگ کانگ میں داخلے پر پہلے ہی مکمل پابندی عائد ہے۔

[pullquote]مغربی صحارا پر اقوام متحدہ کے مذاکرات، مراکش کی جانب سے حمایت[/pullquote]

مراکش نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی قیادت میں مغربی صحارا خطے کے تنازعے پر ہونے والے مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ خطے کے لیے عالمی ادارے کے نئے مندوب اشٹیفن ڈے مستورہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے میں رباط میں مراکش کے وزیرخارجہ نصر بوریتا سے ملے۔ مستورہ آج اسی سلسلے میں مراکش کے روایتی حریف الجزائر پہنچیں گے۔ الجزائر مغربی صحارا خطے کی آزادی کا خواہاں ہے۔ مراکش کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رباط حکومت ہمیشہ سے ہی اس تنازے کے سیاسی حل کی خواہاں رہی ہے۔

[pullquote]دو ہزار اکیس میں چینی برآمدات میں اضافہ[/pullquote]

چینی برآمدات کی عالمی طلب میں گزشتہ برس اضافہ دیکھا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس چینی برآمدات کی وجہ سے ریکارڈ تجارتی سرپلس حاصل ہوا۔ دنیا کی دوسری بڑی معیشت نے گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے بعد اپنی اقتصادی بحالی کا سفر تیزی سے شروع کیا ہے۔ جمعے کے روز جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال چینی برآمدات میں انتیس اعشاریہ نو فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ درآمدات میں بھی ساڑھے انیس فیصد بڑھوتی ریکارڈ کی گئی۔ یوں پچھلے برس چین کا مجموعی تجارتی سرپلس چھ سو چھہتر ارب ڈالر رہا۔

[pullquote]ریپبلکن سینیٹرز ناتھ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن کے خلاف قانون سازی کی حمایت حاصل نہ کر سکے[/pullquote]

امریکی سینیٹ میں ریپبلکن قانون ساز روس سے جرمنی کو گیس کی ترسیل کے منصوبے نارتھ اسٹریم ٹو کے خلاف بل منظور کروانے کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بل کی منظوری کے لیے ریپبلکنز کو چھاسٹھ سینیٹرز کی حمایت درکار تھی۔ تاہم جمعرات کے روز اس بل پر ہونے والی ووٹنگ میں صدر جوبائیڈن کی ڈیموکریٹک جماعت کے بعض قانون سازوں نے بھی اس بل کی حمایت کی۔ اس بل کے حق میں پچپن اور مخالفت میں چوالیس ووٹ پڑے۔ سینیٹر ٹیڈ کروز کی جانب سے پیش کردہ اس بل میں نارتھ اسٹریم ٹو منصوبے کے حوالے سے پابندیوں کی سفارش کی گئی تھی۔

[pullquote]شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور مشتبہ میزائل تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا کی جانب سے جمعے کو ممکنہ طور پر ایک اور میزائل تجربہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے نئی امریکی پابندیوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی جانب سے تفصیلات بتائے بغیر کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کوئی تجربہ کیاگیا ہے۔ جمعے کی صبح شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے میزائل تجربات جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکا نئی پابندیوں کے ذریعے کیشدگی کو ہوا دینا چاہتا ہے۔

[pullquote]ترک قبضے والے شامی علاقے میں دھماکے، کم از کم دو افراد ہلاک[/pullquote]

جمعرات کو ترک قبضے والے شامی علاقوں میں ہوئے دھماکوں میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان میں سے ایک خودکش دھماکا تھا جو عفرین شہر میں ترک حمایت یافتہ جنگجوؤں کے ایک عسکری مرکز کے قریب پیش آیا۔ اس سے قبل اس گروپ نے بتایا تھا کہ شمالی شام میں دو دیگر مقامات پر دھماکے ہوئے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے