پیر : 17 جنوری2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ابوظہبی، ٹینکر دھماکے میں تین افراد ہلاک، چھ زخمی[/pullquote]

ابوظہبی میں آئل ٹینکر دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکا ایک ڈرون حملے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب اس دھماکے کے فوراﹰ بعد یمن کے حوثی باغیوں نے کہا کہ یہ حملہ انہوں نے کیا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں اس کی تفصیلات عام کی جائیں گی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پاکستانی اور دو بھارتی شہری شامل ہیں۔ اسی طرح ابوظہبی ایئرپورٹ پر بھی ایک مقام پر آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔ لیکن وہاں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔ حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارت کے خلاف مزید حملے کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔

[pullquote]ایرانی سفارت کار سعودی عرب پہنچ گئے[/pullquote]

تین ایرانی سفارت کار سعودی شہر جدہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے صدر دفاتر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ایرانی سفارت کاروں کی سعودی عرب میں اس تعیناتی کو ان روایتی حریف ممالک کے مابین کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے تاہم کئی معاملات ابھی بھی حل طلب ہیں۔ علاقائی حریف ممالک ایران اور سعودی عرب نے سن دو ہزار سولہ میں سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ دیگر کئی اختلافات کے علاوہ یمن کی خانہ جنگی بھی ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات میں کشیدگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

[pullquote]مارچ کے بعد لڑکیوں کے اسکول کھول دیے جائیں گے، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے بین الاقوامی برادری کے اہم مطالبات میں سے ایک پر عمل درآمد کے لیے ٹائم لائن کا اعلان کر دیا ہے۔ طالبان کے مطابق مارچ کے بعد ملک بھر میں لڑکیوں کے اسکول کھول دیے جائیں گے۔ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک کے بیشتر علاقوں میں لڑکیوں کو ساتویں جماعت سے آگے کے اسکولوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ طالبان نے20 برس قبل اپنے پہلے دور اقتدار میں خواتین کے لیے تعلیم، ملازمت اور عوامی زندگی میں سرگرم حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ بین الاقوامی برادری کو خدشہ ہے کہ طالبان ایک بار پھر اسی طرح کے سخت اقدامات نافذ کرسکتے ہیں۔

[pullquote]نئے سال کے بعد شمالی کوریا کا چوتھا میزائل تجربہ[/pullquote]

نئی امریکی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا اپنے میزائل تجربات جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق پیر کو شمالی کوریائی دارالحکومت پیونگ یانگ کے قریب ایک ہوائی اڈے سے سمندر کی طرف دو راکٹ فائر کیے گئے۔ اندازوں کے مطابق یہ کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تھے۔ سیاسی طور پر الگ تھلگ اس ملک میں سال کے آغاز کے بعد سے یہ چوتھا میزائل تجربہ تھا۔ گزشتہ بدھ کو امریکی محکمہ خزانہ نے ان پانچ شمالی کوریائی باشندوں کے خلاف پابندیاں عائد کی تھیں، جن پر اپنے ملک کے میزائل پروگرام کے لیے سامان کی خریداری کا الزام ہے۔

[pullquote]چین میں شرح پیدائش ریکارڈ حد تک کم ہو گئی[/pullquote]

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں شرح پیدائش گزشتہ سال ریکارڈ کم ترین سطح پر نوٹ کی گئی۔ قومی ادارہ برائے شماریات نے پیر کو اعلان کیا کہ فی ایک ہزار باشندوں میں شرح پیدائش 7.52 ریکارڈ کی گئی۔ یہ چین میں سن 1949 میں شرح پیدائش کا ریکارڈ شروع ہونے کے بعد سے سب سے کم سطح ہے۔ چین نے سن 2016 میں ایک بچے کی متنازعہ پالیسی کو ختم کر دیا تھا۔ تاہم زیادہ مالی بوجھ کی وجہ سے والدین بچے پیدا کرنے کے خلاف ہیں۔ چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سرفہرست ملک ہے۔ اس کی آبادی ایک اعشاریہ چار ارب سے زائد بنتی ہے۔

[pullquote]یوکرائن تنازعے میں روس اور مغرب بدستور آمنے سامنے[/pullquote]

روس کے مطابق یوکرائن کے تنازعے پر حالیہ بحرانی مذاکرات کے باوجود ماسکو حکومت اور مغرب ’’مکمل طور پر مخالف‘‘ مؤقف پر قائم ہیں۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمیتری پیسکوف کا سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بات تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب امریکی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو اس کا ’مضبوط جواب‘ دیا جائے گا۔ اسی کشیدہ صورتحال کے دوران جرمن وفاقی وزیر خارجہ انالینا بئیربوک آج بروز پیر یوکرائنی دارالحکومت کییف پہنچ رہی ہیں اور وہ منگل کو ماسکو میں مذاکرات کرنا چاہتی ہیں۔

[pullquote]ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ دہشت گردی ہے، جو بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست ٹیکساس میں ایک یہودی عبادت گاہ میں چار افراد کو یرغمال بنانے کے واقعے کو ’دہشت گردانہ کارروائی‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے چھوٹے سے قصبے کَولی وِل کی پولیس کی تعریف کی، جنہوں نے تمام مغویوں کو بغیر کسی نقصان کے رہا کروایا۔ اس واقعے میں ملزم کی شناخت بطور چوالیس سالہ برطانوی شہری کی گئی ہے۔ گزشتہ روز کی کارروائی میں ملزم مارا گیا تھا۔ سرکاری طور پر اس کارروائی کے محرکات نہیں بتائے گئے لیکن امریکی میڈیا کے مطابق ملزم پاکستانی سائنسدان عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتا تھا، جو دہشت گردی کے الزامات میں ٹیکساس کی ایک جیل میں قید ہیں۔

[pullquote]کورونا وباء نے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو بڑھا دیا، رپورٹ[/pullquote]

کورونا وبائی مرض نے پوری دنیا میں سماجی عدم مساوات کو بڑے پیمانے پر ہوا دی ہے۔ فلاحی تنظیم آکسفیم کی ایک رپورٹ کے مطابق جہاں دنیا کے دس امیر ترین ارب پتی افراد کی دولت مارچ 2020 ء سے تقریباً دگنی ہو گئی ہے، وہیں غربت میں رہنے والے افراد کی تعداد میں تقریباً 160 ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ارب پتی افراد کی دولت میں گزشتہ چودہ برسوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، جتنا وباء کے دوران ہوا ہے۔ آکسفیم نے دنیا بھر کی حکومتوں سے کارپوریشنوں اور امیروں پر زیادہ ٹیکس لگانے کی اپیل کی ہے۔ علاوہ ازیں عالمی سطح پر ویکسین کی تقسیم بھی زیادہ مساوی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]مالی کے سابق صدر ابراہیم ابوبکر کیتا انتقال کر گئے[/pullquote]

مالی کے سابق صدر ابراہیم ابوبکر کیتا انتقال کر گئے ہیں۔ کیتا کو سن 2020 میں فوجی بغاوت کے بعد صدارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے سن 2013 میں اس مغربی افریقی ملک کی قیادت سنبھالی تھی اور جب فوج نے اقتدار سنبھالا تو ان کی دوسری پانچ سالہ مدت کو ابھی دو برس ہی گزرے تھے۔ چھہتر سالہ کیتا کا اتوار کی صبح بماکو میں انتقال ہوا۔ انہیں گزشتہ برس اگست میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن ہمسایہ ممالک کے دباؤ کے تحت چند روز بعد رہا کر دیا گیا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے