بدھ : 19 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مسلم ممالک طالبان حکومت کو تسلیم کریں، طالبان وزیر اعظم[/pullquote]

افغان وزیراعظم ملا محمد حسن آخوند نے اسلامی ممالک سمیت بین الاقوامی برادری سے ان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ملا محمد حسن آخوند نے کابل میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ تمام شرائط مکمل کر دی گئی ہیں اور اب بین الاقوامی برادری ملک میں طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔ گزشتہ برس ستمبر میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی یہ افغان قومی نشریاتی ادارے پر نشر کی گئی پہلی گفتگو تھی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس نیوز کانفرنس میں اقوام متحدہ کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ طالبان حکومت عالمی برادری کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی خواہاں ہے۔

[pullquote]چین بیرون ملک سے دس ہزار افراد کو زبردستی واپس لے آیا، رپورٹ[/pullquote]

ایک بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق چین بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کو زور زبردستی وطن واپس لانے کے لیے سن 2014 سے کارروائیاں کر رہا ہے اور وہ اب تک دس ہزار کے قریب چینی افراد کو وطن واپس لانے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ اسپین کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’سیف گارڈ ڈیفنڈرز ‘ نے منگل کے روز شائع کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چین نے اپنے شہریوں کو ان کی مرضی کے خلاف بیرون ملک سے وطن واپس لانے کے لیے قانونی دائرہ کار سے باہر کے طریقوں کو استعمال کیا۔ رپورٹ کے مطابق چین نے ’آپریشن فاکس ہنٹ ‘ اور ’آپریشن اسکائی نیٹ‘ کے ذریعہ یہ کارروائیاں انجام دیں۔ چین نے اس رپورٹ کے حوالے سے ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

[pullquote]بھارتی بحریہ کے جہاز میں دھماکا، تین اہلکار ہلاک اور گیارہ زخمی[/pullquote]

ممبئی میں بندرگاہ پر لنگر انداز بھارتی نیوی کے جہاز میں منگل کے روز ہونے والے دھماکے میں تین اہلکار ہلاک اور گیارہ دیگر زخمی ہو گئے۔ بھارتی بحریہ نے فوری طور پر دھماکے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم کہا کہ ایک بورڈ آف انکوائری اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار تمام سینیئر سیلرز تھے تاہم وہ افسر رینک کے نہیں تھے۔ ان کے حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا حملہ، سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلایا جائے، یو اے ای[/pullquote]

یمنی حوثی باغیوں کے حملے کے بعد متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی ہے۔ یو اے ای کا کہنا ہے کہ کونسل کو ’یک زبان ہو کر ان دہشت گردانہ حملوں‘ کی مذمت کرنی چاہیے۔ سعودی عرب پر متعدد حملوں کے بعد حوثی باغیوں نے پہلی مرتبہ پیر کو ابوظہبی میں حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو بھارتی اور ایک پاکستانی شہری مارے گئے تھے۔ متحدہ عرب امارات سعودی عرب کے اس عسکری اتحاد کا حصہ ہے، جو یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]کووڈ ہیلتھ ایمرجنسی جلد ختم ہو سکتی ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور ہسپتالوں میں پیدا ہونے والی صحت کی ہنگامی صورتحال اس سال ختم ہو سکتی ہے۔ اس عالمی تنظیم کے مطابق شاید اب کووڈ کبھی ختم نہیں ہوگا اور یہ انسانی معاشرے میں موجود رہے گا۔ لیکن اس وائرس سے انسانوں کو اتنا نقصان نہیں ہو گا، جتنا پہلی مرتبہ اس کے پھیلاؤ سے ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق اس کے تیز پھیلاؤ کی وجہ سے انسانوں میں پیدا ہونے والی جسمانی مدافعت بڑھ رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق واحد حل یہی ہے کہ عالمی سطح پر جتنے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانا ممکن ہو لگائی جائے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ بلنکن یوکرائن پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوکرائن کے تنازعے میں شدت کے پیش نظر کیف میں ایک بحرانی میٹنگ کے ساتھ اپنے یورپی دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ یوکرائن میں اعلیٰ حکام کے ساتھ ہمسایہ ملک روس کے ممکنہ فوجی خطرے کے بارے میں صلاح مشورے کریں گے۔ بلنکن جمعرات کو برلن اور جمعے کو جنیوا میں اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتوں میں بھی شرکت کریں گے۔ ساتھ ہی امریکا روس کے اتحادیوں کے بارے میں بھی پریشان ہے کیوں کہ روس نے گزشتہ ویک اینڈ پر اپنے فوجیوں کو بیلاروس منتقل کیا ہے۔

[pullquote]ماسکو حکومت بیلا روس میں ایٹمی ہتھیار نصب کر سکتی ہے، امریکا[/pullquote]

یوکرائن کے بحران کے دوران امریکا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ماسکو حکومت مستقبل میں بیلاروس میں جوہری ہتھیار نصب کر سکتی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو کی طرف سے پیش کی گئی آئینی ترمیم اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ ملک روس کو روایتی اور جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ اسی طرح بیلاروس میں روسی فوجیوں کی آمد پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکا کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں کی آڑ میں ماسکو بیلاروس میں اپنے فوجیوں کو شمال سے یوکرائن پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ دوسری جانب روس ان تمام تر الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]جرمنی: پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز[/pullquote]

جرمنی میں انیس جنوری کو کورونا وائرس کے ایک لاکھ بارہ ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جرمنی میں اتنے زیادہ کورونا کیس ایک ہی دن میں سامنے آئے ہوں۔ جرمنی سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں اومیکرون ویرئنٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ تاہم کورونا وائرس کی اس قسم سے ہلاکتوں کی تعداد ڈیلٹا ویرئنٹ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ جرمنی نے حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں سخت کر دی تھیں۔ ایسی پابندیوں کے خلاف مسلسل احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]لیبیا سے یورپ آنے والے مہاجرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق لیبیا سے براستہ بحیرہ روم یورپ جانے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دسمبر تک ساحلی محافظوں کی جانب سے تقریباﹰ اکتیس ہزار تارکین وطن کو روکا گیا اور انہیں واپس لیبیا منتقل کیا گیا۔ سن دو ہزار بیس کے مقابلے میں یہ تعداد تین گنا زیادہ بنتی ہے۔ یو این کی رپورٹ کے مطابق اس دوران تیرہ سو سے زائد تارکین وطن ہلاک بھی ہوگئے۔ معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے داخلی انتشار کا شکار لیبیا انسانی اسمگلنگ کا مرکز بن چکا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے