انسانی حقوق کے فروغ کیلئے میڈیا اپنا موثر کردار نبھائے ، انسانی حقوق کمیشن پاکستان

اسلام آباد،(نمائیندہ خصوصی: چیئرپرسن قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) رابعہ جویری آغا نے جمعرات کو منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس میں میڈیا پریکٹیشنرز سے بات چیت کی۔ یہ سیشن یورپی یونین کے اعانت شدہ حقوق پاکستان پروجیکٹ (HeP) کے تعاون سے منعقد ہوا۔سیشن میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے انسانی حقوق کمیشن(این سی ایچ آر) کے کردار اور اختیار کے بارے میں اپنی آگاہی کی سطح کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے کمیشن کے افعال اور انسانی حقوق کے دیگر متعلقہ کرداروں (سٹیک ہولڈرز )بالخصوص ذرائع ابلاغ اور عام لوگوں کے درمیان موثر تعاون کے طریقوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

سیشن سے این سی ایچ آر کے اقلیتی ممبر منظور مسیح اور حقوق پاکستان پراجیکٹ کی ایگزیکٹیو سیما جعفر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمیشن کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ کمیشن اس وقت دماغی صحت کے ضوابط، جیل کے قوانین اور اقلیتی امور سے متعلق قوانین اور ان قوانین کے نفاذ کی صورتحال کی بہتری کیلئے قانون سازی پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے اسٹریٹجک پلان کی تیاری اور کمیشن کے لئے اگلے اقدامات کا تعین کرتے ہوئے شرکاء کی آراء اور سفارشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

چیئرپرسن نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے کمیشن کے پاس وسیع اختیارات ہیں ۔ کمیشن کے اہم کاموں میں سے ایک یہ ہے کہ حکومت کو عوام اور سول سوسائٹی کو درپیش مسائل سے متعلق رپورٹس کی صورت میں آگاہ کیا جائے۔ دوسرا بڑا کردار تشدد کا سامنا کرنے والوں اور متاثرین کو کمیشن کو حاصل سول کورٹ اور سو موٹو اختیارات کے ذریعے مدد فراہم کرنا ہے،” انہوں نے کہا کہ کمیشن اپنے ان اہم فرائض کی موثر ادائیگی کیلئے سول سوسائٹی اور میڈیا کے درمیان بھرپور تعاون اور اشتراک کار کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور صحافی ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اہم ترین کردار کے حامل ہیں "یہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ پالیسی سازوں، سول سوسائٹی اور قوانین اور پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے والوں کو آگاہی، تعلیم اور حساس بنانے کا ذریعہ اور لوگوں کو حکومت اور دیگر متعلقہ کرداروں سے جوڑتے ہیں ۔

کمیشن کے اقلیتی ممبر منظور مسیح نے شرکا پر پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں بھی اپنا موثر کردار ادا کریں ۔ انہوں نے پاکستان میں کمزور طبقات کی کسمپرسی کو اجاگر کرنے کے کیلئے میڈیا اور کمیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری پر بھی زور دیا۔شرکاء نے صلاحیت کے مسائل، میڈیا کے موجودہ بحران اور میڈیا اداروں کی ترجیحات کی بڑے مسائل کے طور پر نشاندہی کی جو انسانی حقوق کی رپورٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کی تحریک کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کمیشن کو تجویز دی کہ وہ نچلی سطح پر بہتر رابطے کے لئے اقدامات کرے اور کمیشن تک عام لوگوں کی رسائی کو یقینی بنائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے