پیر : 31 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرائن کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس[/pullquote]

روس کی طرف سے یوکرائنی سرحد پر ایک لاکھ کے قریب فوج تعینات کرنے کے معاملے پر آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس امریکا کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لِنڈا تھومس گرین فیلڈ نے کہا کہ روسی اقدامات بین الاقوامی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے کھلا خطرہ ہیں۔ دوسری طرف روس کے اقوام متحدہ میں نائب سفیر دیمتری پولیانسکی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان امریکی نکتہ نظر کی حمایت نہیں کریں گے۔

[pullquote]ترک صدر تین فروری کو یوکرائن کا دورہ کریں گے[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن تین فروری کو یوکرائن کا دورہ کریں گے جہاں وہ یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلینسکی سے ملاقات کریں گے۔ ایک ترک سینیئر اہلکار کے مطابق اس دورے کا مقصد یوکرائن کے حوالے سے جاری تناؤ میں کمی لانے کی کوشش ہے۔ انقرہ حکومت کے کییف اور ماسکو دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ترک اہلکار کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے دورہ ترکی کی بھی منصوبہ بندی ہو رہی ہے جو وہ ممکنہ طور پر چار سے 20 فروری تک چین میں ہونے والے ونٹر اولمپکس کے بعد کریں گے۔

[pullquote]امریکی صدر آج قطری امیر کی میزبانی کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن آج وائٹ ہاؤس میں قطری امیر تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں مشرقی وسطیٰ میں سکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات ہو گی جہاں امریکی افواج کی واپسی کے بعد انسانی حوالے سے صورتحال خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ قطر نے افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ امریکا کو امید ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے سبب مغرب کو درپیش توانائی کے بحران کو حل کرنے میں گیس کے وسائل سے مالا مال خلیجی ریاست قطر مدد کر سکتی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں فضائی مسافروں کی تعداد میں دو تہائی کمی[/pullquote]

کورونا بحران کے تناظر میں جرمنی میں فضائی سفر ابھی تک بحران کا شکار ہے۔ جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے مطابق سال 2021ء کے دوران جرمن ایئرپورٹس سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 73 ملین سے زائد رہی جو 2019ء کے مقابلے میں قریب 67.6 فیصد کم ہے۔ 2020ء کے مقابلے میں بھی یہ تعداد 27.3 فیصد کم ہے۔ خیال رہے کہ جرمنی سمیت دنیا بھر میں کورونا کی وبا کا آغاز 2020ء کے آغاز میں ہی ہوا تھا۔

[pullquote]یوکرائن کی مدد کریں گے مگر فوجی نہیں بھیجیں گے، مغربی دفاعی اتحاد[/pullquote]

اگر روس یوکرائن پر حملہ کرتا ہے تو نیٹو اپنی فوج وہاں نہیں بھیجے گا۔ یہ بات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ نے کہی ہے۔ اشٹولٹن برگ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ فوج بھیجنے کی بجائے نیٹو ’مدد فراہم کرنے‘ پر توجہ مرکوز کرے گا۔ روس نے یوکرائنی سرحد پر ایک لاکھ کے قریب فوج جمع کر رکھی ہے تاہم روس کے قومی سلامتی کے مشیر نکولائی پیٹروشیف نے یوکرائن پر حملے کو محض افواہیں قرار دیتے ہوئے اسے مغرب کی طرف سے ’خود ساختہ جھوٹ‘ قرار دیا ہے۔ روسی انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق پیٹروشیف کا کہنا ہے روس نہ تو جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی اسے اس کی ضرورت ہے۔

[pullquote]طوفان نے شمالی یورپ میں تباہی مچا دی[/pullquote]

طاقتور ہواؤں نے برطانیہ، ڈنمارک، پولینڈ اور جرمنی میں شدید نقصان کیا ہے اور لاکھوں گھر بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔ یہ طوفان جسے جرمنی میں ’نادیہ‘ جبکہ دیگر ملکوں میں ’ملک‘ کا نام دیا گیا ہے، اتوار کو یورپ کے شمالی حصوں سے ٹکرایا۔ تیز ہواؤں کے سبب ساحلی علاقوں میں سیلابی ریلے آئے اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہوا۔ بحیرہ شمالی اور بحیرہ بالٹک کے ساحلی علاقوں میں ہفتے کے روز طوفانی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی تھیں۔ اس طوفان کے سبب جرمنی، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور پولینڈ میں ایک ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔

[pullquote]افریقن یونین نے فوجی بغاوت کے بعد بُرکینا فاسو کی رکنیت معطل کر دی[/pullquote]

افریقی یونین نے برکینا فاسو کو اپنی تمام تر کارروائیوں سے الگ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس افریقی ملک میں گزشتہ ہفتے ہونے والی فوجی بغاوت کے سبب کیا گیا ہے۔ افریقن یونین کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ معطلی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وہاں آئینی طریقہ کار بحال نہیں ہو جاتا۔ برکینا فاسو کو پہلے ہی ویسٹ افریقن ریجنل بلاک سے الگ کیا جا چکا ہے تاہم اس بلاک نے 24 جنوری کو فوج کی طرف سے صدر روک کابورے کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اس ملک پر پابندیاں عائد نہیں کیں۔

[pullquote]دو جرمن پولیس افسران کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا[/pullquote]

جرمنی کے مغربی حصے میں دو پولیس افسران کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جرمن پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج کوزیل شہر کے قریب صبح چار بج کر بیس منٹ پر معمول کی ٹریفک چیکنگ کے دوران پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے موقعہ واردات سے فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس کے پاس مفرور افراد اور ان کی گاڑی یا پھر اس بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ وہ کس سمت فرار ہوئے۔ پولیس نے کوزیل کے علاقے میں ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی کو گاڑی میں لفٹ نہ دیں اور یہ کہ کم از کم ایک مشتبہ شخص مسلح بھی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی صدر کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی مدد کا عزم[/pullquote]

اسرائیلی صدر آئزک ہیرزوگ نے حالیہ دنوں کے دوران حوثی باغیوں کی طرف سے ابوظہبی پر کیے گئے متعدد راکٹ حملوں کے تناظر میں متحدہ عرب امارات کی مدد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اسرائیلی صدر نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر گزشتہ روز کہی۔ یہ کسی اسرائیلی صدر کا متحدہ عرب امارات کا اولین دورہ ہے۔ آئزک ہیرزوگ نے دیگر عرب ریاستوں کو بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لاتے ہوئے علاقائی تعاون کی مضبوطی پر زور دیا۔ اسرائیلی صدر نے گزشتہ روز ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وہ آج دبئی میں منعقد عالمی تجارتی میلے ایکسپو 2020ء کا دورہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے ایک اور میزائل تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنے مشرقی سمندر میں ایک میزائل فائر کیا ہے۔ یہ بات جنوبی کوریا اور جاپانی حکومتوں کی طرف سے گزشتہ روز بتائی گئی۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے مطابق یہ ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا میزائل تھا جس نے 800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ جاپانی حکام نے اس میزائل لانچ کو جاپان اور بین الاقوامی برادری کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا نے حالیہ کچھ عرصے میں اپنے ہتھیاروں کے تجربات میں اضافہ کر دیا ہے اور رواں ماہ کے دوران یہ اس کا ساتواں میزائل تجربہ تھا۔ اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا پر میزائل تجربات کرنے پر پابندی عائد ہے۔

[pullquote]رافائل نادال کی آسٹریلین اوپن میں تاریخی فتح[/pullquote]

ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافائل نادال نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میچ میں روسی اسٹار دانیل میدویدیف کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ نادال نے اس جیت کے ساتھ ہی ریکارڈ اکیسواں گرینڈ سلیم اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ گزشتہ روز میلبورن میں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن کے مردوں کے سنگلز فائنل میچ میں نادال نے میدویدف کو دو چھ، چھ سات، چھ چار، چھ چار اور سات پانچ سے مات دی۔ یہ میچ تقریباﹰ ساڑھے پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ نادال اب ایسے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے سب سے زیادہ یعنی اکیس انفرادی گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں۔ راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ نے بیس بیس گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے