اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نہ دینے والوں تک پہنچے گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 22 کروڑ افراد ملک کی بہت بڑی طاقت اور بڑی مارکیٹ ہوتے ہیں لیکن 22 کروڑ میں سے صرف 20 لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں، بہت سے لوگ اچھے لائف اسٹائل گزاررہے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ نچلے طبقے کے حالات مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں، راست سے عام آدمی کو سہولت میسر آئے گی اور احساس پروگرام میں بھی راست پروگرام کا استعمال کریں گے، احساس پروگرام میں نچلے لوگوں تک پہنچنے کے لیے راست کا استعمال کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ راست کے ذریعے محنت کش افراد کو آسانی ہوگی اور لوگ بینکنگ سسٹم میں آئیں گے جب کہ ایف بی آر میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، اب ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نہ دینےوالوں تک پہنچیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑی شکایت اوورسیز پاکستانیوں کی آتی ہیں وہ شکایت کرتے ہیں کہ رقم پاکستان بھجوانے میں مشکلات ہوتی ہیں، ہم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔