وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے سندھ حکومت کو کراچی کے تھانوں میں بھی رینجرز لگانے کی پیشکش کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ سندھ میں حالات ٹھیک نہیں ہیں،کراچی میں حالات ناگفتہ بہ ہیں، لگتا ہےکراچی میں کوئی قانون نہیں رہا، اس کے نتیجے برے نکل سکتے ہیں، اگر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا تو ہم کراچی کے تھانوں میں بھی رینجرز دینےکے لیے تیار ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ شیخ رشید نے مجھ سے ایسی کوئی بات نہیں کی، میڈیا کی پریس کانفرنس پر حکومتیں نہیں چلتیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورٹ سے بھی اپیل کرتے ہیں اور قانون سازی بھی کر رہے ہیں ،پوری پولیس کو ذمہ دار کیا ہے، عادی اسٹریٹ کرمنلزکی ای ٹیکنگ کرنےجا رہے ہیں، سیف سٹی کا بھی ٹینڈر ہونے والا ہے۔