اتوار : 27 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی صدر پوٹن کا ’جوہری ہتھیاروں‘ کو خصوصی الرٹ پر رکھنے کا حکم[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ملکی جوہری ہتھیاروں کا کھل کر نام لیے بغیر انہیں خصوصی الرٹ پر رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے اس کے لیے ’ڈیٹیرنٹ ہتھیاروں‘ کی اصطلاح استعمال کی۔ اتوار کے روز ماسکو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں صدر پوٹن کی جانب سے کہا گیا کہ انہوں نے ان ہتھیاروں کو اسپیشل الرٹ پر رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے جارحانہ بیانات کے تناظر میں وہ ملکی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کو کہتے ہیں کہ وہ روسی فوج کی ’ڈیٹیرنٹ فورسز‘ کو خصوصی الرٹ کی سطح پر رکھیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کا تاہم کہنا ہے کہ ان فورسز سے مراد روس کی جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلقہ فورس ہے۔

[pullquote]چار سو اکہتر یوکرائنی فوج گرفتار اور ایک ہزار اہداف تباہ کیے، ماسکو حکومت[/pullquote]

روسی فوج کا کہنا ہے کہ جمعرات سے یوکرائن میں جاری عسکری مداخلت کے دوران اب تک 471 یوکرائنی فوجی گرفتار کیے جا چکے ہیں جب کہ تقریباﹰ ایک ہزار مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ماسکو کے فوجی دستے اب تک یوکرائن کے گیارہ لڑاکا ڈرونز، 223 ٹینک اور زمین پر کھڑے 28 طیارے تباہ کر چکے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ یوکرائن کے مشرق میں ڈونباسک کے علاقے میں علیحدگی پسندوں نے بارہ کلومیٹر کے فاصلے تک پیش قدمی کی ہے۔ ان روسی دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

[pullquote]روسی فوج یوکرائنی شہر خارکیف میں داخل[/pullquote]

یوکرائنی حکام کے مطابق روسی عسکری گاڑیاں شمال مشرقی یوکرائنی شہر خارکیف کی سڑکوں پر دکھائی دے رہی ہیں۔ ایک یوکرائنی حکومتی عہدیدار کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں چند فوجی گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں جب کہ ایک جلتا ہو ٹینک بھی نظر آ رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روس کی طرف سے یوکرائن پر حملوں میں تیزی کی ایک نئی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ یوکرائن کی جانب سے شدید مزاحمت کے بعد اب روس نے ایئر فیلڈز، ایندھن کی تنصیبات اور دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]روس کی عالمی سلامتی کونسل میں مستقبل رکنیت ختم کی جائے، یوکرائنی صدر[/pullquote]

یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام میں مطالبہ کیا ہے کہ روس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت ختم کی جانا چاہیے۔ اتوار کے روز انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوکرائن پر روسی حملے نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس عام شہریوں اور املاک کو ہدف بنا رہا ہے۔ روس عالمی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک میں سے ایک ہے۔ سلامتی کونسل میں امریکا، روس، برطانیہ، فرانس اور چین کو کسی بھی قرارداد کو ویٹو کرنے کا حق حاصل ہے۔ ابھی حال ہی میں یوکرائن کے موضوع پر سلامتی کونسل میں پیش کردہ قرارداد روس نے ویٹو کر دی تھی۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہروں میں توقع سے کم افراد کی شرکت[/pullquote]

جرمن پولیس کے مطابق کل ہفتے کے روز ملک کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد پابندیوں کے خلاف مظاہروں میں توقع سے کم افراد شریک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرے زیادہ تر پرامن رہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوب مغربی جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ میں گزشتہ روز ایک مظاہرے میں تقریباﹰ چھ ہزار افراد شریک ہوئے۔ منتظمین کو کہیں زیادہ عوامی شرکت کی توقع تھی۔ جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث عائد کئی پابندیاں پہلے ہی کافی نرم کی جا چکی ہیں۔

[pullquote]امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے روس کو مالی ادائیگیوں کے عالمی نظام ’سوِفٹ‘ سے خارج کرنے کا اعلان[/pullquote]

امریکا اور یورپی اقوام نے ہفتے کے روز روس کو مالی ادائیگیوں کے عالمی نظام ’سوِفٹ‘ سے خارج کرنے پر اتفاق کر لیا۔ اقتصادی پابندیوں کے اعتبار سے اس نظام سے اخراج سب سے سخت سمجھا جاتا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ اُرزُولا فان ڈیر لاین نے ہفتے کی رات کہا کہ روسی صدر پوٹن اپنے طور پر یوکرائن کو تباہ کرنے کے راستے پر ہیں، مگر ساتھ ہی وہ اپنے ملک کے مستقبل کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔ جمعرات کے روز یوکرائن پر روسی حملے کے بعد سے اب تک امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین روس کے خلاف اپنی پابندیوں میں مسلسل سختی لا رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان تازہ پابندیوں سے روسی کرنسی رُوبل کی قدر میں کمی ہو سکتی ہے جب کہ افراط زر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]یوکرائنی تنازعے کی وجہ سے یمن میں بھوک مزید بڑھے گی، عالمی ادارہ خوراک[/pullquote]

عالمی ادارہ خوراک نے کہا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان جنگی تنازعہ یمن میں ایندھن اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس عالمی ادارے کے مطابق اس صورت میں یمن میں غربت اور بھوک میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ یوکرائن پر روسی حملے کے بعد تیل کی قیمتیں ایک سو ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھیں۔ یوکرائن اور روس گندم کے بڑے پیداواری ممالک ہیں اور اس تنازعے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ عالمی سطح پر گندم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کا کہنا ہے کہ پہلے سے خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں زرعی اجناس کی قیمتیں دگنی ہو سکتی ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا ایک اور تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا کی جانب سے اتوار کے روز بیلسٹک میزائل کا ایک اور تجربہ کیا گیا۔ گزشتہ ایک ماہ سے شمالی کوریا نے ایسا کوئی نیا تجربہ نہیں کیا تھا۔ رواں برس کے دوران اب تک یہ اپنی نوعیت کا آٹھواں تجربہ ہے۔ ماہرین کے مطابق پیونگ یانگ حکومت امریکی توجہ یوکرائنی تنازعے پر مرکوز ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق پیونگ یانگ کی طرف سے مقامی وقت کے مطابق آج اتوار کی صبح سات بج کر باون منٹ پر ایک میزائل بحیرہ جاپان کی جانب داغا گیا۔ جاپان نے بھی اس تجربے کی تصدیق کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل تین سو کلومیٹر کی رینج کا حامل تھا۔

[pullquote]نئی دہلی میں کورونا پابندیاں اٹھا لی گئیں[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے جڑی تمام تر پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال اب بہتر ہو گئی ہے اور پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اب خود ہی ماسک وغیرہ کا استعمال کریں اور وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے احتیاط برتیں۔ بتایا گیا ہے کہ یکم اپریل سے نئی دہلی میں تمام اسکول بھی مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران یہ تعلیمی ادارے متعدد مرتبہ بند کیے جا چکے ہیں۔ نئی دہلی میں تازہ پابندیاں دسمبر کے آخر میں کورونا وائرس کی اومیکرون قسم کے پھیلاؤ کے تناظر میں نافذ کی گئی تھیں۔

[pullquote]روس کی جانب سے مغربی دنیا کو شدید دھمکی[/pullquote]

روسی سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ دیمیتری میدویدیف نے دھمکی دی ہے کہ ماسکو مغربی پابندیوں کے جواب میں مغربی اقوام کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے علاوہ امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے آخری معاہدے سے بھی نکل سکتا ہے۔ صدر ولادیمیر پوٹن کی سربراہی میں منعقدہ روسی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں میدویدیف نے کہا کہ روس اپنے ہاں سزائے موت بھی بحال کر سکتا ہے۔ روس میں گزشتہ ربع صدی سے موت کی سزا پر عمل درآمد پر پابندی عائد ہے۔ میدویدیف کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا روس کو تنہا کرنا چاہتی ہے۔

[pullquote]نائجر میں متعدد ’دہشت گرد‘ رہا کر دیے گئے[/pullquote]

افریقی ملک نائجر نے ملکی جیلوں میں قید متعدد ’عسکریت پسندوں‘ کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں دہشت گرد تنظیم بوکوحرام کے ارکان بھی شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مغربی افریقہ میں مفاہمتی عمل کو مضبوط بنانا ہے۔ صدر محمد بازوم نے جمعے کے روز سکیورٹی سے متعلقہ ایک میٹنگ میں شرکت کے بعد اس بارے میں اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’نو دہشت گرد رہنماؤں‘ کی نشاندی کی گئی ہے اور انہیں مکالمت کے لیے صدارتی محل میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

[pullquote]چوبیس سال بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں[/pullquote]

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم گزشتہ چوبیس برسوں میں اپنے پہلے دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اس دورے کے دوران یہ ٹیم تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ آسٹریلوی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی۔ سن 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں رک گئی تھیں تاہم پچھلے کچھ عرصے میں ایک مرتبہ پھر غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ حالیہ چند برسوں میں زمبابوے، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اورجنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان کے دورے کر چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے