منگل : یکم مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ساڑھے چھ لاکھ یوکرینی ملک سے فرار[/pullquote]

یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے تقریبا ساڑھے چھ لاکھ افراد ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔ صرف پولینڈ پہنچنے والے یوکرینی شہریوں کی تعداد تین لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ گزشتہ روز روسی فورسز نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی بھی ملک چھوڑنا چاہتا ہے، اسے جانے کی اجازت ہے۔ پولش نائب وزیر داخلہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے پولینڈ کی سرحد عبور کی ہے۔ ابتدائی جائزوں کے مطابق یوکرین چھوڑنے والے شہریوں کی تعداد کئی ملین تک پہنچ سکتی ہے۔

[pullquote]تمام ’اہداف کے حصول‘ تک یوکرین پر حملہ جاری رہے گا، روس[/pullquote]

روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کے مطابق روس یوکرین میں اُس وقت تک کارروائی جاری رکھے گا، جب تک اس کے ’’اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔‘‘ ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یوکرین کو ’غیر عسکری بنایا اور نازیوں سے پاک‘ کیا جائے گا۔ شائیگو کے مطابق ان کا مقصد روس کو’’مغربی ممالک کی طرف سے پیدا کردہ فوجی خطرے‘‘ سے بچانا ہے۔ دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ روسی افواج کا قافلہ دارالحکومت کییف کے مزید قریب پہنچ گیا ہے۔

[pullquote]فوجی اڈے پر گولہ باری سے 70 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک، صوبائی گورنر[/pullquote]

یوکرین کے ایک فوجی اڈے پر روسی گولہ باری کے نتیجے میں ستر سے زائد یوکرینی فوجی مارے گئے ہیں۔ علاقائی گورنر کے مطابق یہ بمباری پیر کے روز شمال مشرقی علاقے اوختیرکا میں کی گئی۔ یہ ایک ہی دن میں یوکرائنی فوج کا اب تک کا سب سے بڑا نقصان ہے۔ دوسری جانب یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملے کے بعد سے اب تک 530 سے زائد عام شہری بھی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔ مبصرین کے مطابق اگر لڑائی اسی طرح جاری رہی تو ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]یوکرین بحران، ایرانی سپریم لیڈر کی امریکا پر تنقید[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے یوکرین جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ بحران امریکہ کا پیدا کردہ ہے اور امریکہ ایسے ہی بحرانوں کی وجہ سے زندہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تنازعے کی وجوہات کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ اس سے مراد روس کا یہ مطالبہ ہے کہ یوکرین کو نیٹو اتحاد میں شامل نہ کیا جائے اور نیٹو مشرق کی جانب اپنی توسیع روک دے۔

[pullquote]ترک شہری کو ایئر انڈیا کا سی ای او بنانے پر آر ایس ایس ناراض[/pullquote]

ہندوقوم پرست تنظیم آر ایس ایس نے مودی حکومت سے ترک شہری محمد ایلکر آئجی کو ایئر انڈیا کا نیا سی ای او تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹاٹا گروپ نے خسارے میں چلنے والی بھارت کی قومی ایئرلائنز ایئرانڈیا کو 2.4 ارب ڈالر کے عوض جنوری میں خرید لیا تھا۔ اب ٹاٹا گروپ نے ٹرکش ایئرلائنز کے سابق چیئرمین محمد ایلکر آئجی کو ایئر انڈیا کے نئے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کا اعلان کیا تھا۔ ٹاٹا نے آئجی کو ’’ایوی ایشن انڈسٹری کا رہنما‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ایئر انڈیا کو ایک نئے دور میں لے جانے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔‘‘ آئجی ماضی میں ترکی کے صدر رجب طیبب ایردوآن کے مشیر رہ چکے ہیں۔

[pullquote]امریکہ، ایک شخص نے اپنے تین بچوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا[/pullquote]

امریکی چرچ میں ایک شخص نے پیر کے روز اپنے تین بچوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خود کشی کر لی ہے۔ ہلاک ہونے والے پانچویں شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی دوسرا شخص ملوث نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کی وجہ ایک گھریلو تنازعہ ہے۔ حکام کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان کا اس چرچ سے کوئی تعلق تھا۔ اس چرچ میں بالعموم انگلش، چینی اور ہسپانوی باشندے عبادت کے لیے آتے ہیں۔

[pullquote]روس کا 60 کلومیٹر طویل فوجی قافلہ یوکرینی دارالحکومت کی جانب بڑھتا ہوا[/pullquote]

روسی فوج کا گاڑیوں پر مشتمل تقریباً 60 کلومیٹر طویل قافلہ دارالحکومت کییف کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر کے مطابق ان گاڑیوں پر امدادی اور فوجی سامان لدھا ہوا ہے۔ ابھی تک یوکرینی فوج نے روسی فورسز کی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی کو سست رفتار بنا رکھا ہے۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ یوکرینی فورسز کب تک دارالحکومت کا دفاع کر سکیں گی۔ یوکرینی صدر ابھی تک دارالحکومت میں ہی موجود ہیں۔ دو دن قبل انہوں نے یہ علاقہ چھوڑنے کی امریکی پیش کش مسترد کر دی تھی۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں دو فلسطینی ہلاک[/pullquote]

گزشتہ شب اسرائیلی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مارے گئے ایک چھاپے کے دوران کم از کم دو فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں اٹھارہ اور بائیس برس تھیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ان کی فورسز جنین کے علاقے میں دہشت گردی کے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے داخل ہوئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد جنین میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا اور اسرائیلی فورسز نے جوابی فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ مقبوضہ مغربی علاقے میں لڑائی کے ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]ترکی نے آبنائے باسفورس کو جنگی جہازوں کے لیے بند کر دیا[/pullquote]

ترکی نے یوکرین جنگ کی وجہ سے آبنائے باسفورس اور درِ دانیال کو جنگی جہازوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق انقرہ حکومت نے ہمسایہ ممالک کو بحیرہ اسود کے ذریعے جنگی جہاز بھیجنے سے خبردار کر دیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے سن 1936 میں طے ہونے والے معاہدہ مونٹرے کا حوالہ دیا، جس کے مطابق ترکی بعض حالات میں خود فیصلہ کر سکتا ہے کہ آیا جنگ کے وقت آبناؤں کو بند کیا جائے۔ ترکی نیٹو اتحاد کا حصہ ہے اور اس نے یوکرین پر روسی حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

[pullquote]امریکہ کی یوکرائن کے لیے اربوں ڈالر کی امداد[/pullquote]

روسی حملوں کے جواب میں امریکہ یوکرین کے لیے ایک وسیع امدادی پیکج کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے کانگریس سے 6.4 بلین ڈالر کی فنڈنگ ​​کی منظوری کی درخواست دی ہے۔ اس کا مقصد یوکرین کو انسانی، اقتصادی اور فوجی مدد فراہم کرنا ہے۔ منگل کے دن اسٹیٹ آف دا یونین خطاب میں امریکی صدر کا مرکزی موضوع بھی یوکرین کی جنگ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ روز امریکہ نے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

[pullquote]کینیڈا نے بھی روسی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دیں[/pullquote]

کینیڈا بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے، جنہوں نے یوکرین پر حملے کے جواب میں روسی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ قبل ازیں یورپی یونین نے روسی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔ بعدازاں برطانیہ، ناروے، شمالی مقدونیہ اور آئس لینڈ بھی اس اقدام میں شامل ہو گئے تھے۔ جوابی کارروائی میں ماسکو نے روس کے اوپر سے پرواز کرنے والے یورپی ممالک کے طیاروں پر پابندی عائد کرنا شروع کر دی تھی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے