منگل : 15 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرین میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ یوکرین میں فوری جنگ بندی کے لیے تمام سفارتی رابطے کھلے رہنے چاہییں۔ اردن کے شاہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ سوال تمام طرح کے مذاکراتی طریقہ کار کو استعمال کرنے اور انہیں بحال رکھنے کا ہے تاکہ فوری جنگ بندی کو ممکن بنایا جا سکے۔ اولاف شولس نے یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں گزشتہ روز ترکی کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی تھی۔

[pullquote]روسی گھیرے میں آئے ہوئے یوکرینی شہر ماریوپول سے کچھ لوگ نکلنے میں کامیاب[/pullquote]

روسی فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے یوکرینی شہر ماریوپول سے، یوکرینی حکام کے مطابق گزشتہ روز قریب 160 کاریں نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔ قبل ازیں اس شہر سے عام لوگوں کو نکالنے کی متعدد کوششیں ناکام ہو گئی تھیں۔ دوسری طرف روس نے پیر کو بھی یوکرین کے مختلف حصوں میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ملک کے شمالی حصے میں ایک ٹی وی اسٹیشن بھی ان حملوں کا نشانہ بنا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ملک میں نافذ مارشل لا کی مدت اپریل کے آخر تک بڑھا دی ہے۔ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرینی فورسز نے روس نواز باغیوں کے قبضے میں موجود شہر ڈونیٹسک میں حملہ کیا ہے جس میں 20 لوگ مارے گئے۔ ادھر یوکرین اور روس کے مذاکرات کاروں کے درمیان گزشتہ روز بات چیت میں کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ مذاکرات کا یہ سلسلہ آج منگل کو بھی جاری رہے گا۔

[pullquote]ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے امریکا نے گارنٹی دے دی ہے، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو کو امریکا کی طرف سے ایرانی جوہری معاہدے کے تناظر میں تہران کے ساتھ تجارت کے حوالے سے گارنٹی موصول ہو گئی ہے۔ ماسکو کے دورے پر پہنچے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللھیان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ روس کو تحریری ضمانتیں موصول ہو گئی ہیں اور انہیں ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی کی دستاویز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یکطرفہ طور پر ایرانی جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے سبب مشکلات کے شکار اس معاہدے کو بچانے کے لیے ان دنوں مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ روس نے اس معاملے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]سائبر حملے کے نتیجے میں اسرائیل کی سرکاری ویب سائیٹس متاثر[/pullquote]

اسرائیل میں بظاہر سائبر حملے کے سبب متعدد سرکاری ویب سائیٹس بند ہو گئیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق بڑے پیمانے پر ہونے والے اس سائبر حملے نے حکومت کی متعدد ویب سائیٹس کو پوری طرح سے ناکارہ بنا کر رکھ دیا۔ وزارت دفاع نے سرکاری نشریاتی ادارے ’کے اے این ٹی وی‘ کو بتایا کہ ممکنہ طور پر اسرائیلی حکومت کے خلاف سائبر حملے کی وجہ سے اس کی بیشتر ویب سائیٹس کریش ہو کر رہ گئیں۔ یروشلم پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ مبینہ طور پر ایران سے وابستہ ایک ہیکر گروپ نے اس بظاہر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ پیر کے روز ہونے والے اس سائبر حملے کے سبب وزارت صحت، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کے لیے وزیر اعظم کا دفتر بھی بند ہو کر رہ گيا۔

[pullquote]روس کی مدد کے معاملے میں امریکا کا چین کو انتباہ[/pullquote]

یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں امریکا نے چین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ روس کو فوجی یا مالی مدد فراہم کرنے سے باز رہے۔ کریملن نے امریکی حکام کی ان رپورٹس کو رد کر دیا ہے کہ روس نے چین سے فوجی ساز وسامان فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ بیجنگ حکومت نے ایسی امریکی رپورٹس کو ’ڈس انفارمیشن‘ قرار دیا ہے۔ امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان نے چین کے روس کی طرف جھکاؤ کے تناظر میں گزشتہ روز سینیئر چینی سفارت کار ینگ جیچی کے ساتھ سات گھنٹے طویل ملاقات بھی کی۔

[pullquote]ترکی جلد ہی یوکرینی شہر ماریوپول سے اپنے شہریوں کو نکال لےگا[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی، یوکرینی شہر ماریوپول سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا کام آج یا کل سے شروع کر دے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتائی ہے۔ مولود چاؤش اولو کے مطابق ماریوپول سے ترک شہریوں کو نکالنے کی شرائط طے ہو رہی ہیں اور آج یا کل میں اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک یوکرین سے 14,800 ترک شہریوں کو نکالا جا چکا ہے۔

[pullquote]یوکرینی دارالحکومت کییف میں فضائی حملے، کم از کم دو افراد ہلاک[/pullquote]

روسی فورسز نے آج یوکرینی دارالحکومت کییف کے مختلف حصوں میں فضائی حملے کیے ہیں۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروس کی طرف سے فیس بُک پر بتایا گیا ہے کہ کییف کے مغربی حصے میں ایک 16 منزلہ عمارت پر حملے کے بعد ملبے سے دو لاشیں ملی ہیں جبکہ 27 دیگر افراد کو وہاں سے نکال لیا گیا۔ دوسری طرف جنگ سے بچنے کے لیے یوکرین چھوڑنے والے شہریوں کی تعداد، اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق 28 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ یوکرین کے نائب وزیر اعظم کے مطابق حملوں کی زد میں آئے ہوئے شہروں سے گزشتہ روز چار ہزار سے زائد شہریوں کو نکالا گیا۔

[pullquote]حادثاتی طور پر میزائل چلنے پر بھارت کا میزائلوں سے متعلق طریقہ کار پر نظرثانی کا اعلان[/pullquote]

بھارت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایک میزائل حادثاتی طور پر پاکستان میں جا گرنے کے بعد بھارت اپنے ہتھیاروں کے نظاموں کی دیکھ بھال اور استعمال سے متعلق طریقہ کار پر نظر ثانی کر رہا ہے۔ راج ناتھ سنگھ کے مطابق بھارت کی طرف سے بدھ نو مارچ کی شام دیکھ بھال کے عمل کے دوران ایک میزائل حادثاتی طور پر چل گیا تھا اور پاکستانی علاقے میں جا گرا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے پر تسلی کی بات یہ رہی کہ اس میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ پاکستان اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی عدالت کی طرف سے حجاب پر پابندی کا فیصلہ برقرار[/pullquote]

بھارت کی ایک عدالت نے کلاس روم میں حجاب پہننے پر عائد مقامی پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹکا میں ہندو قوم پرستوں کی طرف سے مسلم طالبات کے حجاب پہننے کے خلاف مظاہروں کے بعد مقامی عدالت نے کمرہ جماعت میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف دائر درخواستوں پر کئی ہفتوں کے غور وخوض کے بعد کرناٹکا کی ہائیکورٹ نے آج منگل کو اپنے فیصلے میں لکھا کہ حجاب ایک لازمی اسلامی ضرورت نہیں ہے اسی وجہ سے اس پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا جائے گا۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ میں ایک فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوجیوں نے آج منگل کو علی الصبح فائرنگ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو ہلاک جبکہ تین دیگر کو زخمی کر دیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے کے شہر نابلوس کے ایک مہاجر کیمپ میں چھاپے کے دوران پیش آیا۔ مرنے والے کی شناخت 16 سالہ نادر ریان بتائی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے اس واقعے کے بارے میں فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں منسوخ[/pullquote]

جرمنی کے ہوائی اڈوں پر تعینات سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے سبب پروازیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ جرمنی کے سب سے مصروف فرینکفرٹ ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مزدور یونین ’ویرڈی‘ کے مطابق ہڑتال کی وجہ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ ہے۔ یہ مزدور یونین جرمنی بھر کے ایئرپورٹس پر تعینات قریب 25 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وفاقی ایوی ایشن سکیورٹی ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ جرمنی کے دوسرے سب سے مصروف ایئرپورٹ میونخ کے علاوہ ہیمبرگ، اشٹٹ گارٹ، اور کالسروہے کے ایئرپورٹس پر بھی سکیورٹی اسٹاف ہڑتال پر ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے