بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات جاری، 1584 امیدوار بلامقابلہ منتخب

کوئٹہ: بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری ہے اس دوران 1584 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آج بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن بلوچستان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ پولنگ مٹیریل کی تقسیم بروقت مکمل ہوچکی، 32 اضلاع میں صبح 8 بجے سے ووٹنگ شروع ہوچکی ہے اور سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے 32 اضلاع میں بہت سے پولنگ اسٹیشنز دور دراز اور حساس علاقوں میں ہیں، 32 اضلاع میں 5226 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور ان اضلاع میں 16195 امیدواران ہیں، جن میں 132 خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ 32 اضلاع میں کل ووٹرز کی تعداد ساڑھے 35 لاکھ سے زائد ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے بلوچستان کے 32 اضلاع میں جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر مرکزی کنٹرول روم سے نگرانی کر رہے ہیں، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کوئٹہ میں قائم کردہ صوبائی کنٹرول روم سے پولنگ کے عمل کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، تمام مانیٹرنگ ٹیمیں بلوچستان کے 32 اضلاع میں متحرک ہیں۔

ترجمان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا گیا ہے عوام بے خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، آج گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی، کنٹرول روم کو اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔

[pullquote]تربت میں پولنگ میں تاخیر، دکی میں پولنگ میٹریل چھین لیا گیا[/pullquote]

شکایات سے متعلق ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکریٹریٹ میں مانیٹرنگ جاری ہے، اب تک 16 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 13 کو حل کرلیا گیا بقیہ 3 شکایات کو حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق تربت میں پولنگ دیر سے شروع ہونے پر شکایت موصول ہوئی، ضلعی دکی میں پولنگ میٹریل چھیننے کی شکایت پر ملی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور مانیٹرنگ ٹیم سے شکایات کے بارے میں دریافت کیا۔ ویڈیو لنک پر کوئٹہ کنٹرول روم میں اسپیشل سیکریٹری اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سے شکایات کے بارے میں استفسار کیا اور شکایات کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں موجود لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی، چیف الیکشن کمشنر، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور اسپیشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، پولنگ ختم ہونے کے بعد نتائج کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔

قبل ازیں کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ 2013 کے بعد کل بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہورہا ہے، صوبے کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے، کوئٹہ اور لسبیلہ میں ڈی لیمٹیشن کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔

فرح عظیم شاہ نے بتایا کہ انتخابی عمل کے لیے 4.3 ملین فنڈ جاری کیے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے آگاہی کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے، ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ عوام بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں، تمام اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل ہے، امیدواروں کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے