وزیراعظم سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلیے بلوچستان روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے بلوچستان روانہ ہو گئے۔ قبل ازیں موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم کا دورہ دو مرتبہ مؤخر کردیا گیا تھا۔

وزیراعظم بلوچستان کے دورے کے دوران جھل مگسی جائیں گے، جہاں وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم متاثرین کے لیے ریسکیو کارروائیوں، ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم کی سندھ، بلوچستان اور ملک کے دیگر شہروں میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے روانگی موسم کی خرابی کے سبب دو بار مؤخر ہوگئی تھی۔وزیراعظم نے طے شدہ شیڈول کے مطابق متاثرہ دیگر علاقوں کا دورہ کرنا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2 روز قبل سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی سے متعلق اقدامات کے لیے تفصیلی اجلاس کی صدارت کی تھی، جس میں سیلاب متاثرین میں مالی امداد تقسیم کرنے اور بحالے کے دیگر امور کا جائزہ لیا گیا تھا۔

وزیرِ اعظم نے بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ زخمیوں کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں کچے اور پکے متاثرہ گھروں کی امداد کو یکساں کرنے اور بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔

وزیراعظم نے متاثرین اور زخمیوں کی امداد 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اس کے علاوہ جزوی طور پر متاثرہ مکانات کی امداد 25 ہزار سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ اور مکمل طور پر متاثرہ گھروں کے لیے امداد 50 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

سیلاب متاثر ہ علاقوں میں ریلیف آپریشن اور بحالی کے اقدامات کے لیے وزیراعظم نے وزرا کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ پورے آپریشن کی موثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے