ڈالر اور سونے کی قیمت میں سلسل چوتھے روز کمی

[pullquote]ڈالر کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز کمی[/pullquote]

کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی جارہی ہے، ڈالر 2.61 روپے کمی سے 226.19 روپے کی سطح پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی کی امید کی جارہی ہے تاہم دن کے آغاز پر ڈالر میں 2.61 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز کاروباری دورانیے میں وقفے وقفے سے ڈالر کی قدر میں کمی کا رحجان رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 228روپے کی سطح پر آگئے تھے تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 9.58روپے کی بڑی نوعیت کی کمی سے 228.80روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 11.50 روپے گھٹ کر 229 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری ہوچکی ہیں لہٰذا اب صرف رواں سال کے لیے 4 ارب ڈالر کے مطلوبہ سرمائے کی کمی کو پورا کرنا باقی ہے جسکا انتظام ہونے سے آئی ایم ایف حکام کی جانب سے مطلوبہ قسط جاری ہوجائے گی۔

ڈالر کی قیمت میں کمی ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے، 100 انڈیکس بڑھ کر 41 ہزار 500 کی سطح پر آگیا ہے جبکہ 474 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی ہے۔

[pullquote]سونے کی فی تولہ قیمت میں 8 ہزار روپے سے زائد کی کمی[/pullquote]

کراچی: ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 8600روپے کمی کے بعد 145300روپے ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 14ڈالر کی کمی سے 1766 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے بعد ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 8600روپے اور 7373روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔

سونے کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 8600روپے سے گھٹ کر 145300روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 7373روپے سے گھٹ کر 124571روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20روپے گھٹ کر 1620روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 17.15روپے گھٹ کر 1388.88روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے