آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 173 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
بھارت کی جانب سے اجینکیا راہانے 89، شردل ٹھاکر 51 اور رویندرا جڈیجا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، روہت شرما 15 جبکہ چتیشور پجارا اور ویرات کوہلی 14، 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شبمن گل اور محمد شامی 13 ، 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سری کار بھارت اور امیش یادیو نے 5، 5 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ ناتھن لیون کے حصے میں آئی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 رنز اسکور کیے تھے جس میں ٹریوس ہیڈ نے 163 اور اسٹیو اسمتھ نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں تھیں۔