بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کے زیرِ اہتمام نامور بلوچی گلوکار استاد امام بخش مجنوں کے اعزاز میں آرٹس کونسل کراچی میں ایک شاندار موسیقی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سندھ، بلوچستان، خلیجی ممالک اور ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں سوسائٹی کے صدر خلیل تگرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی جیسے مصروف شہر میں عوام کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کی ثقافتی اور ادبی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اپنے قومی فنکاروں اور گلوکاروں سے محبت کرتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
تقریب کی نظامت اسحاق خاموش نے کی۔
استاد امام بخش مجنوں کی زندگی، فن اور خدمات پر منعقدہ پینل ڈسکشن میں استاد نور محمد نورل، انجینئر داؤد کلمتی اور اسحاق خاموش نے ان کی فنی خدمات، بلوچی موسیقی کے فروغ میں ان کے کردار اور نئی نسل کے لیے ان کی خدمات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر استاد امام بخش مجنوں نے بھی اپنی فنی زندگی کے سفر، تجربات اور یادگار لمحات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ پینل ڈسکشن کے موڈریٹر ایڈووکیٹ وحید نور تھے۔
اس موقع پر بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کی جانب سے شائع ہونے والے سہ ماہی ادبی و ثقافتی جریدے "زیمر” کی بھی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔ رونمائی کی تقریب میں سوسائٹی کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جن میں:
• صدر: خلیل تگرانی
• نائب صدر: وحید نور
• جنرل سیکریٹری: اسحاق رحیم
• جوائنٹ سیکریٹری: اشرف محمود
• سیکریٹری اطلاعات و نشریات: اسحاق خاموش
• ایگزیکٹو کونسل کے اراکین: داؤد کلمتی، نادر قدوس، عارف حکیم، رفیق جمعہ، ظریف زادگ اور ظفر اکبر
شامل تھے۔
اس موقع پر اسحاق رحیم نے حال ہی میں انتقال کر جانے والے مغربی بلوچستان کے معروف دونلی نواز شیر محمد اسپندار کی زندگی اور فنی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور اعلان کیا کہ جریدہ "زیمر” کے آئندہ شمارے میں ان کی شخصیت، دونلی نوازندگی اور فنی خدمات پر خصوصی مواد شائع کیا جائے گا۔
بعد ازاں تقریب میں استاد امام بخش مجنوں کی زندگی اور فن پر اسحاق خاموش کی تحریر و ہدایت میں تیار کی گئی دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) پیش کی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
موسیقی کے حصے میں استاد نور محمد نورل، استاد امام بخش مجنوں، سلیم بلوچ، عارف نور، جہانزیب عطا اور صمد مجید نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فنکاروں کی بہترین پرفارمنس پر حاضرین نے بھرپور داد دی اور انہیں خوب سراہا۔
تقریب میں نیشنل پارٹی کے صدر اور بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سابق سینیٹر میر اکرم دشتی، پارلیمانی سیکریٹری برائے توانائی میر اصغر رند، سابق رکن بلوچستان اسمبلی لالا رشید دشتی، جسٹس شکیل بلوچ، مبارک علی بلوچ، قادر بخش کلمتی، ڈاکٹر غلام جان بلوچ، انجینئر امام بخش، رحمدل بائیان، واجہ ابوالحسن، لطیف آزاد، ڈاکٹر غفور شاد، فضل بلوچ، گلزار دوست، ظریف رند، شہزادہ حاتم ایاز، رستم ایڈووکیٹ، مراد اسماعیل، اکرم بلوچ، کراچی پریس کلب کے سابق صدر سعید سربازی، عارف بلوچ، صادق مری، عبدالرؤف روفی، مجید صالح، اکبر ولی اور معروف مصور جمیل امام سمیت بلوچی اکیڈمی کوئٹہ، عزت اکیڈمی پنجگور، اوست ویلفیئر آرگنائزیشن، احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات، شعراء، ادباء، صحافی، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسحاق خاموش
سیکریٹری اطلاعات و نشریات
بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی