یوم قرارداد پاکستان کے لحاظ سے پریڈ گراونڈ شکر پڑیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ مضبوط افواج قوموں کی بقا اور سلامتی کے لیے ضروری ہو چکی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی شکل میں ایک نئے دشمن کا سامنا ہے جو اس ملک کی ترقی اور استحکام کے خلاف ہے.
صدر مملکت نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف محاذ پر بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو خوشخبری دے رہے ہیں شمالی وزیرستان جلد دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا تاہم منزل پورے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہے ۔ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے مسائل کی اہم وجہ میرٹ کی خلاف ورزی ، اقربا پروری اور قانون کی پامالی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت جہالت کے خاتمے اور عوام کو سماجی انصاف کی فراہمی کے لیے بھی کام کر رہی ہے .
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جہالت کے خاتمےاور سماجی انصاف کی فراہمی ضروری ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم صحیح معنوں میں اسلامی جمہوری مملکت بننے میں کامیاب ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا لیکن دشمن کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان کی جانب کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو برداشت نہیں کریں ۔ انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور اس مسئلے کا سفارتی حل چاہتے ہیں ۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا ۔
اس موقع مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا .
[pullquote]ابتدائی فوٹیج دیکھئے .[/pullquote]
https://www.youtube.com/watch?v=iA060REZEhM
تقریب میں صدر مملکت ، وزیر اعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سمیت پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی موجود تھے .تقریب میں مسلح افواج کے دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی .
تقریب میں پاکستان کا قومی نعرہ "نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد بھی لگایا گیا جس کا جواب تقریب میں شریک لوگوں نے کھڑے ہو کر ہاتھ فضا میں بلند کر کے دیا .
تقریب میں کشمیر ، گلگت بلتستان ، سندھ ، پنجاب ، خیبر پختون خواہ، قبائلی علاقہ جات اور پنجاب کے ثقافتی رنگ پیش کئے گئے . روایتی رقص پیش کئے گئے .
یوم پاکستان آج پورے قومی جوش و جذبےکے ساتھ منایا جارہا ہے۔ پاکستانیوں کیلئے آج تجدید عہد کا اور سوچنے کا دن ہے،جودو قومی نظریہ پر تشکیل پاکستان کی قرارداد کا بھی دن ہے،
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔
تیئس مارچ کا دن وطن عزیز پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 23 مارچ 1940 ء کو لاہور میں واقع منٹو پارک موجودہ اقبال پارک میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی ۔ 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظمؒ کی زیر صدارت منظور کی گئی قرارداد پاکستان نے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی تھی جس سے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا،23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا اعلان سرکاری طور پر کیا جاتا ہے۔
قیام پاکستان کے 13 سال بعد قراداد لاہور کی یاد میں منٹو پارک میں ایک یادگار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، مغربی پاکستان کے گورنر اختر حسین نے آزادی کی اس یادگار کو مینار پاکستان کا سنگ بنیاد 23 مارچ 1660ء کو ایک سادہ سی تقریب میں ٹھیک اسی جگہ رکھا جہاں 1940ء میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا تھا۔