سردار مہتاب عباسی مشیر ہوا بازی مقرر

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے سابق گورنر سردار مہتاب احمد عباسی کو وزیراعظم نواز شریف کا مشیر ہوا بازی مقرر کردیا گیا۔

کابینہ ڈویژن نے صدر مملکت ممنون حسین کی منظوری کے بعد سردار مہتاب احمد کی وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سردار مہتاب احمد خان پی آئی اے کے چیئرمین بھی ہوں گے، جن کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

وزیراعظم نواز شریف سے سردار مہتاب کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی۔

سردار مہتاب احمد خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ، قائد حزب اختلاف، گورنر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

سردار مہتاب احمد نے پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کے لیے فروری 2016 میں گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

دسمبر 2015 میں سابق مشیر ہوابازی کیپٹن (ر) شجاعت عظیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے شجاعت عظیم کے حوالے سے ان تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ وہ دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کا اُس وقت کورٹ مارشل بھی کیا گیا، جب وہ پاکستان ایئرفورس میں کام کررہے تھے، شجاعت عظیم کو عدالت عظمیٰ نے طلب کرکے اس حوالے سے وضاحت کرنے کو کہا تھا کہ انھوں نے مشیر ہوا بازی جیسے حساس منصب کو کیوں قبول کیا تھا۔

جس کے بعد شجاعت عظیم نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے