ہائیکورٹ کا اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کو دھرنا ختم کرنے کا حکم

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 8 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں ختم نبوت کی شقوں میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ معاملہ جب عدالت میں آگیا تو خدا کا خوف کریں جب کہ چیف جسٹس کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے ان پر معافی مانگیں، نیکی کا کام غلط طریقے سے کیا جائے تو وہ غلط ہوتا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس شوکت صدیقی نے مذہبی جماعت کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ لوگ قانون کی پابندی کریں، آپ کی پٹیشن دھرنا ختم کرنے سے مشروط ہوگی۔ عدالت نے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا ختم کریں تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں، دھرنے سے بچے، بوڑھے، ملازمین، طالب علم سب متاثرہو رہے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 8 روز سے مذہبی جماعتوں نے دھرنا دے رکھا ہے جس میں ختم نبوت کی شقوں میں ردو بدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے