ہفتہ : یکم دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بش سینیئر چورانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے[/pullquote]

سابق امریکی صدر جارج بش (سینیئر) چورانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے بیٹے اور سابق امریکی صدر جارج والکر بش نے ٹویٹر پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ہیوسٹن شہر میں واقع اپنے گھر میں آخری سانسیں لی۔ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے بش1981ء سے 1989ء تک صدر رونالڈ ریگن کے نائب صدر تھے اور پھر چار سال یعنی 1993ء تک وہ اکتالیسویں امریکی صدر کے منصب پر فائز رہے۔ وہ دوسری مدت کا الیکشن بل کلنٹن کے مقابلے پر ہار گئے تھے۔ جارج ہیربرٹ والکر بش کو پہلی خلیجی جنگ کے ساتھ ساتھ مشرقی اور مغربی جرمنی کے انضمام کے حوالے سے بھی یاد رکھا جائے گا۔ وہ 1924ء میں میساچیوسٹس میں پیدا ہوئے تھے۔

[pullquote]حدیدہ میں زوردار جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا[/pullquote]

یمن کے اسٹریٹیجک نوعیت کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں متحارب فریقین کے درمیان پھر سے جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ان جھڑپوں میں دس افراد کے مارے جانے کا بتایا ہے۔ جھڑپوں کے علاقے حدیدہ کے مشرقی اور جنوبی حصے ہیں۔ اس بندرگاہی شہر میں اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گرفتھس کی کوششوں سے گزشتہ ماہ کی تیرہ تاریخ سے کمزور سے فائربندی جاری تھی۔ حدیدہ کے شہر پر حوثی ملیشیا کو کنٹرول حاصل ہے اور سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد اس شہر کا قبضہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]ورلڈ ایڈز ڈے[/pullquote]

دنیا بھر میں آج یکم دسمبر کو ایڈز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ یو این ایڈز کے مطابق ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد سینتیس ملین کے لگ بھگ ہے۔ تاہم یو این ایڈز پروگرم نے خبردار بھی کیا ہے کہ اس بیماری کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی کوششیں سست روی کا شکار ہو رہی ہیں۔ یہ دن اس مہلک بیماری اور ایچ آئی وی وائرس کے خلاف آگاہی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایڈز کا شکار ہونے والوں کو بھی یاد کیا جاتا ہے۔ یہ دن سن 1988 سے باقاعدہ طور پر ہر سال اقوام عالم میں منایا جاتا ہے۔

[pullquote]ایران نے ملک میں تیارہ شدہ جنگی جہاز سمندر میں اتار دیا[/pullquote]

ایران نے ملک کے اندر تیار کیا جانے والے تباہ کن قسم کا جنگی بحری جہاز سمندر میں اتار دیا گیا ہے۔ایرانی ٹیلی وژن کے مطابق اس جہاز کی تیاری پر چھ برس کا عرصہ لگا۔ اس کا وزن تیرہ سو ٹن اور لمبائی چھیانوے میٹر ہے۔ شمالی ایران میں ایک بلند پہاڑ ساہند کے نام پر جہاز کا نام رکھا گیا۔ اس جہاز پر ہیلی پیڈ کے علاوہ راڈار نظام بھی نصب ہے۔ ساہند پر زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل نظام کو بھی نصب کیا گیا ہے۔ یہ جہاز پچیس ناٹ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیشی پارلیمانی انتخابات: امریکا مبصرین روانہ کرے گا[/pullquote]

امریکا بنگلہ دیشی پارلیمانی انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے مبصرین روانہ کرے گا۔ ڈھاکا میں امریکی سفارت خانے کے مطابق کل بارہ امریکی ٹیمیوں کو اس سلسلے میں ہزاروں مقامی مبصرین کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔ موجودہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد مسلسل تیسری مرتبہ الیکشن جیت کر منصب وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کی توقع رکھتی ہیں۔ اُن کی حریف سیاستدان خالدہ ضیا اس وقت بدعنوانی کے الزامات کے تحت سزائے قید بھگت رہی ہیں۔ خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اپنے لیڈر کی قید کو سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیتی ہے۔ سن 2014 کے پارلیمانی انتخابات کا خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت نے بائیکاٹ کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش میں رواں برس تیس دسمبر کو پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔

[pullquote]یوکرائنی بارڈر کنٹرول کا پہلا دن، ایک سو روسیوں کو انٹری نہیں دی گئی[/pullquote]

یوکرائنی حکومت نے روس کے ساتھ جڑی سرحد پر نگرانی کا عمل سخت کر دیا ہے۔ بارڈر کنٹرول کے پہلے دن کم از کم ایک سو روسی شہریوں کو یوکرائن میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ یوکرائنی بارڈر کنٹرول محکمے کے ترجمان نے اس مناسبت سے بتایا ہے کہ انٹری نہ دینے کی کئی وجوہات تھیں۔ دوسری جانب روس نے بھی جواباً ایسی ہی پابندی عائد کر دی ہے اور اس کے تحت چالیس یوکرائنی شہریوں کو اپنے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بارڈر کنٹرول کا نفاذ روس اور یوکرائن کے درمیان بحیرہ آزوف میں پیدا ہونے والے تنازعے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]چین سعودی عرب میں اصلاحاتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا، چینی صدر[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ کے مطابق سعودی عرب کا استحکام خلیج فارس کے علاقے میں امن و خوشحالی و ترقی کے لیے اہم ہے۔ ارجنٹائن میں جاری جی ٹوئنٹی سمٹ کے حاشیے میں چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا۔ پنگ نے واضح کیا کہ اُن کا ملک سعودی عرب میں اقتصادی کثیر الجہتی و معاشرتی اصلاحات کے عمل کی بھرپور حمایت و تائید کرتا ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد پر واضح کیا کہ چین ہمیشہ سے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ہلاک ہونے والے تینوں امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکا پہنچ گئیں[/pullquote]

افغان صوبے غزنی میں ایک بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے تینوں امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکا پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی پرچم میں لپٹے ہوئے ان تابوتوں کو لے کر ایک خصوصی پرواز ڈیلاویر شہر کے ڈوور ایئر فورس بیس پر پہنچی۔ اس موقع پر سوگوار خاندان کے افراد کے علاوہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ فوجی ستائیس نومبر کو ایسے علاقے میں ہلاک ہوئے تھے، جہاں طالبان کی سرگرمیوں کو غیر معمولی قرار دیا جاتا ہے۔ پینٹاگون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کے ایک اور وزیر بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں مستعفی[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے کے ایک اور وزیر سیم جائما (Sam Gyimah) نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جائما نے اپنے فیصلے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بریگزٹ پلان سے اجتماعی نقصان ہو گا اور یہ ملک اپنی حیثیت گنوا سکتا ہے۔ وہ یونیورسٹیوں اور سائنسی امور کے نگران وزیر تھے۔ بریگزٹ منصوبے کی مخالفت میں کابینہ سے استعفیٰ دینے والے وہ نویں وزیر ہیں۔ جائما نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ مے کی بریگزٹ ڈیل کسی بھی صورت میں برطانیہ کے مفاد میں نہیں۔ بریگزٹ ڈیل پر برطانوی دارالعوام میں گیارہ دسمبر کو رائے شماری ہو گی۔

[pullquote]شمالی کوریائی فوجی منحرف ہو کر جنوبی کوریا پہنچ گیا[/pullquote]

جنوبی کوریا کی فوج نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کا ایک فوجی منحرف ہو کر سخت سکیورٹی کی سرحد کو عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ جنوبی کوریائی فوج کے بیان میں منحرف ہونے والے اس فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم یہ ضرور بتایا ہے کہ وہ اس وقت فوج کی تحویل میں ہے۔ اس فوجی کے سرحد عبور کرنے کے موقع پر شمالی کوریا کی فوج نے فائرنگ نہیں کی تھی۔ اس سے قبل رواں برس مئی میں دو شمالی کوریائی باشندے فرار ہو کر جنوبی کوریا پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کے باوجود چینی ایکسپورٹ میں اضافہ[/pullquote]

چین کی کسٹم انتظامیہ نے بتایا ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کے باوجود اُس کی ملکی ایکسپورٹ میں پندرہ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس چینی برآمدات و درآمدات کا حجم تقریباً اٹھائیس ٹریلین یوان یا چار بلین امریکی ڈالر کے مساوی تھا۔ رواں برس اب تک غیر ملکی تجارت کا حجم بتیس ٹریلین یوان کے قریب پہنچ چکا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے تجارتی عمل میں نامناسب طریقے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چینی مصنوعات پر ڈھائی سو بلین ڈالر کے اضافی محصولات کا نفاذ کر رکھا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے