اتوار : 02 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہنگامی حالت نافذ کی جا سکتی ہے، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ پیرس میں جاری پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں ہنگامی حالت نافذ کی جا سکتی ہے۔ قبل ازیں ماکروں نے اتوار کے دن ہی سکیورٹی اداروں کے سربراہوں سے خصوصی ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور بھی کیا۔ ہفتے کے دن تقریبا پانچ ہزار مظاہرین نے پیرس کے تاریخی آرک دے ٹریومف پر مظاہروں کے دوران لوٹ مار کی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔ جواب میں پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا۔ پولیس نے سو مظاہرین کو حراست میں بھی لیا ہے۔

[pullquote]جکارتہ میں کٹر نظریات کے حامل مسلمانوں کا بڑا احتجاج[/pullquote]

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اتوار کے دن کٹر نظریات کے حامل مسلمانوں نے ایک بڑے مظاہرے کا اہتمام کیا، جس میں تقریبا ایک لاکھ افراد شریک ہوئے۔ یہ عوامی ریلی جکارتہ کے مسیحی گورنر کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے دو برس مکمل ہونے پر منعقد کی گئی۔ بڑے عوامی مظاہروں کے نتیجے میں گورنر باسوکی یحییٰ پورناما کو اپنے عہدے سے الگ ہونا پڑا تھا۔ ان پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ آئندہ برس انڈونیشیا کے الیکشن سے قبل ملک میں کٹر نظریات کے حامل مسلمانوں کے سیاسی اتحاد کو مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

[pullquote]خالدہ ضیاء نااہل ہیں، بنگلہ دیشی حکومت[/pullquote]

بنگلہ دیش کی اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو آئندہ الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ چونکہ وہ بدعنوانی کے دو الزامات کے تحت جیل کی سزا کاٹ رہی ہیں، اس لیے وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ بنگلہ دیش میں تیس دسمبر کو پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ خالدہ ضیاء کو گزشتہ فروری میں دس سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی تاہم وہ ان الزامات کو سیاسی قرار دیتی ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم رشوت وصول کرنے، فراڈ اور اعتماد شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، پولیس[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے ملکی اٹارنی جنرل سے سفارش کی ہے کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اُن کی بیوی سارہ رشوت وصول کرنے، فراڈ اور اعتماد شکنی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ اسرائیلی پولیس نے ایسی سفارشات تیسری مرتبہ ملکی اٹارنی جنرل کو پیش کی ہیں۔ ان سفارشات پر اٹارنی جنرل نے طے کرنا ہے کہ آیا عدالتی کارروائی کا آغاز باضابطہ طور پر شروع کیا جائے۔ رواں برس فروری میں بھی پولیس نے اپنی تفتیش کے بعد بینجمن نیتن یاہو پر کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔ پولیس کے مطابق وزیراعظم نے ٹیلی کام ادارے بیزیق کو بھی خلاف ضابطہ رعایت فراہم کی تھی۔

[pullquote]سعودی ولی عہد الجزائر کے دورے سے قبل موریطانیہ پہنچ گئے[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان غیر اعلانیہ دورے پر افریقی ملک موریطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ موریطانیہ کے دارالحکومت نواک شوط کے ہوائی اڈے پر صدر محمد ولد عبد العزیز نے سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔موریطانیہ میں اُن کی مصروفیات کی تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں۔ ایسا امکان ہے کہ موریطانیہ میں چند گھنٹے قیام کے بعد اتوار دو دسمبر کی شام تک پرنس محمد بن سلمان ایک اور شمالی افریقی ملک الجز ائر پہنچ جائیں گے۔ سعودی ولی عہد جی ٹوئنٹی سمٹ میں شریک ہونے سے قبل متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور تیونس کے دورے مکمل کر چکے ہیں۔ اس کا قوی امکان ہے کہ سعودی ولی عہد الجزائر کے بعد مراکش میں مختصر قیام کریں۔

[pullquote]ایرانی میزائل پروگرام دفاعی ہے، تہران حکومت[/pullquote]

ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ اُس کی میزائل سازی کلی طور پر دفاعی نوعیت کی ہے اور یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ تہران حکومت کا یہ بیان اُس امریکی الزام کے جواب میں ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ایک نیا میزائل تجربہ کیا ہے۔ ہفتہ پہلی دسمبر کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی میزائل ٹیسٹ کی مذمت کی تھی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کے مطابق ملکی میزائل پروگرام پوری طرح دفاعی نوعیت کا ہے اور سلامتی کونسل نے میزائل سازی سے منع نہیں کیا ہے۔

[pullquote]امریکی نیوی کے اعلیٰ افسر کی بحرین میں پراسرار ہلاکت[/pullquote]

امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹیرنی بحرین میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ وہ بحرین میں متعین امریکی پانچویں بحری بیڑے کے کمانڈر، مشترکہ سمندری نگرانی کی افواج کے سربراہ اور امریکی سینٹرل کمانڈ کی بحری افواج کے کمانڈر بھی تھے۔ امریکی فوج کے عسکری آپریشنز کے سربراہ ایڈمرل جان رچرڈسن نے رحلت پانے والے نیول افسر کو ایک شاندار فوجی افسر قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ہلاکت میں بظاہر کوئی مشتبہ کارروائی نظر نہیں آتی۔ بحرینی وزارت داخلہ اور امریکی نیول کریمینل انویسٹیگیٹو سروس نے مشترکہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ وائس ایڈمرل اسٹیرنی کا تعلق شکاگو سے تھا۔

[pullquote]آسٹریلوی جنگلی جھاڑیوں کی آگ شدید ہوتی ہوئی[/pullquote]

آسٹریلیا میں شدید گرمی کی وجہ سے جنگلی جھاڑیوں میں لگی ہوئی آگ اب زیادہ شدید ہو گئی ہے۔ حکومت نے شمالی آسٹریلیائی شہر برسبین کے نواحی دیہات کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ وسطی اور شمالی کوئنز لینڈ کے وسیع علاقے میں لگی ہوئی آگ نے کئی مقامات پر سڑک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے کر ہر قسم کی ٹریفک کو معطل کر دیا ہے۔ جنگلی جھاڑیوں کی آگ ایک سو پندرہ مختلف مقامات پر لگی ہوئی ہے۔ ان جھاڑیوں میں آگ کے پھیلنے کی وجہ تیز رفتار ہوا بتائی گئی ہے۔ اسی آگ کی لپیٹ میں آ کر اکیس برس کا ایک نوجوان ہلاک ہو گیا ہے۔

[pullquote]امریکا اور چین کی تجارتی جنگ کی شدت میں کمی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نئے اضافی محصولات عائد کرنے کے معاملے کو نوے دن تک ملتوی کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ ارجٹنائن میں جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے حاشیے میں ہونے والی ملاقات کے بعد امریکی اور چینی صدور نے کہا کہ عالمی تجارتی ضوابط میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے بقول فی الحال مزید اضافی محصولات عائد نہیں کیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں نئی اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ واشنگٹن اور بیجنگ گزشتہ مہینوں کے دوران ایک دوسرے کی مصنوعات پر اربوں ڈالر کے محصولات عائد کر چکے ہیں۔

[pullquote]صومالیہ میں امریکی حملہ، نو شدت پسند ہلاک[/pullquote]

سیاسی عدم استحکام کا شکار افریقی ملک صومالیہ میں کیے گئے ایک امریکی حملے میں کم از کم نو شدت پسند مارے گئے ہیں۔ عسکری افریقی کمانڈ افریکوم (Africom) نے بتایا ہے کہ لبیدے کے علاقے میں کیے گئے اس فضائی حملے میں الشباب نامی جہادی تنظیم کے سرگرم شدت پسندوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ افریکوم کے مطابق جمعہ تیس نومبر کو کیے گئے اس حملے کی تفصیلات ابھی تک پوری طرح سامنے نہیں آئی ہیں اور موصولہ اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ افریکوم نے مزید کہا کہ حملے میں کوئی عام شہری ہلاک نہیں ہوا ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں بائیں بازو کے صدر نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

میکسیکو میں بائیں بازو کے اسٹیبلشمنٹ مخالف آندریس مانوئل لوپیز اوبراڈور عرف آملو (AMLO) نے نئے سربراہ مملکت کا حلف اٹھا لیا ہے۔ آملو نے حلف برداری سے قبل ہی ملک میں بڑے پیمانے پر اور فوری تبدیلیاں لانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی تنخواہ ساٹھ فیصد کم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پینسٹھ سالہ لوپیز اوبراڈور نے ملک میں جرائم اور بدعنوانی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی لانے کے بیانیے پر اپنے حریفوں پر حیران کن کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ میکسیکو سٹی کے سابق میئر بھی رہ چکے ہیں۔ میکسیکو میں گزشتہ نواسی برسوں سے دو جماعتیں ہی حکومت کرتی آ رہی تھیں۔

[pullquote]انڈونیشیا: سخت عقیدے کے ہزاروں مسلمانوں کا مظاہرہ[/pullquote]

انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں کٹر عقیدے کے ہزاروں مسلمانوں نے شہر کے مسیحی گورنر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ اس مظاہرے میں قوم پرست سابق فوجی جنرل پرابووو سُوبیانتو (Prabowo Subianto) بھی شریک تھے۔ سُوبیانتو کے کٹر مذہبی تنظیموں کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔ وہ اگلے برس کے صدارتی الیکشن کے امیدوار بھی ہیں۔ انڈونیشیا میں سخت عقیدے کے حامل مسلمانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور یہ اگلے برس کے صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ موجودہ صدر جوکو ویدودو نے عوام کے مذہبی احساسات کے تناظر میں الیکشن کے لیے ایک مذہبی عالم معروف امین کو نائب صدر منتخب کیا ہے۔

[pullquote]مظاہروں میں تسلسل رہا تو ایمرجنسی پر غور کیا جا سکتا ہے، فرانسیسی حکومت[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے واضح کیا ہے کہ بدامنی جاری رہنے کی صورت میں حکومت سرکاری املاک اور عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے تناظر میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کر سکتی ہے۔ حکومتی ترجمان نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا کہ نقاب پوش نوجوانوں کے گروہوں نے دھاتی سلاخوں اور کلہاڑیوں سے مسلح ہو کر وسطی پیرس میں املاک کو نقصان پہچانے کے ساتھ ساتھ درجنوں موٹر کاروں کو نذر آتش بھی کیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ہنگامی حالت نافذ کرنے کا فیصلہ صدر ایمانوئیل ماکروں اپنے وزیراعظم کے ساتھ مشاورت سے کریں گے۔

[pullquote]اصلاحات کے حامی خاتون صحافی کو سزائے قید سنا دی گئی[/pullquote]

ایک ایرانی عدالت نے اصلاحات کی حامی خاتون صحافی ہنگامہ شہیدی کو تقریباً تیرہ برس کی سزائے قید سنائی ہے۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی اسنا (ISNA) کے مطابق شہیدی انقلابی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کا حق رکھتی ہے۔ ان پر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ انقلابی عدالت نے ان الزامات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ تینتالیس برس کی شہیدی رواں برس جون سے جیل میں مقید ہیں۔ وہ گرفتاری سے قبل آزادانہ طور پر سوشل میڈیا پر خاصی فعال تھیں۔ بیباک صحافتی سرگرمیوں کی وجہ سے وہ پہلے بھی کم مدتی سزائیں بھگت چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے